حمیدہ کشش کا نعتیہ اور حمدیہ مجموعہ کلام شائع ہوگیا

223

کراچی کی شاعرات میں حمیدہ کشش کا نام بھی شامل ہے جو تواتر کے ساتھ اشعار کہہ رہی ہیں اور ادبی منظر نامے میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کے افسانے اور غزلوں کی کتاب اردو ادب میں شامل ہیں۔ انہوں نے اگست 2021ء میں حمدیہ قصیدے اور حمد پر مشتمل ایک کتاب ’’ربِ کائنات‘‘ تحریر کی ہے۔ ان کے حمدیہ مجموعہ میں رانا خالد محمود‘ ریاض ندیم نیازی‘ محمد اشفاق بدایونی‘ محمود اختر خاں‘ مسکان نین علی اور شاعر علی شاعر کے حوصلہ افزا تبصرے موجود ہیں۔ اردو قصیدہ نگاری میں خواتین قصیدہ گو شاعرات بہت ہی کم ہیں‘ حمیدہ کشش نے 300 اشعار پر مشتمل حمدیہ قصیدہ لکھا ہے۔ انہوںنے اپنے حمدیہ قصیدے میں اللہ تعالیٰ کو مرکز و محور بنایا ہے اور صفات عالیہ‘ قدرتِ کاملہ کو شعری رنگ میں بیان کیا ہے۔ یہ قصیدے غزل کی ہیئت میں نہیں ہے بلکہ مثنوی انداز میں کہا گیا ہے۔ یہ پختہ لہجے کی شاعرہ ہیں اور شعری نزاکتوں سے واقف ہیں۔ ان کے ہاں عروضی خامیاں نظر نہیں آتیں۔ حمیدہ کشش کی شاعری میں برجستگی اور غنائیت موجود ہے‘ ان کے نعتیہ مجموعہ میں مناقب اور سلام بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں ان کی عقیدت و محبت رواں دواں ہے۔ ان کی کتابوں میں سحرِ عشق‘ کشش سخن‘ سحر انگیز افسانے‘ تیری صورت‘ تنہائی سے شہنائی تک‘ پیار کی جیت اور محبت آگہی شامل ہیں۔ انہوں نے پوری ذمہ داری کے ساتھ سیرت رسولؐ اور جمالِ رسول کو اپنی شاعری میں شامل کیا ہے۔ ان کے نعتیہ اشعار میں غلو نہیں ہے۔

حصہ