مناسب غذا اور ورزش تن درستی کی ضمانت ہیں

167

صحیح غذا اور مناسب ورزش صحت و تن درستی کی بنیاد ہیں۔ جدید طرزِ حیات نے غذا خراب اور ورزش ختم کردی ہے جس کے نتیجے میں بے شمار امراض جنم لیتے ہیں۔ ابتدائے زندگی سے ہی غذا ہماری افزائش اور نشوونما کے لیے ضروری ہے۔ زندگی ساز عناصر کی رحمِ مادر سے عہدِ پیری تک اہمیت ہے۔ جسمانی و ذہنی اعتبار سے توانا قوم اُسی صورت میں وجود میں آسکتی ہے جب شروع سے عمر کے لحاظ اور جسمانی ضرورت و طلب کے مطابق صحیح غذا ملے۔ کھانا کھانے اور غذا کے بارے میں دو رویّے بہت مشہور ہیں، اولاً ’خوردن برائے زیستن‘ یعنی زندہ رہنے کے لیے کھایا جائے، اور ثانیاً ’زیستن برائے خوردن‘ یعنی کھانا کھانے کے لیے زندہ رہا جائے۔ اوّل الذکر رویہ مثبت، جب کہ دوسرا رویہ منفی یا ہوس پرستانہ اور لالچ پر مبنی ہے۔
ہر عمر اور ہر اہم مرحلۂ حیات میں غذائی ضروریات تبدیل ہوتی رہتی ہیں، یعنی انسان کو عہدِ شیر خواری میں جس غذا کی ضرورت ہوتی ہے وہ عہدِ طفلی میں نہیں ہوتی، اور عہدِ طفلی میں جو غذائی ضروریات ہوتی ہیں وہ لڑکپن میں تبدیل ہوجاتی ہیں، اسی طرح عہدِ پیری میں غذائی ضروریات یکسر بدل جاتی ہیں۔ ہمارا موضوع لڑکپن اور نوجوانی کی غذا ہے۔ اس میں بھی زیادہ توجہ لڑکوں کی غذا کے بجائے لڑکیوں کی غذا پر ہے جو ڈائٹنگ کرکے اپنے لیے نئے نئے عارضے تخلیق کرلیتی ہیں۔ اس گروہ میں 13 سے 19 سال کی عمر کے لڑکے، اور 11 سے 17 سال کی عمر کی لڑکیاں شامل ہیں۔ عمر کے اس دور میں نوجوانوں میں وہ رجحانات ظاہر ہونے لگتے ہیں جو اب تک دبے ہوئے تھے، اور آزادیِ فکر و عمل کی خواہش زور پکڑنے لگتی ہے۔ اگر خوش قسمتی سے اُس وقت تک مقررہ اوقات پر صحت افزا، متنوع غذا کا انداز مقرر ہوچکا ہے تو آزادانہ طرزعمل کے باوجود یہ برقرار رہے گا۔
بہرحال اس عمر میں کھانے پینے کا خیال رکھا جائے۔ چونکہ نشوونما تیز اور فعالیت اور سرگرمیاں زیادہ ہوتی ہے، اس لیے غذائی ضروریات بڑھ جاتی ہیں۔ اگر اس وقت صحیح غذا نہ ملے گی تو نشوونما میں کمی آجائے گی جس سے مزاحمت کی قوت میں کمی سنگین عفونتی امراض مثلاً ٹی بی وغیرہ کو دعوت دیتی ہے۔ غلط غذائیت سے نوجوانوں کی کارکردگی، سیکھنے سمجھنے کی صلاحیت اور جذباتی صحت پر بھی خراب اثر پڑتا ہے۔ چنانچہ لڑکپن کی صحیح غذائی عادتوں کی بڑی اہمیت ہے۔ اس زمانے میں جو غذائی عادتیں ارادی طور پر اختیار کرلی جاتی ہیں وہ تمام زمانۂ بلوغت میں برقرار رہتی ہیں۔لڑکپن میں تند درست، صحت مند اور دل کش ہونے یا نظر آنے کا احساس اور اس کے مفید اثرات تمام زندگی باقی رہتے ہیں۔

حصہ