سردی میں کھانسی دور بھگائیں

کھانسی کم کرنے یا روکنے والے مختلف شربت دیکھنے میں بہت بھلے لگتے ہیں، لیکن جیب پر خاصا بوجھ ڈالتے ہیں۔ زیادہ کھانسی کی صورت میں درج ذیل گھریلو علاج فائدہ مند ہیں:

٭ گرم دودھ میں شہد ملا کر پینے سے پھیپھڑوں سے بلغم صاف ہوجاتا ہے۔

٭ نمک کے پانی سے غرارے کرنے اور نمک کے گرم پانی کا بھاپ لینے سے ناک اور گلے کی سوزش میں کمی آتی ہے اور سانس کی نالی پر حملہ کرنے والے جراثیم بھی مر جاتے ہیں، اس طرح کھانسی پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے۔

٭ نیم گرم پانی میں نمک یا ڈسپرین ڈال کر غرارے کریں۔

٭ صبح‘ دوپہر‘ شام دو چمچ شہد میں چار دانے پسی ہوئی سیاہ مرچ ملا کر استعمال کریں۔

٭ ایک پیالی انگور کے رس میں ایک چمچ شہد کھانسی کا مؤثر ترین علاج ہے۔

٭ میٹھے بادام کی چھ سات گریاں پانی میں بھگوئیں۔ صبح چھلکا اتارکر چینی اور مکھن کے ساتھ ملا کر آمیزہ بنائیں اور کھا لیں۔ خشک کھانسی کے لیے مجرب نسخہ ہے۔

٭ ذرا سی ملٹھی کھانے سے کھانسی کافی حد تک کم ہوجاتی ہے۔

٭ کچا امرود جسے گدرا بھی کہتے ہیں، چولہے پر بھون کر لاہوری نمک میں ملا کر کھانے سے بھی کھانسی میں آرام آتا ہے۔

٭ دو پیاز لے کر آگ پر بھون لیں، جب اس کا بیرونی چھلکا جل کر کالا ہوجائے تو چھلکا اتار کر اندرونی حصہ رگڑ کر خوب باریک کرلیں اور چھان کر اس کا پانی الگ نکال لیں۔ پھر اس میں ہم وزن شہد ملا لیں۔ اس آمیزے کا ایک چمچ صبح، شام مریض کو دیں۔ حیرت انگیز طور پرکھانسی میں افاقہ ہوگا۔