دیواروں کی آرائش

148

مکان کو اس کے مکینوں کا دَم ہی گھر کے مرتبے پر فائز کرتا ہے اور اگر گھر کے مکین اچھے جمالیاتی ذوق کے مالک ہوں تو گھر کسی خواب نگر کا روپ دھار لیتا ہے۔ بلاشبہ گھروں کی آرائش ایک فن ہے جسے کوئی باذوق انسان ہی سمجھ سکتا ہے۔
گھر بنانے کے بعد جو چیز سب سے زیادہ توجہ طلب ہوتی ہے وہ گھر کی دیواریں ہیں۔ دیواروں کی آرائش ایک اچھوتا احساس ہے جس کے لیے مختلف طریقے اختیار کیے جاتے ہیں۔ کچھ لوگ ووڈ ڈیزائنگ کرتے ہیں، کچھ مختلف مصوری کے نمونے اور دست کاریوں سے دیواروں کو دل کش بناتے ہیں اور کچھ لوگ دیدہ زیب وال پیپر کا استعمال کرتے ہیں۔
دیواروں کی آرائش کے لیے وال پیپرز کا استعمال نئی چیز نہیں۔ یہ رجحان لمبے عرصے سے چلا آرہا ہے۔ وال پیپرز میں ایک حفاظتی تہہ ہوتی ہے جو دیوار وں کو نہ صرف نمی سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ واٹر پروف بھی بناتی ہے۔ اگر ان پر کوئی داغ یا دھبہ لگ جائے تو بھی آسانی سے صاف کیا جا سکتا ہے۔ یہ چوں کہ چمک دار ہوتے ہیں اس لیے اگر کمرے کی کسی ایک دیوار پر بھی اس کا استعمال کیا جائے تو یہ کمرے کی خوب صورتی کو دو چند کر دیتے ہیں۔
مصوری کے مختلف نمونوں کے ذریعے دیواروں کی آرائش بھی ایک بہترین طریقہ ہے۔ بہت سے لوگ خاصے باذوق ہوتے ہیں ، وہ اپنے گھر کی دیوار وں کو ہی آرٹ گیلری بنا لیتے ہیں۔ مصوری کے علاوہ خوب صورت وال ہینگنگز اور وال پیس سمیت مختلف چھوٹی بڑے فریم دیواروں کی رونق بڑھانے کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں۔

حصہ