پاکستانی نژاد آسٹریلین عبداللہ خان کے لئے آرڈر آف آسٹریلیا ایوارڈ کا اعلان

484

تعلیم اور پولیس کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر پاکستانی نژاد آسٹریلین عبداللہ خان کے لئے آرڈر آف آسٹریلیا ایوارڈ کا اعلان

ویسٹرن آسٹریلیا میں رہائش پذیر پاکستانی نژاد آسٹریلین عبداللہ خان کو اس سال ان کی کمیونٹی کے لیے کی گئی نمایاں خدمات کے سلسلے میں ’’آرڈر آف آسٹریلیا‘‘ کا میڈل ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔ یہ ایوارڈ اُن آسٹریلین کو دیا جاتا ہے جنہوں نے مختلف شعبوں میں کار ہائے نمایاں انجام دیے ہو۔ عبداللہ خان کو تعلیم اور پولیس کے شعبے میں متنوع کمیونٹیز کے لیے خدمات کے صلہ میں آرڈر آف آسٹریلیا سے نوازا جائے گا۔

آسٹریلیا میں اپنی مذہبی اور ثقافتی شناخت قائم رکھتے ہوئے معاشرے کا حصہ بننا ہی آسٹریلین معاشرت کی خوب صورتی ہے۔ عبداللہ خان ایک معروف اور ہردل عزیز تعلیمی شخصیت اور مسلمان برادری کے رہنما ہیں۔ اس حوالے سے مغربی آسٹریلیا ، پرتھ سے، ڈاکٹر حمزہ امیرہ جو آسٹریلین اسلامک کالج (پرتھ) کے چیئرمین ہیں، نے کہاہے کہ عبداللہ کو آرڈر آف آسٹریلیا میڈل اسلامی تعلیمی خدمات کے لیے قابل قدر اور طویل خدمات کی وجہ سے دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر امیرہ نے کہا کہ یہ ایوارڈ ریاست میں ثقافتی افہام و تفہیم اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے، خاص طور پر اسلامی تعلیم کے شعبے میں عبداللہ کی انتھک کوششوں کے لیے خراج تحسین ہے۔

عبداللہ خان تعلیم کے شعبوں میں گزشتہ تین دہائیوں سے سرگرم رہے ہیں جب کے یہ اسلامی اسکولوں میں مختلف سینئر لیڈرشپ کے عہدوں پر فائز ہیں۔وہ اقلیتی برادریوں کے حقوق کے لیے ایک مضبوط وکیل ہیں اور ایک دہائی سے زاید عرصے سے اسلامک اسکولز ایسوسی ایشن آف آسٹریلیا کے چیئرمین کے طور پر رضاکارانہ طور پر اسلامی تعلیم کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔وہ ہمیشہ سماجیت میں مختلف طبقات کے ساتھ تنوع اور شمولیت کو فروغ دینے کے لئے بنیادی طور پر متعدد کمیونٹیز کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔

2016 میں ، انہیں آسٹریلین کونسل فار ایجوکیشنل لیڈرز (ACEL) کا آنریری فیلوشپ اور 2019 میں انہیں ویسٹرن آسٹریلین ملٹی کلچرل آوٹ اسٹینڈنگ انڈویجوئل اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ عبداللہ خان نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسا باوقار اعزاز حاصل کرنے پر بے حد اعزاز اور عاجزی محسوس ہوئی ہے۔میرے لیے یہ صرف ایک انفرادی ایوارڈ نہیں ہے بلکہ مغربی آسٹریلیا میں کثیر الثقافتی کمیونٹیز کے تعاون اور ہمارے معاشرے کو تقویت دینے میں ان کے اہم کردار کا اعتراف بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں آسڑیلیا میں گزشتہ 33 برس سے ایجوکیشن کے ساتھ منسلک ہوں،میں ٹیچر ، پرنسپل ، اور موجودہ پوزیشن میری اسلامک کالج میں گزشتہ 11 سال سے ایگزیکٹو پرنسپل کے طور پر کام کر رہا ہوں اس کے علاوہ آسٹریلیا میں ہمارے 70 سے زیادہ اسلامک اسکولز اور ہماری ایک ایسوسی ایشن ہے اور میں اسلامک اسکولز ایسوسی ایشن آف آسٹریلیا کا چیئرپرسن ہوں میں تقریباً 9 سال سے اسلامک اسکولز کی طرف سے ان کی ایڈوکیسی، نیٹ ورکنگ اور گڈ پریکٹس میں کردار ادا کر رہا ہوں۔اس کے علاوہ میں گزشتہ 8 سال سے یہاں WA پولیس مسلم ایڈوائزری بورڈ میں اس کا ممبر ہوں۔میرا ایک کردار پاکستان آسٹریلیا ایسوسی ایشن کے حوالے سے بھی ہے۔میں اس ایسوسی ایشن کا صدر بھی رہا ہوں اور پانچ سال سے پیٹرن ان چیف ہوں۔اس حوالے سے میں نے کوشش کی ہے کہ مسلم کمیونٹی اور ملٹی نیشنل کمیونٹیز کی تعداد WA پولیس کے اندر بڑھائی جائے۔ آسٹریلیا میں اسلامی اسکولز کا قیام کئی حوالے سے اہم ہے ،خاص طور پر جو نئے لوگ دیگر ممالک سے آتے ہیں ان کو آسٹریلین سوسائٹی کے اندر شامل کرنے کے لیے اسلامک اسکول کا ایک بہت بڑا کردار ہے۔ اور دوسری طرف ان کی مذہبی شناخت قائم رہتی ہے۔ اس شناخت کو حاصل کرنے اور اس کو برقرار رکھنے اور اس کی حفاظت کرنے کے لیے اور ان بچوں کو مثبت سوچ کے ساتھ اپنا حصہ ڈالنے کے لیے آسٹریلین سوسائٹی میں اسلامک اسکول اپنا بہت اہم کردار ادا کررہے ہے۔

اس وقت 4 ہزار سے زائد بچے ہمارے اسکولز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں گزشتہ تین سال سے ہمارے تینوں اسکولز آسٹریلیا میں ٹاپ 20 اسکولز میں شامل ہیں۔ اور ہمارے کلاس بارہویں کے زرلٹ ویسٹرن آسٹریلیا میں ٹاپ 30 کے اندر ہیں۔ ہماری آسٹریلین یونیورسٹیز کے اندر 100 فیصد انٹری ہے ہماری یونیورسٹی میں انٹری انجینئرنگ، میڈیسن سمیت دیگر شعبوں میں کافی تعداد میں ہے۔ ہمارا اسلامک اسکول آسٹریلیا میں اکیڈمک کے لحاظ سے مختلف کورسز کی سہولت اور اچھے رزلٹ کے ساتھ آسڑ یلیا کی مسلمان کمیونٹی کے لیے خدمات سرانجام دے رہا ہے اور دوسر ا یہ کہ ہمارے فارغ التحصیل طلبا اپنی مذہبی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے ملٹی کلچرل آسٹریلین سوسائٹی میں شامل ہو کر اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

عبداللہ خان کو ایوارڈ کا میڈل پیش کرنے کی تقریب ستمبر 2023 میں پرتھ کے گورنمنٹ ہاؤس میں منعقد کی جائے گی۔آسٹریلین اسلامک کالج (پرتھ) کی جانب سے بورڈ چیئر نے عبداللہ کو کمیونٹی کے لیے ان کی غیر معمولی اور دیرینہ خدمات کے اعتراف پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسلم کیمونٹی دنیا سے الگ تھلگ نہ رہیںخاص طور پر ہماری کیمونٹی اپنی شناخت کو آگے بڑھائے اپنے مذہب کے ساتھ منسلک رہے اور آسٹریلین سوسائٹی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کرتے رہیں۔

واضح رہے کہ آرڈر آف آسٹریلیا ایوارڈ ایک اعزاز ہے جو آسٹریلیا کے شہریوں اور دیگر افراد کو شاندار کارنامے اور خدمات کے لیے تسلیم کرتا ہے۔ اسے 14 فروری 1975ء کو آسٹریلیا کی ملکہ الزبتھ II نے آسٹریلوی حکومت کے مشورے پر قائم کیا تھا۔ آرڈر کے قیام سے قبل آسٹریلوی شہریوں کو برطانوی اعزازات ملتے تھے۔ آسٹریلیا کی بادشاہ کی جانب سے گورنر جنرل کی طرف سے تقرریاں کونسل آف دی آرڈر آف آسٹریلیا کی سفارشات کی بنیاد پر کی جاتی ہیں۔

حصہ