عمل نیکی کا:الخدمت کے تحت کانفرنس و ڈنر کا اہتمام

305

مخیر حضرات کے عطیات و خراج تحسین
الخدمت یوں تو سارا سال خدمت کے کام کر تی ہے مگر اس کا ایک دن ایسا ہوتا ہے جس پر پورے سال کا انحصارہوتا ہے۔’’کانفرنس وڈنر ‘‘ کا دن ۔ الخدمت کے تحت ساراسال کفالت یتامیٰ، تعلیم ،صحت ،صاف پانی سمیت دیگر شعبوں کی تقریبات ہوتی رہتی ہیں۔مختلف نئے پروگرامز کا آغاز اور پہلے سے جاری پراجیکٹس میں توسیع کا عمل بھی جاری رہتا ہے۔ ان پروگرامز کے ذریعے الخدمت متحرک بھی رہتی ہے اور اپنی خدمات سے متعلق لوگوں تک پیغام بھی پہنچاتی رہتی ہے،مگر اس’’ کانفرنس ‘‘میںساراسال کیے جانے والے کاموں میںسپورٹ کرنے والے اہل خیر کو مدعو کیا جاتا ہے۔ یہ لوگ بڑی خوشی اور جذبے کے ساتھ اس پر وگرام میں شرکت کر تے ہیں اور اللہ کی رضا کے لیے دل کھول کر اپنے عطیات الخدمت کو دینے کے اعلانات کرتے ہیں ۔اس میں نام ور شخصیات کو بھی مدعو کیا جاتا ہے تاکہ ان کی کہی ہوئی بات اور پیغام ان لاکھوں افراد تک پہنچ سکے جو ان کے فالورز کی صورت میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہتے ہیں ۔

کانفرنس کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی ،ہال میں ایک بڑا اسٹیج بنایا گیا تھا،جبکہ اس کے اطراف میں الخدمت کے تمام سات شعبہ جات اور بنو قابل پروگرام کے برینڈنگ پینلز لگائے گئے تھے ،جن میں الخدمت کے کاموں کو نہایت ہی نفاست اور جاذبیت کے ساتھ نمایاں کیا گیا تھا،جبکہ استقبالیہ ڈیسک اور میڈیا وال بھی بنائی گئی تھی۔

لوگ الخدمت کی تمام خدمات کو نہ صرف قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بلکہ اس کی خدمات کا اعتراف بھی کرتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ اسے عطیات فراہم کرتے ہیں۔ اس لحاظ سے یہ تقریب انہتائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے،جس میں خدمت کرنے والوں پر بھرپوراعتماد کا اظہار کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا جاتا ہے اور ان کے کاموں کی تحسین کی جاتی ہے ۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پا ک اور نعت رسول مقبولؐ سے کیا گیا۔کانفرنس میں نظامت کے فرائض ڈائریکٹر کمیونٹی سروسزقاضی سید صدرالدین اور ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری نے انتہائی خوبصورتی سے انجام دیئیْ۔

کانفرنس میں کراچی میں متعین جاپانی قونصل جنرل اوڈاگری توشیو،ترک قونصل جنرل جمال سانگو ،ایرانی قونصل جنرل حسن نورئین نے شرکت کی ۔ لاہور سے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مشتاق احمد اورمعروف شاعر وصی شاہ بھی خصوصی طور کانفرنس میں تشریف لائے۔ کانفرنس میں چیف ایگز یکٹو الخدمت نو ید علی بیگ ،اداکار ایاز خان ،زیبا شہناز ،انجینئر بابراور خباب احمد ودیگر نے خطاب کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی، چیئرمین آباد محسن شیخانی،کاٹی کے سابق صدر زاہد سعید،ٹی وی اینکر زانیق احمد ، نصرت حارث ،اسلام 360کے زاہد چھیپا،ساکنان شہر قائد کے سربراہ محمود احمد خان کارپوریٹ اداروں کے سربراہان ونمائندگان کے ساتھ الخدمت کے تمام شعبہ جات کے ڈائریکٹرز،منیجر ز اوردیگر ذمہ داران موجود تھے۔

کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ترک قونصل جنرل کو ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے 20ملین روپے کا چیک دیا ۔کانفرنس میں سالانہ کارکردگی سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ کانفرنس میں مخیرحضرات کی جانب سے بڑی تعداد میں عطیات کا بھی اعلان کیا اورالخدمت سے اپنی محبت کا بھی اظہارکیا ۔

کانفرنس کے مرکزی خطاب میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت لوگوں کی خدمت پرسالانہ اربوں روپے خرچ کررہی ہے۔ بنو قابل کے نام سے آئی ٹی کا پروگرام شروع کیا ہے جس میں 10ہزاربچوں کو آئی ٹی کورسزکے لیے کلاسز شروع کر دی گئی ہیں۔ اگلے سیشن میں 30ہزار بچوں کو آئی کورسز سیکھنے کا موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ خواتین کے لیے بھی جلد ایک بڑااورتاریخی پروگرام شروع کرنے والے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لوگ کم یا زیادہ خیر کے کاموں میں اللہ کی رضا کے لیے دیتے ہیں۔ یہ ان کی توفیق کی بات ہے اور کم ہو یا زیادہ اللہ پاک نیتوں کو دیکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں آئی ٹی کے شعبے میں ملازمتیں موجود ہیں مگر اسکلڈافرادموجود نہیں۔ ہم نوجوانوں کو آئی ٹی کا ہنردے رہے ہیں اور ان شااللہ بنو قابل پروگرام میں کورسز کرنے والے ان بچوں اور بچیوں کو روزگار بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے ترک زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے مزید 20ملین روپے کا امدادی چیک ترک قونصل جنرل کیے حوالے کردیا ہے۔ ان شااللہ ہم ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ ہماری سیاست خدمت کی سیاست ہے جولوگ کہتے ہیں کہ ہم خدمت سیاست کے لیے کررہے ہیں ۔ ان سے کہتا ہوں کہ وہ بھی ایسی سیاست شروع کردیں۔ اگر آپ کی سیاست بھی خدمت کی سیاست ہوتی تو ملک کی تقدیر بدل چکی ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ 8مارچ کو خواتین کے عالمی دن پرایک بڑا اور تاریخی پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں تاکہ ہماری مائیں بہنیں بااختیار بنیں۔ انہوں نے کہا الخدمت وہ ادارہ جہاں آپ کا ایک ایک پیسہ امانت اور دیانت کے ساتھ خرچ ہوتا ہے ۔

جاپانی قونصل جنرل اوڈاگری توشیو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم الخدمت پر اعتمادکرتے ہیں۔ ہم الخدمت کے دو اسپتالوں کے لیے طبی آلات فراہم کر دیئے ہیں ۔ الخدمت صحت ،تعلیم اور صاف پانی سمیت دیگر شعبہ جات میں کام کر رہی ہے۔ الخدمت نے سیلاب میں بھر پور کام کیے۔ شام اور ترکی میں زلزلہ متاثرین کے لیے بھی بھرپور کام کیا۔ الخدمت کے کام قابل قدر ہیں ۔

ترک قونصل جنرل جمال سانگو نے کہا کہ میں سیلاب کے دنوں میں الخدمت کے کیمپوںمیں گیا ۔الخدمت نے بڑا کام کیا ہے۔ اس کے کام متاثر کرنے والے ہیں ۔ترکی میںزلزلے سے بہت نقصان ہوا۔ الخدمت نے وہاں ریسکیو اورریلیف کے کاموں میں حصہ لیا ۔ الخدمت کی جانب سے مدد پر اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ایرانی قونصل جنرل حسن نورئین نے الخدمت کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور کہا کہ زندگی بہت مختصر ہے۔اس میں ہرفرد کو نیکی کرنی چاہیے تاکہ آخرت میں اجر حاصل ہوسکے۔انہوں نے الخدمت کے کاموں کو بھی سراہا ۔

چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت سات شعبہ جات میں کام کر رہی ہے۔ ہم نے سیلاب میں بھرپورامدادی کام کیے۔ ترکی میں زلزلہ متاثرین کے لیے الخدمت کی ٹیموں نے خدمات انجام دیں۔ الخدمت نے بنو قابل کا پروگرام شروع کیا ۔ دس ہزار بچے کو آئی ٹی کورسز سکھارہے ہیں ۔الخدمت صاف پانی فراہم کرر ہی ہے۔صرف ڈیڑھ روپے لیٹر میں انتہائی معیاری پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔کراچی شہر میں الخدمت کے 58پلانٹس نصب کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت غریب اور کمزور لوگوں کو چھوٹے قرضے فراہم کرتی ہے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر اپنے خاندان کے لیے باعزت روزگار کما سکیں ۔ کفالت یتامی ٰ پروجیکٹ کے تحت ملک بھر میں 20ہزاربچوں کی کفالت کی جارہی ہے۔ملک بھر میں آغوش ہوم قائم ہیں جہاں سیکڑوں بچوں کو معیاری تعلیم،رہائش اور خوراک فراہم کی جارہی ہے ،ان یتیم بچوں کو عید الفطر پر شاپنگ بھی کروائی جا تی ہے ۔ صحت کے شعبے میں ہمارا بڑا کام ہے ،اسپتال ،ڈائیگنو سٹک سینٹرز ،فارمیسز کے ذریعے لوگوں کی خدمت کا کام کر رہے ہیں ۔چاہتے ہیں کہ لوگوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں فراہم کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام کام ہم آپ مخیرحضرات کے تعاون سے کرتے ہیں ۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مشتاق احمد نے کہا کہ اگر دنیا وآخرت میں کچھ پانا ہے تو اللہ سے تجارت کرنا ہوگی۔ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ۔کچھ لوگ دوسروں کے لیے جیتے ہیں۔ الخدمت والے ان ہی لوگوں میں سے ہیں ۔انہوں نے اپنی ابتدائی زندگی اورحالات سے متعلق واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی راہ میں مال خرچ کرنے سے کم نہیں ہوتا بڑھتا ہے۔ الخدمت بڑے کام کر رہی ہے۔لوگوں کو چاہیے کہ وہ الخدمت کا ساتھ دیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف شاعر وصی شاہ نے کہ وہ لاہور سے اس پروگرام میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔ انہیں الخدمت کے پروگراموں میں شرکت کر کے خوشی ہوتی ہے۔ نعمت اللہ خان نے چار سال میں وہ کام کیے جو 70سال میں بھی نہیں کیے جاسکے۔ خدمت کے لیے 4سال بھی کافی ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت جو کام کررہی ہے میں ساتھ دینا بڑی سعادت کی بات ہے۔

زیبا شہناز نے کہا کہ الخدمت نے جو کہا وہ کردکھایا ،پاکستان پر کوئی پریشانی آئے ،کوئی مشکل گھڑی آئے یہ لوگوں کی مدد کے لیے ہر وقت پیش پیش رہتے ہیں ۔مجھے فخر ہے میں الخدمت کی ٹیم کا حصہ ہوں ۔انہوں نے الخدمت کو عطیات دینے والوں اور اہل وطن سے کہ الخدمت امانت دار بھی دیانتدار بھی ہے ۔اس لیے اسے دیئے گئے ایک ایک پیسے سے آپ مطمئن ہوجائیں اور اس کا بھرپور ساتھ دیں ۔

ایاز خان ،انجینئر بابر اورخباب احمد نے کہا کہ حکومت کے کرنے کے کام الخدمت کر رہی ہے ۔الخدمت کی خدمات میں خلوص ہے ،محبت ہے اور یہ تمام کام یہ اللہ کی رضا کے لیے کر رہی ہے۔خیر کے کاموں میں خرچ کرنے سے اللہ خوش ہوتا ہے ،نیکی کے کاموں میں تمام اہل خیر الخدمت کا ساتھ دیں۔

حصہ