پیارے نبی ؐ کی پیاری سنتیں

196

اشہد اور ارشد دو بھائی تھے ۔ اشہد کو ڈرامہ سیریل ارطغرل اور کورولس عثمان بہت پسند تھے ۔ اس نے اپنے پاپا سے ضد کرکے ایک نقلی تلوار بھی منگوائی ہوئی تھی ۔ جس سے وہ ارطغرل کی طرح لڑنے کی پریکٹس کرتا رہتا تھا۔۔ جب کہ ارشد اسلامی تاریخی کتابیں پڑھتا رہتا تھا ۔ اسے مسلمانوں کی تاریخ کے بارے میں پڑھنے کا بہت شوق تھا۔
ایک دن اشہد نے ارشد سے کہا کہ آج میں اور تم تلوار بازی کا مقابلہ کرتے ہیں ۔ ارشد نے پہلے تو انکار کر دیا ۔ مگر اشہد کے مسلسل اصرار پر اسے مقابلے کےلیے تیار ہونا ہی پڑا۔ مگر اب مسئلہ یہ تھا کہ اس کے پاس نقلی تلوار ہی نہیں تھی ۔
چار و ناچار اپنی جیب میں رکھی مسواک سے ہی لڑنے کا فیصلہ کیا ۔
ارشد کے ہاتھ میں مسواک دیکھ کر اشہد کی ہنسی چھوٹ گئی ۔۔
اس نے ارشد کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ یہ مسواک کبھی کوئی جنگ نہیں جتواسکتی ۔ تلوار کا مسواک سے کیا مقابلہ!!!
ارشد نے اپنے بھائی کے گلے میں ہاتھ ڈال کر اسے اپنے پاس بٹھایا اور کہا کہ آج میں تمہیں ایک تاریخی واقعہ سناتا ہوں ۔
” ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ مسلمانوں کی کسی غیر مسلم لشکر سے جنگ ہورہی تھی اور کئی دن کی محاذ آرائی کے باوجود جیت کا فیصلہ نہیں ہو پارہا تھا ۔ غیر مسلم لشکر کے کچھ جاسوس ایک رات مسلمانوں کے لشکر میں گھس گئے تاکہ جنگی تیاریوں کا مشاہدہ کرسکیں ۔۔
صبح ہوئی تو انہوں نے دیکھا کہ سارے مسلمان لکڑیوں (مسواک ) سے اپنے دانت رگڑ رہے ہیں ۔۔ پورے مسلم لشکر کو زور و شور سے یہ کام کرتے دیکھ کر وہ جاسوس اپنے لشکریوں کے پاس بھاگے اور انہیں بتایا کہ مسلمان لشکر والے لکڑیوں سے دانت رگڑ رگڑ کر تیز کررہے ہیں ۔۔ آج تو وہ یقیناً ہمیں کچا چبا جائیں گے ۔۔
یہ سن کر غیر مسلم لشکر کا سپہ سالار بہت گھبرایا ۔ اسکی پوری فوج کا مورال پست ہوگیا اور وہ اپنا پڑاؤ اٹھا کر الٹے قدموں واپس بھاگ گئے ۔۔ یوں مسواک کی سنت کی وجہ سے مسلمانوں کو فتح حاصل ہوئی۔۔
یہ واقعہ سن کر اشہد لاجواب ہوگیا ۔ اس نے اپنے بھائی سے کہا کہ اب ہم نماز پڑھنے مسجد جائیں گے تو میں بھی مسواک خرید کر لاؤں گا اور پابندی سے اس سنت پر عمل کروں گا ۔ ارشد نے بھی وعدہ کیا کہ وہ بھی اپنے پاپا سے نقلی تلوار منگوائے گا تاکہ دونوں بھائی مل کر تلوار بازی سیکھیں اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی پیاری سنتوں پر عمل کریں ۔
مسواک کے ساتھ ساتھ میدان جنگ کیلئے عملی تیاری بھی تو ہمارے نبی ص کی سنت ہے نا ۔!!!!!

حصہ