انوار احمد زئی کی کتاب بادل جزیرے کی تقریب ورنمائی

210

ماہر اجمیری کی صدارت میں ادارۂ دستک میرپور خاص کے تحت انوار احمد زئی کی کتاب ’’بادل جزیرے‘‘ کی تقریب پریزائی کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر مسرور احمد زئی‘ مہمانان اعزازی یونس علیم اور پروفیسر شفیق الرحمن تھے۔ نظامت کے فرائض پروفیسر اسد شوکت اور نوید سروش نے انجام دیے۔ مولانا یوسف نے تلاوتِ کلام مجید کی سعادت حاصل کی۔ سب سے پہلے نوید سروش نے پروفیسر انوار احمد زئی مرحوم کے بارے میں کہا کہ انوار احمد زئی ایک قابل قدر شخصیت تھے وہ ادیب‘ نقاد‘ افسانہ نگار‘ محقق ہونے کے ساتھ ساتھ ماہر تعلیم بھی تھے۔ انہوں نے میرپور خاص میں تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے قابل قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے تعلیمی معیار کے فروغ کے لیے کام کیا اور نقل کے رجحان کو ختم کرنے میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انوار احمد زئی کا بیانیہ بہت سادہ اور دلفریب ہے۔ پاکستانیت اور اسلامی نظریات ان کی زندگی کے محور تھے۔ ان کی یہ کتاب مختلف اہم شخصیات کے خاکوں پر مشتمل ہے جس کی خوبی یہ ہے کہ قاری ان خاکوں کے مطالعے میں مصنف کے ساتھ ساتھ سفر کرتا ہے۔ کتاب ان کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر مسرور احمد زئی نے شائع کی ہے جس میں انوار احمد زئی کے صاحبزادے عزیز احمد زئی کی مشاورت بھی شامل ہے۔ پروفیسر شفیق الرحمن نے کہا کہ پروفیسر انوار احمد زئی کا تعلق حیدرآباد سے تھا‘ وہ حیدرآباد کا فخر تھے‘ وہ دبستانِ علم و ادب تھے‘ وہ نثر نگاری اور تعلیمی امور میں اہم مقام رکھتے تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر مسرور احمد زئی نے کہا کہ ادارۂ دستک میرپور خاص ایک فعال ادارہ ہے جس کے تحت ہر ماہ ادبی مذاکرے اور مشاعرے ہوتے ہیں‘ میں اس ادارے کے عہدیداران و اراکین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ یہ لوگ اردو زبان و ادب کی آبیاری میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر انوار احمد زئی میرے محسن اور میرے استاد تھے‘ میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ہم ان کی بہت سے غیر مطبوعہ تحریریں بھی منظر عام پر لائیں گے۔ اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ صاحب صدر ماہر اجمیری نے انوار احمد زئی کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے دوسرے حصے میں مشاعرہ ہوا جس میں ماہر اجمیری‘ نوید سروش‘ اشہر بیگ‘ حبیب اللہ طبیب‘ ڈاکٹر حبیب چوہان‘ پروفیسر اسد شوکت‘ ڈاکٹر مسرور احمد زئی اور یونس عظیم نے اپنا کلام نذر سامعین کیا۔

حصہ