باورچی خانے کی صفائی

454

ایک آئیڈیل باورچی خانے میں استعمال کے بعد ہر چیز کو دھوکر اپنی جگہ پر رکھنا چاہیے۔ دنیا کے جدید ترین سامان کے ہوتے ہوئے بھی صفائی کی ضرورت موجود رہتی ہے، ورنہ وقت سے پہلے چیزیں خراب ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ کچھ تجاویز ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے آپ اپنے باورچی خانے کو آئیڈیل باورچی خانہ بنا سکتی ہیں۔
جلے ہوئے برتن دھونا
بعض اوقات کھانا پکانے کے دوران برتن اس قدر جل جاتے ہیں کہ انہیں دھونے کے بجائے پھینک دینے کو جی چاہتا ہے۔ لیکن آپ ایک محلول کی مدد سے یہ مشکل کام آسان بنا سکتی ہیں۔ ایک کپ سرکہ، دو چمچ میٹھا سوڈا اور ایک کپ پانی لے لیں۔ جلے ہوئے برتن میں ایک کپ پانی اور سرکہ ڈال کر چولہے پر رکھ دیں، جب پانی ابلنے لگے تو اتار لیں اور میٹھا سوڈا ڈال کر کچھ دیر بعد دھو لیں۔
چیونٹیوں سے نجات:
باورچی خانے کی دراز کو خالی کرنے کے بعد برش سے گرد و غبار صاف کرلیجیے۔ پانی کے لیے جو اسپرے بوتل ملتی ہے اس میں سرکہ بھر کر ہلکا سا اسپرے کیجیے۔ 24 گھنٹے بعد خشک تولیے سے صاف کرکے سامان دوبارہ دراز میں رکھ دیں۔ تمام سامان اچھی طرح چیک کرلیں کہ کوئی مصالحہ یا دال وغیرہ خراب تو نہیں ہوگئی! اگر ہو تو اسے فوراً ہٹا دیں اور دراز میں چند تیز پتے رکھ دیں۔
مائیکرو ویو اوون کو چمکائیں
مائیکروویو اوون کو صاف کرنے کے لیے شیشے کے ایک بائول میں چوتھائی کپ سرکہ اور ایک کپ پانی ڈالیں اور پانچ منٹ تک اوون کو چلائیں۔ اس کے بعد بائول کو ٹھنڈا ہونے دیں، پھر اس میں ایک کپڑا یا اسفنج ڈال کر اوون کے اندر لگے دھبوں اور دیگر گندگی کو صاف کرلیں۔
کیڑے مکوڑے بھگائیں:
باورچی خانے میں کیڑے مکوڑے بہت تنگ کرتے ہیں، اگر آپ فرش پر کپڑا مارتے وقت فنائل بھی پانی میں ڈال کر فرش کو دھوئیں تو کیڑے مکوڑے اِدھر کا رُخ نہیں کریں گے۔
چھریوں کو تیز کریں:
چھری کے بلیڈ کی تیزی ختم ہونے لگے یا اس پر کچھ چپک جائے تو اسے صاف کرنے کے لیے پانی کا استعمال نہ کریں، اس سے دھار متاثر ہوتی ہے، بلکہ چھری کو سرکے میں ڈوبے ہوئے کپڑے سے صاف کریں اور کسی دوسرے کپڑے سے اسے خشک کرلیں۔
سنک رہے رواں:
سرکے اور میٹھے سوڈے کا مرکب ڈرین میں پھنسے کچرے کو ہٹانے کے مؤثر ترین طریقوں میں سے ایک ہے، اور اس سے پائپ بھی متاثر نہیں ہوتے۔ پہلے آدھا کپ میٹھا سوڈا، پھر ایک کپ سرکہ سنک (ڈرین) میں ڈالیں، جب ان کا جھاگ بن کر بیٹھنے لگے تو اسے گرم پانی سے فلش کردیں۔ پانچ منٹ تک انتظار کریں اور پھر ٹھنڈا پانی ڈالیں۔ اس طرح صفائی کے ساتھ ساتھ بدبو بھی ختم ہوجاتی ہے۔

حصہ