نوجوان اُمتِ مسلمہ کا بڑا سرمایہ

410

یہ زیادہ پرانی بات نہیں۔ دس‘ پندرہ سال پہلے بڑی آبادی کو ایک ’’بوجھ‘‘ سمجھا جاتا تھا‘ لیکن چین کی غیر معمولی اور بھارت کی اوسط درجے کی معاشی ترقی نے بوجھ کو ’’منڈی‘‘ بنا کر ایک بڑی معاشی قوت میں ڈھال دیا۔ اس سے انسانوں کی کوتاہ نظری کے ساتھ ساتھ یہ حقیقت بھی آشکار ہوتی ہے کہ انسان نے معاشیات کو اپنا سب کچھ بنا لیا ہے‘ ورنہ رابندر ناتھ ٹیگور نے بہت پہلے کہا تھا کہ دنیا میں بچوں کی آمد اس امر کا اعلان ہے کہ اللہ تعالیٰ ابھی تک انسانوں سے مکمل طور پر ناخوش نہیں ہوا۔ لیکن ٹیگور کے اس خیال کی بازگشت عالمی سطح پر ایک بار بھی نہیں سنی گئی‘ حالانکہ ٹیگور کو ادب کا نوبل انعام بھی ملا ہوا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ ٹیگور کی بات کا تعلق مذہبی فکر سے تھا‘ اور دنیا کے اربوں انسانوں کے معاشی فکر کے مقابلے پر مذہبی فکر کی کوئی اہمیت ہی نہیں۔
اس تناظر میں دیکھا جائے تو اُمتِ مسلمہ کی آبادی اُمت کا بڑا سرمایہ ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اُمتِ مسلمہ کی موجودہ آبادی ایک ارب 60 کروڑ سے متجاوز ہے۔ یعنی اُمت ایک مذہبی‘ تہذیبی‘ تاریخی اور معاشی اکائی کے طور پر چین اور بھارت سے زیادہ آبادی رکھتی ہے۔ اس آبادی کی دوسری اہمیت یہ ہے کہ اس کی موجودگی عالمگیر اور ثقافتی‘ لسانی اور معاشی اعتبار سے متنوع ہے۔ لیکن اس آبادی کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ مسلمانوں کی آبادی کا 55 سے 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ مسلمانوں کی آبادی ڈھائی سے تین فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے۔ آبادی میں اضافے کا یہ رجحان برقرار رہا تو مسلمانوں کی آبادی میں نوجوان کا موجودہ فیصد طویل عرصے تک برقرار رہے گا۔ اس اعتبار سے دیکھا جائے تو اُمتِ مسلمہ کی آبادی ایک بہت ہی بڑی سونے اور ہیروں کی کان ہے۔ اگرچہ یہ سونا ابھی خام حالت میں ہے اور یہ ہیرے ابھی تراشے نہیں گئے ہیں لیکن ان چیزوں کی موجودگی میں صرف اُمتِ مسلمہ کے لیے نہیں پوری انسانیت کے لیے خیر کے بڑے امکانات موجود ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ معاشرے میں نوجوانوں کی اہمیت کیا ہے؟
نوجوانوں کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ وہ خواب دیکھ سکتے ہیں۔ یعنی وہ عینیت پسند یا Idealist ہوتے ہیں۔ خواب کو لوگ حقیقت کی ضد سمجھتے ہیں‘ لیکن خواب حقیقت سے بڑی حقیقت ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حقیقت صرف ’’موجود‘‘ اور خواب ’’ممکن‘‘ ہے۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ حقیقت پسند جو کچھ بن گیا ہے صرف وہی کچھ ہے‘ لیکن خواب دیکھنے والا وہ کچھ بن سکتا ہے جس کا اس کے اندر امکان ہے۔ اس کے معنی یہ ہوئے کہ نوجوان امکانات کی دنیا ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ دنیا کو روحانی اور مادّی دونوں اعتبار سے خواب دیکھنے والوں نے تبدیل کیا ہے۔
پیغمبروں کی تو بات ہی اور ہے‘ عام انسانوں کے دائرے میں تمام بڑی رومانی شخصیات خواب دیکھنے والی یا Idealist تھیں اور ہیں۔ دنیا کے تمام بڑے شاعر اور ادیب خواب دیکھنے والے تھے ہیں۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو اُمتِ مسلمہ کے پاس ساٹھ ستر کروڑ خواب دیکھنے والے ہیں۔ اہم ترین بات یہ ہے کہ ان ساٹھ ستر کروڑ خواب دیکھنے والوں کے ہاتھ میں توحید کا پرچم ہے۔ قرآن کا جھنڈا ہے۔ ان کے پاس رسالت کی شان ہے۔ تصورِ آخرت کا سرمِایہ ہے۔ وہ اس خیال کے امین ہیں کہ ہم پر اُمتِ مسلمہ ہی کا نہیں پوری انسانیت کا حق ہے۔ چنانچہ یہ نوجوان ایک ایسے انقلاب کی بنیاد رکھ سکتے ہیں جو پوری انسانیت کی دنیا اور آخرت کو سنوار سکتا ہے‘ اور جس کی جڑیں اتنی گہری ہو سکتی ہیں کہ اس انقلاب کے ثمرات نسل در نسل منتقل ہوتے رہیں۔
نوجوانی کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ نوجوان مکمل طور پر بنی ہوئی شے یا Finished Proudct نہیں ہوتے۔ آپ انہیں جو بنانا چاہیں وہ بن سکتے ہیں۔ انسان کی مشکل یہ ہے کہ اس کی شخصیت جب بن جاتی ہے تو وہ پھر اس شخصیت کا اسیر اور اس کا پجاری بن جاتا ہے۔ پھر وہ اس شخصیت کے سوا کچھ اور نہیں بن سکتا۔ لیکن نوجوان ہر اچھی چیز کو قبول کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔ وہ ہر اچھی پکار پر لبیک کہتے ہیں۔ وہ ہر اچھے مشورے کے لیے دیدہ و دل فرشِ راہ کیے ہوتے ہیں۔ ہماری دنیا کا المیہ یہ ہے کہ وہ خود کو جدید کہتی ہے اور جدت کو پسند کرتی ہے‘ مگر حقیقت یہ ہے کہ اس دنیا میں اربوں انسانوں ہزاروں خود ساختہ گمراہیوں کے ’’غلام‘‘ ہیں۔ انہوں نے اپنے سینکڑوں انحرافات کو ’’عادت‘‘ بنا لیا ہے۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ اربوں انسانوں کی شخصیات انجماد یا Fixation کا شکار ہو گئی ہیں‘ اور وہ جو کچھ بن چکے ہیں اب اس کے سوا کچھ نہیں بن سکتے۔ ان اربوں انسانوں کو اللہ تعالیٰ نے کھربوں امکانات سے نوازا ہے‘ مگر یہ امکانات ان کی شخصیتوں کے انجماد کی وجہ سے بروئے کار نہیں آسکتے۔ اس اعتبار سے دیکھا جائے تو مسلم دنیا میں ساتھ ستر کروڑ نوجوانوں کی موجودگی ایک بہت بڑی امکانی ’’انقلابیت‘‘ کی موجودگی ہے۔ اُمتِ مسلمہ اور پوری دنیا کے لیے اس انقلابیت کی موجودگی کا مفہوم عیاں ہے۔
ایک نئی دنیا کی تعمیر کے لیے بے پناہ انسانی توانائی کے ضرورت ہوتی ہے‘ اور یہ توانائی سب سے زیادہ نوجوان فراہم کرتے ہیں۔ توانائی کی فراوانی ایک جانب نوجوانوں کو زیادہ بار اٹھانے کے قابل بناتی ہے اور دوسری جانب اس سے نوجوانوں میں وہ شدتِ احساس پیدا ہوتی ہے جو نوجوانوں کو اپنے کام سے گہرے طور پر متعلق کر دیتی ہے۔ گہرے تعلق کے بغیر دو سو میٹر کی دوڑ تو دوڑی جا سکتی ہے مگر میراتھن نہیں دوڑی جا سکتی۔ غور کیا جائے تو دنیا کی تبدیلی کا عمل میراتھن دوڑنے کی طرح ہے اور نوجوان اس میراتھن کے لیے سب سے زیادہ کفایت کرتے ہیں۔
نوجوانوں کو عام طور پر ’’جذباتی‘‘ کہا جاتا ہے‘ لیکن یہ نوجوانی کی ایک بہت سطحی تعریف ہے۔ دراصل نوجوان اس لیے جذباتی‘‘ ہوتے ہیں کہ ان کے ’’مفادات‘‘ نہیں ہوتے‘ چنانچہ نوجوانوں کی ’’جذباتیت‘‘ ایک جانب خلوص کا بہتا ہوا دریا بن کر سامنے آتی ہے اور دوسری جانب انہیں بڑے ہدف کے لیے قربانی پر آسانی کے ساتھ آمادہ کرتی ہے۔ اسلام کے دائرے میں اللہ کی مدد یا نصرت تین چیزوں سے مشروط ہے۔
اللہ کی نصرت کی پہلی شرط یہ ہے کہ انسان صحیح نیت اور اخلاص کے ساتھ حق کی بالادستی کی جدوجہد کرے اور نوجوانوں کے لیے نیت کو درست رکھنا اور خلوص کے ساتھ جدوجہد کرنا جتنا آسان ہے‘ بڑی عمر کے لوگ اس کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ اللہ کی نصرت کے حصول کی دوسری شرط یہ نے کہ انسان حق کی بالادستی کے لیے قربانیاں پیش کرے اور یہ بات عرض کی جا چکی ہے کہ نوجوانوں کے لیے قربانی میں ایک کشش ہے‘ ایک جمال ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ انسان جتنا ’’زندہ‘‘ ہوتا ہے اسے موت اتنی ہی ’’حسین‘‘ اور ’’بامعنی‘‘ لگتی ہے۔ اللہ کی نصرت کے حصول کی تیسری شرط یہ ہے کہ انسان قربانیوں پر استقامت کا مظاہرہ کرے اور نوجوان قربانیوں کو جس طرح جذب کر سکتے ہیں اس طرح کوئی جذب نہیں کرسکتا۔
نوجوانی کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس عمر میں تبدیلی آسان مگر دیرپا ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نوجوانوں کا مزاج چونکہ چنانچہ والا نہیں ہوتا۔ وہ عام طور پر صرف اتنی ہی بحث و تمحیص کرتے ہیں جتنی قائل یا Convince ہونے کے لیے ضروری ہوتی ہے۔ نوجوان ایک بار قائل ہو جاتے ہیں تو پھر دنیا کی کوئی طاقت انہیں ان کے رستے سے نہیں ہٹا سکتی۔ چونکہ ان کی تبدیلی میں عام طور پر ان کے ’’مفادات‘‘ کا کردار نہیں ہوتا اس لیے وہ ایک بار جس دائرۂ فکر میں داخل ہو جاتے ہیں ساری زندگی اس سے باہر نہیں نکلتے۔ ایک وقت تھا مسلم دنیا میں نوجوان تین کیمپوں میں تقسیم تھے۔ ایک کیمپ سوشلسٹوں کا تھا‘ دوسرا کیمپ اسلام پسندوں کا تھا اور تیسرے کیمپ میں وہ لوگ تھے جو خود کو مغرب کی سرمایہ دارانہ تہذیب کے ساتھ متعلق سمجھتے تھے۔ مگر سوشلزم فنا ہو چکا ہے اور اب مسلم دنیا میں سوشلزم کی حیثیت ’’ماضی کی یادگار‘‘ کے سوا کچھ نہیں۔ اہلِ مغرب نے عراق اور افغانستان میں جو کچھ کیا ہے اس نے مسلم دنیا میں مغرب کی اخلاقی بالادستی کے تصور کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ ہر جگہ اسلام مسلمانوں کی عظیم اکثریت کی ’’واحد پسند‘‘ بن کر ابھر رہا ہے۔ بعض لوگ مسلمانوں بالخصوص مسلم نوجوانوں کو ’’بے عمل‘‘ قرار دیتے ہیں۔ بلاشبہ مسلم نوجوانوں میں اسلام کے حوالے سے بے عملی عام ہے۔ لیکن مسلمانوں کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ’’ناقص العمل‘‘ ہیں‘ ’’ناقص العقیدہ‘‘ نہیں۔ چونکہ مسلمانوں کے تمام عقائد‘ عبادات کا نظام اور اخلاقی تصور محفوظ ہیں اس لیے مسلمانوں کے عمل کا نقص دور کرنا بہت دشوار نہیں۔ جن لوگوں کے عقائد یا غلط یا خراب ہوتے ہیں انہیں بدلنا بہت مشکل ہوتا ہے اس لیے کہ پہلے ان کے پرانے عقائد کا نقص ثابت کرنا پڑتا ہے پھر انہیں نئے عقیدے کا قائل کرنا پڑتا ہے‘ اس کے بعد کہیں عمل کی باری آتی ہے۔ اس کام میں بسا اوقات برسوں لگ جاتے ہیں۔ لیکن جن لوگوں کے عقائد درست ہوتے ہیں انہیں چند ماہ میں ’’اچھا عمل کرنے والا‘ ‘بنایا جاسکتا ہے۔ مسلمانوں بالخصوص مسلم نوجوانوں کے بارے میں ایک اچھی بات یہ ہے کہ ان میں جو برائیاں‘ خرابیاں اور انحرافات پائے جاتے ہیں وہ ’’ماحول کے جبر‘‘ کا نتیجہ ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے مسلم نوجوانوں کی اکثریت ’’سلیم الفطرت‘‘ ہے۔ یعنی ان کی خرابیوں کا تعلق فطرت سے نہیں‘ ماحول سے ہے۔ ماحول کے بدلتے ہی مسلم نوجوان ان شاء اللہ تیزی کے ساتھ منقلب ہوں گے اور مسلم دنیا کی عظمتِ رفتہ کی بازیافت میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

حصہ