طبی مشورے

263

سوال: میری کمر میں بہت درد رہتا ہے‘ بیٹھنا مشکل ہو جاتا ہے‘ نماز میں سجدہ مشکل سے کر پاتی ہوں‘ عام صحت بھی ٹھیک نہیں‘ قبض بھی رہتا ہے۔
(شازیہ … نوشہرہ)
جواب: شازیہ بہن! کمر میں درد 90 فیصد خواتین کا مسئلہ ہے اس میں ہمارے Posture کا بہت دخل ہے‘ کام کرتے ہوئے‘ فون اٹھاتے اور بیٹھتے وقت بہت کم عورتیں اپنی کمر کو سیدھا رکھتی ہیں‘ سلائی کرتے ہوئے‘ سبزی بناتے‘ کھانا پکاتے ہوئے میز کرسی کا استعمال کیا جائے تاکہ زیادہ جھکنا نہ پڑے۔ بیٹھتے‘ کھڑے ہونے‘ فون اٹھانے‘ موبائل استعمال کرنے کے سبب کمر کی پوزیشن کو درست یعنی سیدھا رکھیں۔ ہری سبزیوں‘ دودھ‘ دہی‘ مچھلی کا استعمال بڑھا دیں۔ ناشتے سے پہلے دو کیلے کھانے سے بھی مرض میں افاقہ محسوس ہوگا۔
…٭…
سوال: مجھے قبض بہت زیادہ رہتا ہے‘ بھوک نہیں لگتی‘ طبیعت میں گرائوٹ محسوس ہوتی ہے۔ براہِ کرم آسان سا علاج بتائیں؟
(نگہت عبداللہ… کراچی)
جواب: قبض کو معمولی مرض سجھ کر آسان علاج پوچھا ہے۔ قبض کو ام الامراض کہا جاتا ہے۔ قبض کا علاج آسان ہی ہے‘ لائف اسٹائل اور غذا میں تبدیلی بہت جلد اس تکلیف سے نجات دلا دے گی۔ بغیر چھنا چکی کا آٹا بلکہ بھوسی کی روٹی‘ جو کا دلیہ‘ نیم گرم پانی پئیں۔ قبض کے علاوہ اور بہت سی بیماریوں سے بھی نجات مل جائے گی۔ پالک‘ ہری سبزیاں‘ چھلکوں ولی دالیں کھانے کے بعد امرود یا پپیتے کا استعمال‘ ورزش‘ غسل‘ چہل قدمی‘ کھانے کے بعد حب کبد نوشادری 2-2 عدد اور سوتے وقت دہی استعمال کریں۔
…٭…
سوال: میرے بچے کو Fisher کی تکلیف ہو گئی ہے‘ سب نے بتایا کہ حکمت میں اس کا اچھا اور کامیاب علاج ہے۔ براہِ مہربانی میرے بچے کا مسئلہ حل کریں۔
(امِ شایان… کراچی)
جواب: ہمارے بچے بھی ہماری طرح سہل پسند ہوگئے ہیں۔ سارا دن ٹی وی یا موبائل کے سامنے بیٹھے رہنا‘ اسکول اور گھر میں بھی پانی بہت کم پینا‘ بھاگ دوڑ کم ہوگئی ہے‘ فائبر اور پانی کی کمی‘ پھلوں اور سبزیوں کا کثرت سے استعمال‘ قبض نہ ہونے دیں‘ فوم کے گدے یا میٹرس کا استعمال نہ کریں اور نیم گرم پانی کثرت سے پلائیں۔ دالیں اور بادی غذا نہ دیں۔ گائے کا گوشت‘ میدے سے بنی اشیا کا استعمال مرض کو بڑھائے گا۔ مٹن یخنی‘ چاول کم روٹی زیادہ‘ اس غذائی علاج سے ان شاء اللہ مرض میں افاقہ ہو جائے گا۔
…٭…
سوال:حکیم صاحبہ! میرا وزن تیزی سے بڑھ رہا ہے خاص طور پر پیٹ۔ چلنا پھرنا اور کام کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ میری عمر 32 سال ہے‘ کمزوری بھی بہت ہے۔
(نادیہ خان… بنوں)
جواب: موٹاپا آج کی خواتین کا بڑا مسئلہ بنتاجا رہا ہے۔ ہمارا طرز زندگی اور کھانے اس کا بڑا سبب ہیں۔ سہل پسندی‘ کام کم کرنا‘ زیادہ تر بیٹھے رہنا‘ پیزا‘ بیکری کی اشیا ‘ سموسے‘ رول‘ تلی ہوئی چیزیں سے پرہیز کریں۔ پیدل چلنے کو معمول بنائین‘ لوکی‘ ترئی اور ٹنڈے اسٹیم کرکے کالی مرچ اور لیمن جوس ڈال کر کھائیں۔ مرچ مسالحے‘ اچار‘ چٹنیاں‘ کولڈ ڈرنک یہ تمام اشیا مضر صحت ہیں۔ کھانے سے پہلے ایک پلیٹ تازہ سبزیوں کا سلاد‘ نیم گرم پانی کا استعمال‘ گھر میں پونچھا خود لگائیں‘ ایک ماہ میں پیٹ کم ہو جائے گا اگر سری باتوں پر عمل کیا۔ سرسوں کا تیل کھانا پکانے کے لیے استعمال کریں۔

حصہ