گرمی کا علاج

545

شربت ِاملی خاص

اجزاء:املی ایک پاؤ، آلو بخاراایک پاؤ، زرشک شیریں 50 گرام، ادرک تازہ 50 گرام، عرق کاسنی 4 لیٹر
ترکیب:
آلو بخارا، املی اور زرشک ایک لیٹر عرقِ کاسنی میں 12 گھنٹے کے لیے بھگو دیں، بعد میں ہلکا جوش دے کر اچھی طرح کپڑے سے چھان لیں۔ ادرک کو چھیل کر تھوڑے سے پانی میں گرائنڈ کرکے چھان لیں۔ 3 کلو چینی شامل کرکے شربت تیار کریں۔ ست لوبان 3 گرام لازمی شامل کریں تاکہ آپ کا شربت خراب نہ ہو۔
فوائد:
امراضِ جگر، یرقان، گرمی کا توڑ۔گرمی کے بخار، متلی، قے، بے چینی کو دور کرتا اور دل کو تقویت دیتا ہے، قبض کشا بھی ہے، پیاس کی شدت ختم کرتا ہے۔گرمی کے بہت سے امراض میں مفید ہے۔ غرض اس موسم کا بہترین تحفہ ہے۔
گرمی کے آتے ہی بازار میں کیری آنا شروع ہوجاتی ہے۔ قدیم زمانے سے لوگ گھروں میں کیری کا اچار ڈالتے ہیں۔ بعض لوگ کیری کا مربہ بھی تیار کرتے ہیں جسے چھوٹے بچے شوق سے کھاتے ہیں۔ اکثر لوگ کیری کا شربت بناتے ہیں جسے بڑے شوق سے استعمال کیا جاتا ہے۔
٭ کیری کا شربت گرمی کی شدت کو کم کرتا ہے۔
٭پیاس کو تسکین دیتا ہے۔
٭ لُو سے بچاتا ہے۔٭ فرحت بخش ہے۔
٭ دل و جگر کے لیے بے حد مفید ہے۔
آج بھی گائوں دیہات میں کیری کا شربت لوگ گھروں میں تیار کرتے ہیں اور مہمانوں کو پیش کرتے ہیں۔

کیری کا شربت بنانے کا طریقہ:

اجزا: کیری ایک کلو، چینی ایک کلو، چھوٹی الائچی کا پائوڈر آدھا چائے کا چمچ، کالا نمک اور لاہوری نمک حسبِ ذائقہ
ترکیب:
سب سے پہلے کیری کو توے پر سینک لیں، جب نرم ہوجائے تو اس کا چھلکا اتار لیں اور اس کا گودا ایک برتن میں جمع کریں، پھر چینی کا شیرہ بنائیں اور کیری کے گودے کو شیرے میں مکس کرلیں، ساتھ ہی اس میں چھوٹی الائچی کا پائوڈر، کالا نمک، لاہوری نمک حسبِ ذائقہ شامل کرلیں۔ تھوڑی دیر پکائیں، اس کے بعد باریک کپڑے سے چھان لیں اور ٹھنڈا کرکے بوتل میں بھر کر فریج میں رکھ لیں۔ ضرورت کے وقت ایک گلاس ٹھنڈے پانی میں ملا کر استعمال کریں۔

حصہ