مرحوم شعرا ا ورادبا کی یاد میں تعزیتی اجلاس ومشاعرہ

189

ہانی ویلفیئر آرگنائزیشن کے تحت گزشتہ ہفتے نقاش کاظمی‘ محسن اعظم ملیح آبادی‘ ڈاکٹر شوکت اللہ جوہر‘ واحد حسین رازی‘ سجاد ہاشمی‘ نورالہدیٰ سید‘ عبدالصمد تاجی‘ عاشق بلوچ اور نشاط غوری کے لیے تعزیتی اجلاس اور مشاعرے کا اہتمام کیاگیا جس کی صدارت اختر سعیدی نے کی۔ محمود احمد خان مہمان خصوصی تھے۔ محمد علی گوہر نے نظامت کی اس موقع پر معروف سماجی رہنما اویس آفاق کی سماجی خدمات کے اعتراف میں ہانی ویلفیئر کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ اختر سعیدی‘ محمود احمد خان اور محمد علی گوہر نے مرحوم شعرا پرگفتگو کی ان کی خدمات کو سراہا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ پروگرام کے دوسرے دور میں اختر سعیدی‘ محمد علی گوہر‘ افضل ہزاروی‘ اسحاق خان اسحاق‘ کاوش کاظمی‘ مظہر ہانی‘ گل انور میمن‘ عاشق شوکی‘ علی کوثر اور زبیر صدیقی نے اپنا کلام نذر سامعین کیا۔ اختر سعیدی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ مرحوم شعرا کو یاد کرنا ہماری ذمہ داری ہے‘ ہر ذی نفس کو دنیا سے کوچ کرکے خدا کے حضور حاضر ہونا ہے‘ یہ سال قلم کاروں پر بھاری ہے اس سال بہت سے اہم قلم کار ہم سے جدا ہو گئے جس سے ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جس کا پُر ہونا مشکل ہے۔

حصہ