اراکین پریس کلب کے بچوں کیلئے دو روزہ اسکائوٹ کیمپ کا انعقاد

187

کراچی پریس کلب اورسندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے اراکین کراچی پریس کلب کے بچوں کے لیے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا انعقاد گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال میں کیا گیا۔
اس موقع پرکراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمد رضوان بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری محمد اسلم خان، ممبر گورننگ باڈی خلیل احمد ناصر، سیداطہر حسین،منیر عقیل انصاری،نذیر احمد عباسی،عادل احمد،محمد عاصم بھٹی، سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن،کراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکاؤٹ کمشنر اور جامعہ کراچی کے ڈین فیکلٹی آف لا جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز،سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید اختر میر، صوبائی خازن محمد حسین مرزا، ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن فرقان احمد یوسفی، قا ضی ناصر، گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر میں بچوں کو دو رزہ تربیت دینے والے اراکین (اسکاؤٹ لیڈرز ٹرینر) آصف محمود احمد مرزا، عالم صائم، مرزا شبیر مقصودی، عظمی وقار، نصرت فاطمہ، ناصر جمال، مصیب بیگ، سعید احمد اور جامعہ کراچی اسکاؤٹس لیڈر و ریسکیو اسپیشلسٹ انسٹرکٹر حمزہ مبین سمیت صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے اراکین کے بچوں کیلئے دوروزہ اسکاؤٹ کیمپ کا ہفتہ کی صبح آغاز کیا گیا، بچے دوروز تک خیموں میں رہے ہیں اور اس دوران عملی زندگی کے مراحل کا مشاہدہ بھی کیا، بچوں کو معاشرے کا بہترین فرد بنانے کے لیے ان کی کردار سازی کے مختلف امور سے روشناس کرایاگیا۔
کیمپ میں شرکت کے لیے بچے ہفتے کی صبح اور بچیاں اتوار کی صبح بڑے جوش و خروش کے ساتھ گلستان اسکاؤٹ پہنچے۔ جہاں پر سینئر اسکاؤٹ لیڈرز نے بچوں کو تربیت فراہم کی ہیں۔ اس طرح کی تربیت بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے کارآمد ہوتی ہے۔ دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں 100 سے زائد بچوں(65 طلبہ اور37 طالبات) نے شرکت کی۔
طلبا کو اسکاؤٹس کی بنیادی تربیت کے ساتھ بون فائر، کمانڈو ریس‘ ایمرجنسی رسپانس‘ مسینجر آف پیس، ایڈونچر ٹریل سمیت دیگر غیر نصابی سرگرمیاں کرائی گئیں۔ کیمپ میں شریک طلبا کا کہنا تھا کہ یہاں آ کر ہمیں بہت مزا آیا اور بہت سی چیزیں سیکھنے کو ملیں۔ بچوں نے اس طرح کے مزید اسکاؤٹنگ کو جاری رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
اسکاؤٹ کیمپ کے پہلے روز افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری سید اختر میر نے کہا کہ اسکاؤٹ کیمپ کا مقصد بچوں میں چھپی صلاحتیوں کو سامنے لانا ہے۔ اسکاؤٹنگ بچوں میں نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور اصولوں کی پاسداری پیدا کرتی ہے اور بچوں کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ اسکاؤٹنگ کا مقصد نوجوانوں کی جسمانی، ذہنی اور روحانی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے بین الاقوامی‘ قومی اور مقامی سطح پر انہیں معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کرنا ہے۔
سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن اورکراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکاؤٹ کمشنر جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کیمپ کے کامیاب انعقاد پر کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اسکاؤٹ لیڈرز کو سراہا اور کہا کہ میں انوالدین کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے بچوں کو اس کیمپ میں شرکت کی اجازت دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے دروازے معاشرے کے نوجوانوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کی انتظامیہ اور اسکاؤٹس لیڈرز کا شکریہ اد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تربیتی کیمپ کا بنیادی مقصد بچوں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال اور مشکل حالات میں جینے کا حوصلہ دینا ہے، مجھے امید ہے کہ اسکاؤٹ کیمپ میں دو روز گزار کر جا نے والے طلبا کو عملی زندگی میں اس کا فائدہ ہوگا اور ان میں خدمت کا جذبہ مزید ابھرے گا۔
سیکرٹری محمد رضوان بھٹی نے سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے کراچی پریس کلب کے اراکین کے بچوں کے لیے دو روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا ہے اور بچوں کو قائدانہ کردار، مل جل کر کام کرنے، خود انحصاری اور کئی اہم مہارتوں کے بارے میں تربیت فراہم کی ہیں،کراچی پریس کلب آئندہ بھی اپنے ارکین اور ان کے بچوں کے لیے اس طرح کی مزید ٹریننگ کیمپ، پکنک اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی۔ اسکاؤٹس کیمپ میں اتنی بڑی تعداد میں بچوں کی شرکت‘ دل چسپی اور جوش و خروش حوصلہ افزا ہے۔ اسکاؤٹنگ ایک بین الاقوامی تحریک ہے جو افراد کی ہمہ گیر تربیت خصوصا ً جسمانی، ذہنی اور جذباتی صلاحیتوں کو نکھارتی ہے۔
بعد ازاں کراچی پریس کلب کی جانب سے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن اور اسکاؤٹ کمشنرجسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز، صوبائی خازن محمد حسین مرزا کو اعزازی شیلڈ اور اجراک کا تحفہ پیش کیا۔جب کہ صوبائی سیکرٹری سید اختر میر بیرون شہر ہونے کی وجہ سے ان کی شیلڈ اور اجرک ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن فرقان احمد یوسفی نے وصول کی۔
دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں تربیت دینے والے سینئر اسکاؤٹس لیڈر ز کو ان کی خدمت کے اعتراف میں انھیں سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا،اسی طرح کیمپ میں قابل ستائش خدمات انجام دینے والے اور تربیت حاصل کرنے والے بچوں کو اسناد دیے گئے۔

حصہ