الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا منصوبہ

375

کامیابی سے کورس مکمل کرنے والوں میں اسناد تقسیم متعدد نوجوانوں نے کاروبار شروع کردیا

بے روزگاری ہمارے ملک کا اہم ترین مسئلہ ہے خاص کر کراچی کے لاکھوں پڑھے لکھے ہنر مند نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں۔ نوجوان تعلیم حاصل کرتے ہیں مگر وسائل نہ ہونے کے سبب وہ آگے نہیں بڑھ پاتے۔ نہ ہی اپنے خاندان کی کفالت کر پاتے ہیں حالانکہ ان کے کاندھوں پر گھر کی کفالت کا بوجھ ہوتا ہے۔ والدین امید رکھتے ہیں کہ ان کی اولاد پڑھ لکھ کر آگے بڑھے گی اور خاندان کی کفالت کی ذمہ داری سنبھالے گی۔

کراچی میں بڑی تعداد میں نوجوان میٹرک کے بعد تعلیم کا سلسلہ ترک کر دیتے ہیں اور وہ کمانے کی جستجو میں محنت مزدوری شروع کر دیتے ہیں۔ ان کی رہنمائی کرنے والا بھی کوئی نہیں ہوتا کہ انہیں بہتر مشورہ مل جائے، وہ کچھ ہنر سیکھ لیں تاکہ عزت کے ساتھ رزق حلال کماسکیں، بعض نوجوان یہ کورسز سکھانے والے اداروں کی جانب سے بھاری فیس کی وصولی کی وجہ سے بھی کچھ نہیں سیکھ پاتے، ایسے نوجوانوں کو مایوسی کا سامنا ہو تا ہے۔ چھوٹے موٹے کام کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ الخدمت نے ایسے نوجوانوں کو امید کی ایک نئی راہ دکھائی ہے کہ نوجوان الخدمت کے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہنر سیکھ کر خود کو عملی زندگی میں کامیاب فرد کے طور پر سامنے لا سکتے ہیں اور والدین کی امیدوں کی تکمیل کا بھی ذریعہ بن سکتے ہیں۔الخدمت نے اس کے لیے پی آئی بی کالونی میں ایک ’’اسکل ڈویلپمنٹ سینٹر دسمبر 2021 میں قائم کیا گیا، جہاں نوجوانوں مفت کورسز سکھانے کا اعلان کیا گیا اور باقاعدہ داخلوں کا بھی آغاز کردیا گیا۔ ابتدائی طور پر اس سینٹر میں موبائل ریپئرنگ، ایڈوانس ٹیلرنگ اور جنرل الیکٹرونکس کے کورسز کروایا کیا گیا، یہ کورسز 6 ماہ دورانیے کے ہیں اور ان کی کلاسز ہفتے میں تین مختلف دن متعین کیے گئے ہیں۔ ان کورسز کے لیے ماہر اساتذہ کا انتخاب کیا گیا ہے جو محنت اور لگن کے جذبے سے سرشار ہوکر یہ کورسز سکھا رہے ہیں۔

الخدمت کے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں اب تک ٹیلرنگ کے 2‘ موبائل ریپئرنگ کا ایک اور جنرل الیکٹریکل کے 4 بیج مکمل ہو چکے ہیں اس کے علاوہ ابھی تین بیجز کے کورسز جاری ہیں۔ پروگرام کے تحت آئندہ دنوں میں ائر کنڈیشنگ اور انڈسٹریل آٹو مشیین کے کورسز بھی شروع کیے جائیں۔ اس وقت مارکیٹ میں انڈسٹریل آٹو میشن کی بہت مانگ ہے اور اس شعبے کے ماہر افراد کی بیرون ممالک بھی ضرورت رہتی ہے۔ اس کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے الخدمت نے نوجوانوں کے لیے اس کورس کا انتخاب کیا ہے جس کا آغاز جلد کردیا جائے گا۔

الخدمت کے ان کورسز میں مفت داخلہ لینے والوں کے لیے بنیادی تعلیمی شرط میٹرک ہے، تاہم کوئی بھی نوجوان جو ہنر سیکھنا چاہتا ہے‘ وہ اس میں داخلہ لے سکتا ہے۔ الخدمت کی جانب سے کروائے جانے والے ان کورسز کی ایک خاص بات یہ ہے کہ الخدمت کورسز کرنے والے نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑ تی بلکہ ان کے لیے کاروبار کے مواقع فراہم کرنے میں بھی پیش پیش ہے اور پُرعزم ہے کہ ایسے ہنرمند نوجوان جن کی انڈسٹریز میں ضرورت ہو انہیں خدمات کا موقع فراہم کیا جائے۔

الخدمت کے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام سے اب تک کورسز کرنے والے70 فیصد نوجوان اپنا کاروبار یا ملازمت شروع کر چکے ہیں، وہ نوجوان جن کے پاس کاروبار کے لیے وسائل نہیں تھے الخدمت نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ’’مواخات پروگرام‘‘ کے تحت انہیں چھوٹے قرضے فراہم کیے جس سے انہوں نے اطمینان بخش طریقے سے اپنے کام کا آغاز کردیا ہے۔

گزشتہ دنوں الخدمت پروگرام کے تحت تین ماہ کے کورسز کی کامیاب تکمیل پر 40 سے زائد طلبہ کے لیے الخدمت اسکل ڈویلپمنٹ سینٹر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں موبا ئل ریپئرنگ کے پہلے بیج میں، جنرل الیکٹریکل اور ایڈوانس ٹیلرنگ کے تیسرے بیج میں کامیابی حاصل کرنے والوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی تھے،جب کہ تقریب میں ڈائریکٹر مواخات پروگرام یوسف محی الدین،منیجر مواخات پروگرام محمد طارق، الخدمت کے ذمہ داران اور طلبہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر راشد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت کراچی کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ ایک مفت پروگرام ہے جو نوجوانو ں کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ ایسے نوجوان جو مڈل میٹرک یا انٹر پاس ہیں اور ہنر سیکھ کر کچھ کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کے لیے مدد گار پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا آپ جو بھی کام کر رہے ہوں بحیثیت مسلمان آپ کا فرض ہے کہ اس میں آپ ایمان داری کو اختیار کریں اور اپنا کام نیک نیتی سے کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ الخدمت کے اس پروگرام کے تحت کورسز پاس کرنے والے 70 فیصد سے زائد طلبہ اپنا کاروبار شروع کر چکے ہیں۔ ا

ڈائریکٹر مواخات پر وگرام یو سف محی الدین نے کہا کہ جن بچوں نے کامیابی کے ساتھ کورسز مکمل کیے ہیں وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ وہ کورسزمکمل کر کے باعزت روزگار شروع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت کورس مکمل کرنے والے بچوں نے الخدمت کے مواخات پروگرام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا کاروبار شروع کیا ہے جو خوش آئند بات ہے۔ ہمیں خوشی ہو گی کہ یہ بچے اپنے خاندان کی کفالت کر یں گے، الخدمت بڑے وژن اور بڑی سوچ کے ساتھ اس پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ یقینا اس میں ہمیں ان خیرخواہوں کا تعاون حاصل ہوتا ہے جو معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے ہمارا ساتھ دیتے ہیں ، جن کے ہم مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس پروگرام کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ نوجوان مایوس نہ ہوں اور ہنر سیکھ کر معاشرے کے کارآمد شہری بنیں۔

حصہ