ترکی جو میں نے دیکھا

قسط نمبر14
”یا حضرت مولانا“
یہ وہ عبارت ہے جو حضرت مولانا جلال الدین رومیؒؒ کے مزار کے صدر دروازے اور اندر اُن کی قبر مبارک پر رقم ہے۔ 5 نومبر کی سہ پہر ہم اسی پُرشکوہ، ہیبت و جلال کے مرکز پر موجود تھے۔ گائیڈز ہمیں بار بار ایک ہی دروازے سے داخل ہوکر باہر نکلنے اور کھو نہ جانے سے خبردار کررہے تھے۔ ٹکٹ ہمارے ٹور آپریٹرز نے لیا اور ہم مزارِ مبارک کے وسیع احاطے میں داخل ہوگئے۔ بڑے بڑے علماء اور خطاطین کی خوبصورت مرمریں کتبوں سے مزین قبروں نے ہمارا استقبال کیا۔ ہم ان پر کندہ فارسی و عربی عبارات پڑھنے کی کوشش کرتے رہے، دو چار کے بعد ممکن نہ ہوا کہ وقت کم اور منزل بڑی تھی۔ قونیہ، سوگت، بورصہ یا استنبول میں جہاں بھی مختلف مزارات پر حاضری کا موقع ملا انہیں پُرشکوہ پایا، خواہ وہ کسی عمارت کے اندر ہوں یا باہر کسی احاطے میں۔ عمارتوں کے اندر موجود قبروں پر سبز اور برائون کپڑے سے مزین، جن پر آیاتِ قرآنی تحریر ہوں۔ بڑی شخصیات بالخصوص علماء کی قبروں پر سرہانے بڑی بڑی پگڑیاں۔ خواتین کی قبروں پر شال یا دوپٹے کے ٹکڑے۔ اگر عمارت سے باہر ہوں تو قبر کے دونوں طرف کتبے اور وہ بھی لمبے لمبے۔ تمام قبریں پختہ، مگر درمیان سے کچی اور اُن میں تازہ پھول۔ اردگرد خوبصورتی سے تراشے ہوئے سبزے کے قطعے… نحوست، گندگی، بے قدری اور عبرت کے ہر نشان سے پاک، جو ہمارے اکثر قبرستانوں کی پہچان اور ہماری بے حسی کے مظاہر ہیں۔ ہر قبر تقریباً سنگِ مرمر کی بنی ہوئی اور کتبے پر مکمل تاریخ اور احوال… زبانِ حال سے بولتی ہوئی کہ قبروں والے تو اپنے حصے کا کام کرکے فنا ہوگئے اور اپنے قابلِ فخر و ذکر کارناموں کے سبب امر ہوگئے۔ نسلِ نو کو پیغام دیتی ہوئی قبریں:
کبھی اے نوجواں مسلم تدبّر بھی کیا تُو نے
وہ کیا گردوں تھا، تُو جس کا ہے اک ٹوٹا ہوا تارا
تجھے پالا ہے اس قوم نے آغوشِ محبت میں
کبھی ڈالا تھا جس نے پائوں میں تاجِ سرِ دارا
تجھے آباء سے اپنے کوئی نسبت ہو نہیں سکتی
کہ تُو گفتار، وہ کردار، تُوثابت، وہ سے آرا
امت کی ان زندئہ جاوید قابلِ فخر ہستیوں کی قبروں پر دعائے مغفرت کرکے آگے بڑھے، تو جلدی سے دربار گاہِ حضرت روم پہنچے۔ وسیع احاطے کے ایک جانب مخصوص طرز کے بلند و بالا گنبد اور مینار کے نیچے حضرت مولانائے روم آسودئہ خاک تھے۔ صدر دروازے سے ہی ہیبت و جلال کا احساس غالب ہونے لگا۔ دیواروں پر کمال کی نقاشی، آیاتِ الٰہی کی خطاطی۔ عمارت کا اندرونی کوئی ایک انچ بھی اس سے خالی نہیں۔ اب اسے فلمانے اور محفوظ کرنے کا وقت تھا نہ حوصلہ، اور نہ ادب کا قرینہ۔ آگے، اور آگے بڑھے اور مولانائے رومؒ کے تعویذ قبر پر جا ٹھیرے جو عین اُسی گنبد کے نیچے تھا جو باہر سے اپنا شکوہ اور دبدبہ پھیلا رہا تھا۔ پراسرار خاموشی، تقدس کا ماحول اور عقیدت و احترام کے موجزن جذبے۔ اونچی کرسی (قبر کی کرسی) پر سبز زربفت کے غلاف میں ملبوس۔ سونے کے دھاگوں سے کڑھی ہوئی چادر، اور سرہانے بہت بڑی پگڑی، جسے کلاہِ علماء سے موسوم کیا جائے تو مناسب ہوگا۔ سبز رنگ کی دستار۔ اردگرد جنگلہ، جس کے باہر کھڑے ہوکر سلامِ عقیدت پیش کرنا ہر زائر کی اولین ترجیح تھی۔ نہایت ادب و احترام سے مرکزِ جلالت و حکمت کو دعائے مغفرت کا نذرانہ پیش کیا اور دربانوں کے حکم سے آگے بڑھ گئے۔ منظر تادیر آنکھوں میں سمونے اور مقام روحانی فیض کے حصول کے لیے تادیر باادب کھڑے ہونے کا متقاضی تھا، مگر سہ پہر ڈھلنے والی تھی، ہم بھی طویل سفر کی تھکاوٹ کا شکار تھے اور کارِ جہاں بھی دراز تھا، یعنی وسیع کمپلیکس کے دیگر مقامات پر حاضری۔
میوزیم
مزارِ مبارک سے متصل ایک مختصر میوزیم تھا۔ جہاں مولانا رومؒ سے متعلق تبرکات و نوادرات رکھے تھے۔ قرآنِ مجید کا ایک نسخہ جو اُن کی بیٹی غالباً ’’فاطمہ‘‘ نے اپنے ہاتھوں سے لکھا تھا۔ کچھ کتب، ملبوسات، تسبیحات اور موسیقی کے آلات، مولانائے روم کی جائے نماز اور وہ قلم دوات جس سے وہ اپنی مشہور مثنوی لکھتے، اسی حالت میں موجود کہ مولانا مثنوی لکھتے لکھتے آرام کی غرض سے اپنی مرقد میں جاسوئے ہوں۔ دو خاص چیزیں ایک ’’مثنوی‘‘ کا مکمل ہاتھ سے تحریر کردہ نسخہ اور دوسرا عمارت کے بیچوں بیچ، گول جنگلے میں محفوظ اور شیشے کی ڈبیا میں مستور، جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کا موئے مبارک۔ آنکھوں میں اتنی تاب کہاں تھی کہ روئے زمین کی اس متبرک و مقدس متاعِ ثمین کو اپنے اندر سمو سکے۔
وقت بھی کم تھا اور مرکزِ نوادرات میں روشنی بھی اتنی نہ تھی کہ ان کا بنظر غائر مشاہدہ کیا جاسکتا۔ یہ سارے مقامات متقاضی تھے کہ ان کے ایمان افروز اور روح پرور جلو میں سارا دن گزارا جائے اور ان کے ہر ہر نقش اور اُس کی کرن کو آنکھ، دل اور بصیرت کے خزانے میں برسر منبر محفوظ کرلیا جائے۔ مگر ہم عمر دراز مانگ کے لائے تھے چار دن۔ یعنی ترکی کا ویزا سات دن کا تھا۔ دو دن انطالیہ میں گزر گئے اور ایک طویل سفر میں۔ اور باقی چار دن سوغوط، بورصہ، اور استنبول کے انتظار میں اور دیدار میں گزرنے تھے، جہاں ارطغرل غازی، عثمان غازی اور پرنسس آئی لینڈ کے ساتھ ایا صوفیہ، نیلی مسجد، توپ کاپی محل اور اس کے تبرکات کے ساتھ سمندری سفر کے بعد سیدنا ابوایوب انصاریؓ کے مزارِ مبارک پر حاضری دینا تھی۔
بعد مرنے کے مرے گھر سے یہ ساماں نکلا
میوزیم میں مولانا رومؒ کے انتقال کے بعد اُن سے منسوب سامانِ علم و فضل اور منبع حکمت قلم و قرطاس اور بادشاہوں کے تاجوں کے قیمتی ہیروں اور نگینوں سے کہیں زیادہ وقیع و متبرک موئے مبارک کی زیارت کے بعد اُس جگہ پہنچے جہاں ہر ہفتے کے دن رقصِ درویشاں کی محفل منعقد ہوتی ہے اور جہاں مولانا رومؒ اپنے شاگردوں میں علم و حکمت کے موتی بانٹا کرتے تھے، مگر یہ جگہ پردے لگا کر بند کی گئی تھی، بس تانک جھانک سے کام چلایا اور مزار مبارک سے باہر نکل آئے۔
مزار کے باہر بھی قابلِ دید مقامات تھے، مگر ہم صرف اُس منصوبے کی تفصیلات کی تصویر ہی بنا سکے جس میں اس کمپلیکس کی تعمیر و تزئینِ نو کی تفصیلات ترکی زبان میں درج تھیں۔ غالباً کسی بین الاقوامی ادارے کے تعاون سے یہ کام شروع ہوا، اور موجودہ صدر ترکی جناب طیب اردوان نے اس کا افتتاح کیا تھا۔ یہ پہلی تصویر تھی طیب اردوان کی جو ہم نے کسی دیواری بورڈ یا پوسٹر پر دیکھی۔ وگرنہ ہمارے ہاں تو گٹروں اور لیٹرینوں پر بھی ہمارے ’’محبوب‘‘ حکام کی تصاویر، اور ہر سرکاری کھمبے اور عمارت کے علاوہ نجی مقامات و مکانات پر بھی اتنی بڑی تعداد میں مل جاتی ہیں کہ لگتا ہے حکومت کے سارے وسائل اور عوام کا سارا ٹیکس انہی ’’مقدس‘‘ ہستیوں کے ذکر و فکر پر صرف ہوگیا ہے۔ مگر یقین جانیے ترکی میں ایسا کچھ نہ تھا، البتہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے، صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش، سہولیات کی فراہمی کا ہر جدید منصوبہ اِن حکمرانوں کی بہتر تشہیر اور نمائندگی کررہے تھے۔ اور ہمارے پاس سوائے گندگی، غلاظت اور بدبو کے ڈھیروں پر اپنی تصویریں لگوانے کے شاید نہ قومی وسائل کا کوئی دوسرا استعمال ہے، نہ مقام۔
مزار کے صدر دروازے کی چند یادگار تصاویر بنائیں۔ وہاں ’’بابِ درویشاں‘‘ پر پوز دے دے کر ترکی کے جھنڈے کے ساتھ خود کو امر کیا۔ اور درویشوں کے صوفی خانوں، حجروں کو بند دروازوں سے دیکھتے باہر نکلنے لگے تو ایک اور مزار نظر آیا جہاں زائرین فاتحہ پڑھنے آ جا رہے تھے۔ یہ مزار شاہ سلیمان قانونی کے بیٹے شہزادہ سلیم کا تھا۔ مزار کے احاطے میں بھی کئی خوبصورت قبور موجود تھیں۔ ہمیں اقبال علیہ الرحمہ کی علامتی قبر کی تلاش تھی جو کسی اہلکار کے علم میں تھی نہ ہم اس کا سراغ پاسکے، حالانکہ وہ ہماری دسترس میں تھا۔ مزارِ مبارک کے باہر ایک شاندار شاپنگ سینٹر بھی تھا، مگر یہ ہمارا مقصود و مطلوب نہ تھا۔ ہم نے تو بس حضرت مولانا روم کا دیدار کرلیا تھا، اور ان کے فیض سے چند لمحے چرالیے تھے۔ شام بھی ہورہی تھی اور جسم کا تقاضا بھی تھا کہ آرام کیا جائے کہ اگلی صبح ارطغرل غازی اور عثمان غازی کے شہر سوگت و بورصہ کی جانب سفر کرنا تھا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مولانا رومؒ کی یادمیں یونیسکو نے 2007ء کو مولانا روم کا سال قرار دیا جب ان کی خدمات و ذکریات کو آٹھ سو سال مکمل ہوئے۔ اس موقع پر اس نے ایک تمغا بھی جاری کیا۔
رات کو ہم قونیہ کے شاندار ہوٹل BAYIR DIAMOND میں قیام پذیر ہوئے۔ تھکاوٹ اس قدر تھی کہ ہوٹل کے فضائل و امتیازات کی خبر ہی نہ ہوسکی، وگرنہ ہر ہوٹل شاندار اور بہترین سہولیات سے آراستہ تھا۔ البتہ اتنا ضرور نظر آیا کہ کمرے میں ایک بڑی ٹی وی اسکرین موجود تھی جسے ہم نہ چلا سکے، نہ اتنی ہمت تھی اور نہ ہی ترکی میں نشر ہونے والے پروگرام ہماری سمجھ میں آنے والے تھے۔
رات کو خانقاہ منگانی شریف، جھنگ کے عالی قدر پیر طاہر حسین جو فیس بک پر میرے آشنا ہوئے اور مجھے دوستی کا شرف بخشا اور تاحال میری اُن سے بالمشافہ ملاقات نہ ہوسکی، نے پیغام دیا کہ میں درگاہِ مولانا روم پر ان کا سلامِ احترام و عقیدت پیش کروں، مگر میرا تیر توکمان سے نکل چکا تھا۔ یعنی میں یہ منزل سر کرکے واپس آچکا تھا۔ رات گئے وسیلہ سفر اور راستوں سے ناواقفیت اور مزار بند ہونے کی علّتیں نہ ہوتیں تو مشفق محترم پیر صاحب کے حکم کی تعمیل کے لیے ضرور دوبارہ بارگاہ روم میں پیش ہوجاتا۔ افسوس کہ حسرت آمیز معذرت کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔
قونیہ سے سوگوت کی جانب:
سوگوت، سوغوط دونوں طرح اس کا نام لکھا جاتا ہے۔ ترکی میں Sogut۔ ترکی طرزِ تحریر کئی اعتبار سے منفرد بھی ہے اور مشکل بھی۔ بظاہر انگریزی یا فرانسیسی طرز تحریر مگر اس میں اوپر، نیچے نقطوں اور مدّ کے ذریعے مختلف مفاہیم پیدا کیے جاتے ہیں۔ ہم تو کچھ نہ سمجھ سکے، البتہ یہ ضرور جان لیا کہ کبھی ترکی رسم الخط عربی و فارسی کے اندازِ تحریر کا تابع تھا۔ تقریباً سو سال پہلے کمال اتاترک کے انقلاب قومیت نے اس خطے کو ایک نئی شناخت دی اور آفرین ہے ترک قوم پر کہ ان کا سارا تمدنی، معاشرتی اور قومی کاروبارِ حیات دیگر زبانوں سے بے اعتناعی اور ترکی زبان کے ہمہ جہت اختیار و نفاذ کے گرد گھومتا ہے۔ ان کی ہر پراڈکٹ پر خواہ وہ بسکٹ ہو، چاکلیٹ کا ڈبہ ہو یا جوس کا پیکٹ… شاہراہوں کے علامتی نشان ہوں یا دکانوں کے سائن بورڈ… ہر جگہ ترکی غالب بلکہ حاوی ہے۔ کہیں کہیں بہت دبے دبے انداز میں انگریزی کے الفاظ بھی دکھائی دیتے ہیں جیسے استنبول ائرپورٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر اِکا دکا انگریزی الفاظ، ترکش ائر لائن، ہوٹلز یا مینو کارڈز۔ اپنی ’’بے زبانی‘‘ کا کچھ ذکر آگے چل کر آئے گا۔
سوگوت کی واحد پہچان:
سوگوت ترکی کے ’’مرمرہ‘‘ ریجن کے صوبہ ’’بلیجک‘‘ کا ایک ضلع ہے جو شمال مغرب میں واقع ہے۔ آبادی کے لحاظ سے انتہائی کم، مگر اہمیت کے اعتبار سے سارے ترکی کے مقامات پر فائق۔ یہاں سلطنتِ عثمانیہ کے بانیٔ عثمان اوّل کے والد ارطغرل غازی کا مدفن ہے۔ اسی شہر کو عثمانی سلطنت کا پہلا دارالخلافہ قرار دیا جاتا ہے۔ ارطغرل غازی کو ترکی کا بڑا ہیرو سمجھا جاتا ہے، وہ زعیمِ ملت جس نے رومی اقتدار و تسلط کے بعد ترکی تاریخ اور تہذیب کو نئی شناخت دی اور تاریخ کا پہیہ پلٹ کر عثمانیوں کے زیر اثر کردکھایا۔ انقلاب کے اسی سفر میں ترکی قوم اسلام سے مربوط ہوئی کہ مرکزِ خلافتِ اسلامی سے اس کے سیاسی، ثقافتی، تمدنی، تہذیبی اور فکری روابط مستحکم ہوئے، اور بالآخر خلافتِ عثمانیہ کی صورت امت کی وحدت و سرپرستی کا نشان بنی۔
(جاری ہے)

ترک قوم کے ہیرو ارطغرل غازی کا مزار:
ارطغرل غازیؒ کا مزار ایک وسیع احاطے میں پورے جاہ و جلال کے ساتھ موجود ہے۔ اس کے دروازے زائرین کے لیے بند ہیں۔ ایک کھڑکی سے اندر کے پُرجلال و جمال مناظر دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔ اس مزار کے اندر حسبِ روایت ایک خوب صورت مرقد گہرے سبز رنگ کے سنہری کڑھائی سے سجے ہوئے کپڑے سے ڈھکی ہوئی ہے، جس کے اطراف میں ترکی کا قومی اور کاٹی قبیلے کا روایتی جھنڈا دیگر چھ پرچموں کے ساتھ موجود ہے، اور قبر کے پہلو میں گیارہ ڈبیوں میں محفوظ مگر کھلی ہوئی اور دکھائی دیتی ان گیارہ علاقوں کی مٹی ہے جو ارطغرل نے فتح کیے۔ قبر کے سرہانے ایک بڑی کلاہ سفید رنگ کی صاحبِ قبر کی عظمت کی دلیل کے طور پر موجود ہے۔ بہ قول نامور محقق پروفیسر ڈاکٹر خالد ظفراللہ دائودی، جنہوں نے ترکی کی یونیورسٹی سے علمِ حدیث میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی: ترکی میں صاحبِ مزار کی علمی وجاہت اور شخصی ثقاہت و وقعت کے مطابق دستار قبر کے سرہانے رکھی جاتی ہے۔
اس احاطے میں ارطغرل اور سلیمان اوّل کے امرائے مملکت‘ اعزا و اقربا‘ شہزادوں‘ بیٹوں اور خواتین کی قبریں بھی موجود ہیں۔ ارطغرل غازی کے مزار کے بالکل باہر اس کی ملکہ حلیمہ سلطان اور والدہ کی قبریں بھی موجود ہیں اور یہ سب اس مخصوص انداز اور طرزِ تعمیر کی حامل ہیں جن کا ذکر قونیہ کے مزارات کی تفصیل کے موقع پر ہو چکا۔ یہاں حلیمہ خاتون کے نام سے منسوب ایک مسجد بھی موجود ہے جہاں مرد و خواتین کے لیے الگ الگ نماز پڑھنے کی سہولت موجود ہے البتہ مسجد کے واش روم استعمال کرنے کے دو لیرا ادا کرنا پڑتے ہیں‘ ایسا اس سفر میں بورما کی قدیم تاریخی نیلی مسجد کے غسل خانوں میں بھی دکھائی دیا۔ وہاں تو صاف لگتا تھا کہ شاید حکام کی نظروں سے بچتے ہوئے ایسا کیا گیا تھا۔ ہم پاکستانی یہاں متعلقہ شخص کو چکر دینے میں کامیاب ہو گئے۔ اس وسیع احاطے میں ارطغرل کی روحانی اور فکری رہنما شیخ ایوب علی (Eoeb Ali) کا مزار بھی تھا۔
سوگوت کی ایک اور خاص بات قریب ہی KAI قبیلہ کا ایک مکمل سیٹ موجود تھا جہاں ارطغرل ڈراما کے مکمل کاسٹیومز‘ تلواریں‘ خنجر‘ ٹوپیاں‘ انگوٹھیاں اور دیگر جنگی ساز و سامان برائے استعمال و فروخت موجود تھا۔ ایک شخص مکمل شاہی لباس پہنے دعوتِ نظارہ دیتا پھر رہا تھا اور بلند آواز میں ارطغرل ڈرامے کا علامتی میوزک دل پر دستک دے رہا تھا۔ ہمارے شرکائے سفر خواتین اور نوجوانوں بلکہ بزرگوں نے بھی اپنے اپنے جثے کے مطابق لباس پہن کر‘ تلواریں سجا کر خود کو ارطغرل اور حلیمہ سلمان کے روپ میں بدلا اور تاریخ کا نہ سہی کیمرے کے صفحوں پر خود کو امر کر لیا۔ بیگم صاحبہ نے سیٹ پر کئی تصویریں بنوائیں اور میں نے اُدھار کی ایک کائی ٹوپی میں خود کو ارطغرل سے قریب کیا۔ جناب اقرارالحسن نے اپنے بیٹے ’’پہلاج‘‘ کے لیے اس کے سائز کا کائی لباس اور تلوار خریدے اور دیگر لوگوں نے بھی۔
سوگوت میں ایک لمبا وقفہ گزارنے کے بعد ہم قونیہ سے بورصا کے درمیان 520 کلو میٹر اور سات گھنٹے کے سفر کے دوسرے مرحلے کے لیے روانہ ہوئے۔ ’’بورصا‘‘ جہاں رات ہم نی قیام کرنا تھا اور اگلی صبح شہر کی دو بڑی مسجد ’’کلاک ٹاور‘ دور سمندر کے کنارے استنبول کے منظر سے لطف اندوز ہونا تھا۔
سوگوت سے نکلنے سے پہلے یہ تازہ ترین خبر بھی سماعت فرمائیں کہ ہم ’’سوگوت‘‘ میں نومبر 2020ء میں موجود تھے اور اُن دنوں اس مزار کے قرب و جوار میں ننانوے ٹن سونا مدفون تھا جس کی مالیت چھ ارب ڈالر سے زائد ہے اور یہ ہامرے وہاں سے واپس آنے کے بعد دریافت ہوا اور حکومتِ ترکی نے دسمبر 2020 میں اس کی دریافت کا سرکاری اعلان کیا۔ ہمیں امید واثق ہے کہ یہ ہماری ’’برکتوں‘‘ کا نتیجہ تھا‘ ترک قوم کو اس کی معیشت کے استحکام کی یہ منزل مبارک ہو۔ بزرگوں کا محض روحانی فیض ہی نہیں‘ مادّی فیوض و برکات کی تلاش کا سلسلہ بھی جاری رہنا چاہیے۔ ہمارے ملک میں تو ’’نذرانوں‘‘ کے ڈبوں سے ماہانہ کروڑوں روپے کے نقد مادّی فیوض و برکاتِ بزرگان سے کون ناواقف ہے۔ افسوس یہ ہے کہ ہمارے ملک میں یہ بھاری رقوم کسی قومی و ملکی مفاد میں استعمال ہوتی نظر نہیں آتیں۔ اگر انہیں درست استعمال کر لیا جائے تو قوم معاشی الجھنوں اور بیرونی قرضوں سے با آسانی نجات پالے۔
نمازِ جمعہ:
سوگوت اور بورصا کی سفر کے دوران ایک خوب صورت قصبے کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے لیے رکے۔ مسجد مناسب حد تک بڑی اور ترک مساجد کے مخصوص طرزِ تعمیر کی حامل تھی۔ ترکی کی تقریباً تمام قدیم و جدید مساجد ایک ہی انداز کی ہیں۔ گولائی مائل پہلودار ایک گنبد اور پتلے لمبے دو مینار اور ان پر سبز رنگ جب کہ اس کی نوکیلی چوٹی گولڈن یا سلور۔ جدید مساجد کے رنگ تازہ و چمک دار اور قدیم مساجد کے مدہم رنگ۔ جس مسجد کے میناروںکے رنگ جس قدر مدہم‘ اسی قدر وہ قدیم۔ جس دیہی مسجد میں ہم نے نماز پڑھی وہ زمین سے خاصی بلندی پر تھی جب کہ نیچے ایک وسیع قطعۂ ارضی مسجد کے ساتھ منسلک تھا مگر نہ وہاں فرش‘ نہ گھاس۔ کچھ لوگ وہاں بھی جائے نماز بچھائے بیٹھے تھے۔ شاید کورونا سے بچتے ہوئے۔ مسجد کے نچلے حصے میں خواتین کی جائے نماز تھی‘ مگر شائد وہاں سوائے ہمارے قافلے کی چند خواتین کے‘ قصبے کی کوئی خاتون نہیں تھی۔ پوری مسجد میں نمازیوں کی اندازاً تعداس پچاس کے لگ بھگ ہوگی۔ مسجد میں اور تقریباً ہر مسجد میں ترکی کا سرخ پرچم ضرور آویزاں تھا۔ پاکستان میں محراب میں خطبہ کا منبر رکھا جارتا ہے جب کہ ترکی کی ہر مسجد میں دائیں جانب دس بارہ قدم اوپر چڑھ کر منبر پر بنی ہوئی چھتری تلے امام صاحب نمازیوں کی طرف رُخ کرکے خطبہ ارشاد فرماتے ہیں۔ ہاتھ میں پکڑے ہوئے کاغذات سے لگتا ہے کہ یہ سرکاری خطبہ ہے جو پڑھا جارہا ہے۔ یہ بھی اندازہ ہوا کہ تمام ائمہ و خطباء اور مؤذنین حکومت کے ملازم ہیں اور کسی فرقے‘ مسلک کا نہ کوئی قبضہ ہے نہ خصوصیو امتیازی پہچان اور نہ مساجد میں اس کا اظہار۔
امام صاحب نے لکڑی کے بنے ہوئے ایک کم اونچائی والے چوبی پٹڑے پر‘ جو محراب میں رکھا ہوا تھا اور اس پر جائے نماز موجود تھی‘ کھڑے ہو کر یعنی تمام نمازیوں اور عمومی صفوں سے اونچا ہو کر جماعت کروائی اور جامعت سے پہلے تمام نمازیوں کو ماسک لگانے پر مجبور کیا اور اس وقت تک نماز نہ شروع کی جب تک سب لوگوں نے ماسک نہ پہن لیے۔ ایک اور قابلِ ذکر بات یہ ہوئی کہ عربی خطبہ کے دوران آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم پر اللہ اور فرشتوں کے درود بھیجنے اور اہل ایمان کو اس کے حکم کے کی آیت کے بعد مسجد میں موجود تمام نمازیوں نے باآواز بلند درود شریف پڑھا جب کہ ہمارے یہاں برصغیر اور پاکستان میں دورانخطب خاموش رہنے کی تلقین کی جاتی ہے اور اگر درود پڑھا بھی جاتا ہے تو دل میں۔ نماز کے بعد کچھ دیر مسجد میں بیٹھے رہنا بھی ترکوں کا معمول ہے۔
ترکی کے سارے سفر کے دوران ہمیں گداگر کہیں نظر نہ آئے سوائے اس مسجد کے باہر۔ یہاں ایک بچہ رومال پھیلائے پاکستانی بھکاریوں کی طرح نمازیوں سے بھیک اکٹھا کرنے میں مصروف تھا۔ کسی پاکستانی ’’حاتم طائی‘‘ نے پاکستانی پچاس روپے کے نوٹ کے ذریعے احسانِ عظیم کر رکھا تھا۔ آگے چلے تو ایک بوڑھی خاتون فارسی ملی ترکی میں طالبِ خیرات ہوئی۔ ہم نے اسے حسب توفیق ’’لیرا‘‘ پیش کرکے دعائیں سمیٹیں جس مین اس بڑھیا نے پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے اچھے اور ممنونیت بھرے جذبات کا اظہار کیا۔ اس کا یہ ردعمل یقینا پاکستان سے محبت کا عکاس بھی ہوگا مگر ہمین اس میں ’’لیرا‘‘ کے بڑے اور خاتون کے خلافِ توقع نوٹ کا دخل محسوس ہوا۔ بورصا کی گرینڈ مسجد کے باہر ایک بچے نے جوتے پالش کروانے پر اصرار کیا‘ ہم نے اسے چند لیرا پیش کیے تو اس نے بڑی خودداری سے انکار کر دیا۔
ترکی مساجد میں مخصوص جگہ:
ترکی کی بڑی مساجد گرینڈ مسجد بورصا اور ایاصوفیہ۔ استنبول میں ایک خاص بات یہ نظر آئی کہ اس میں کم و بیش چاپس افراد کے لیے مرکزی محراب کے سامنے دو ایک صفیں چھوڑ کر ایک ڈیڑھ فٹ لکڑی کی جالی کے ذریعے جگہ مخصوص کی گئی تھی۔ حتماً یہ معلوم نہ ہو سکا کہ یہ جگہ اعیانِ سلطنت کے لیے ہے یا قدیم حکمرانوں کے لیے یا پھر امرا و روسائے قوم کے لیے۔

باغات کا شہر بورصا:
عثمانی خلفاء‘ مجاہدوں اور غازیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم 6 نومبر کی شب بورصا پہنچے اور گولڈ میجسٹی ہوٹل میں ٹھہرے۔ ترکی کا چوتھا بڑا شہر اور شمال مغربی صوبے ’’بورصا‘‘ کا دارالخلافہ ’’اولوداغ‘‘ نامی پہاڑ کے درمیان میں ایک انتہائی برفانی مقام جہاں کی تفریحی گاہیں‘ کیبل کار‘ بوٹافیکلی گارڈن اور کئی زرخیز میدان سیاحوں کی کشش کا باعث ہیں۔ بارہ‘ تیرہ لاکھ آبادی کے اس شہر کو YESIL BORSA یعنی ’’سبز بورسہ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں کا ایک چھوٹا سا کلاک ٹاور بھی مشہور اور قابل دید سمجھا جاتا ہے۔ اگر ترک فیصل آباد کا گھنٹہ گھر اور اس کے اردگرد آٹھ بازاروں کی چہل پہل دیکھ لیں تو اس کلاک ٹاور کو ممکن ہے کوئی اور نام دے دیں۔ یہ کلاک ٹاور فیصل آباد کے کلاک ٹاور کے سیاسی استعارے ’’گھنٹہ گھر‘‘ کا مصداق ہرگز نہیں۔ یہ شہر جہاں اپنی شدید برف باری کے حوالے سے معروف ہے وہیں اس کی برفانی تفریحی گاہیں دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ یہ شہر دنیا کے مختلف ممالک کے بیس شہرون کا ’’جڑواں‘‘ قرار دیا گیا ہے جن میں سے ایک پاکستان کا شہر ’’ملتان‘‘ بھی ہے۔ نہجانے ان دونوں میں کیا مماثلت ہے جس کی بنا پر اسے ’’جڑواں‘‘قرار دیا گیا۔ بورصا میں برف ختم نہیں ہوتی اور ملتان میں گرمیوں میں پانی ٹھنڈا کرنے کے لیے برف ملتی نہیں۔ پھر پڑھتا معتدل آب و ہوا‘ سرسبز و پُر بہار ’’بورصا‘‘ کہاں اور ملتان کے گرد گور کہاں۔ یہ شہر 1326ء میں سلطنتِ عثمانیہ کا دارالحکومت بھی رہا۔
بورصا: عثمان غازی‘ الجزائری اور امام خمینی:
بورصا شہر کو سلطنت عثمانیہ غازی نے اپنی زندگی میں فتح کرنے کا خواب دکھا‘ مگر بوجوہ یہ خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا اس کے بیٹے ’’اورحان غازی‘‘ نے اپنے باپ کے خواب کو تعبیر آشنا بنایا اس کی تاریخی اہمیت میں اضافہ الجزائر کے حریت پسند رہنما عبدالقادر الجزائری کے اس شہر میں 1852 تا 1855 تین سالہ قیام نے کیا اور اسے مزید معتبر و وقیع بنایا۔ عصرِ حاضر کے عظیم اسلامی ایرانی انقلاب کے سرخیل امام خمینی کے قیام نے جنہوں نے اپنی پہلی جلا وطنی کے دور میں 1963 میں ’’بورصا‘‘ کو اپنے قیام کے لیے منتخب کیا۔ اگرچہ بورصا میں ان دونوں حریت پسند راہنمائوں کی آمد اور قیام کا کوئی نشان نہ ملا سوائے تاریخی صفحات کے۔
بورصا شہر کا باعثِ دید:
’’بورصا‘‘ شہر میں ہم نے ایک تو ’’کلاک ٹاور‘‘ دیکھا‘ دوسرا ترکی کا سب سے بڑا سلک بازار Kzakhan اور یہ دونوں سرِراہ دیکھنے کو ملے جب ہم ’’بورصا‘‘ میں اپنی اصل منزل ’’عثمان غازی‘‘ اور اس کے بیٹے ’’اورحان غازی‘‘ کے مزارات کی زیارت اور بلندیٔ درجات کی دعا اور ان کی جرأت‘ بہادری اور اسلام دوستی کو سلام کرنے پہنچے۔ پاکستان سے ترکی کے طویل سفر کا یہی مقصود و مدعا تھا ہمارا۔
جرأتوں کے امین عثمان و روحانی غازی:
عثمان غازی کے بانی عثمان غازی اور ان کے بیٹے اورحان غازی کی پہلو بہ پہلو مگر الگ الگ قبور ’’بورصا‘‘ کی اصل یادگار اور پہچان ہیں۔ دنیا بھر کے سیاح بڑی عقیدت‘ احترام اور اشتیاق سے ایک خوب صورت اور وسیع باغ اور شہر کے مرکزی مقام پر موجود ان زعمائے امت کو سلام پیش کرتے اور ان کی جرأت‘ ہمت اور شجاعت کی داستانوں سے آگاہ ہوتے اور بلندیٔ درجات کی دعا کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ چند قبریں اور بھی موجود ہیں۔ یہاں باہر دو پہرے دار مخصوص کائی لباس میں موجود ہمہ وقت چوکس و ہوشیار کھڑے رہتے ہیں۔ یہاں بھی اپنے نظام الاوقات کے مطابق مخصوص فوجی انداز میں گارڈ کی تبدیلی عمل میں لائی جاتی ہے۔ ایک خاص بات یہ کہ مزار میں ایک مخصوص چبوترے پر چوبیس گھنٹے تلاوت قرآنِ مجید کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ یہاں کی جانے والی تلاوت ارطغرل غازی کے مزر بھی گونجتی سنائی دی۔ یہ منظر کچھ اور مزاراتِ مقدسہ میں بھی دکھائی دیا۔
بورصا کی سمجد آیا صوفیہ:
بورصا میں ایک گرینڈ مسجد‘ جسے ترکی میں ’’اولو جامع‘‘ (ULU CAMI) کہتے ہیں۔ اولین عثمانی طرز کی شاہ کار مسجد طویل عرصے تک مکہ کی ’’المسجد الحرام‘‘ کے بعد دنیا کی بڑی مسجد شمار کی جاتی رہی۔ ایسے سلطان بایذیر بلورم نے 1399ء میں جنگ نکلوپولیس میں فتح کی یادگار کے طور پر تعمیر کیا۔ بلاشبہ ایک خوب صورت‘ مضبوط‘ مخصوص طرز تعمیر کا شاہکار ہے۔ اسے بورصا کی ’’آیا صوفیہ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کی دوسری اور بڑی پہچان اور وہ شہرت اپنے وقت کے عظیم کیلی گرافرز کے 192 شہرہ آفاق اور بے مثل و منفرد خطاطی کے شہ پارے ہیں جو اس مسجد کی دیواروں پر جا بجا نصب ہیں جن میں الاسماء الحسنی اور اسمائے رسولؐ تقریباً سب ہی مختلف انداز‘ خط اور سائز میں لکھے گئے ہیں۔ روایت ہے کہ اس مسجد میںایک ایسا متبرک مقام بھی ہے جہاں حصرت خضر علیہ السلام نے نماز ادا کی تھی۔ ہم نے بھیاس جگہ دو نوافل ادا کیے اور بارگاہِ ایزدی مین دعائوں کا شرف حاصل کیا۔
کعبہ کا دروازہ اور حجرِاسود کا ٹکڑا:
یہ بھی روایت ہے کہ اس مسجد میں کعبہ مشرفہ کا پانچ سو سالہ قدیم دروازہ بھی موجود ہے جو سلیم اوّل نے تحفتاً پیش کیا اور کعبہ مقدسہ میں نصب حجرِاسود کا ایک ٹکڑا بھی موجود ہے جو کعبہ سے چوری ہونے والے حجراسود کا ایک ٹکڑا ہے۔ افسوس کہ ہم ان دونوں تبرکات کی زیارت نہ کرسکے۔ اس مسجد کے بیس گنبد اور دو طویل مینار بھی اس کی پہچان ہین۔ ہمیں اپنے سفرِ ترکی مں دیکھی جانے والی مساجد مین سے یہ واحد مسجد نظر آئی جس میں ’’چندہ بکس‘‘ بھی موجود تھا۔ اپنا حصہ ڈالنے کی سعادت بھی ہمارا مقدر ٹھہری۔
گرین مسجد:
ایک اور خوب صورت اور بڑی مسجد شہر کی بلند ترین پہاڑی پر واقع ہے‘ جسے سلطان مہمت نے 1419ء میں تعمیر کیا۔ یہ مسجد سبز رنگ کی دل کش ٹائلز اور خوب صورت کیلی گرافی سے مزین ہے۔ تقریباً ہر بری مسجد کے باہر وسیع احاطے میں سبزہ‘ پھول اور درخت نظر آئے اور باہر شاپنگ مالز۔ یہاں سرکاری امامو مؤذن سے مختصر ملاقات ہوئی۔ عربی کے چند جملوں میں مختصر تبادلۂ خیال ہی ہو سکا‘ مؤذن صاحب کورونا کے خطرات کے کچھ زیادہ ہی شکار تھے اور محتاط بھی۔ اس مسجد کے باہر بہت اونچی جگہ پر ایک اور خوب صورت‘ پُر شکوہ مقبرہ تھا‘ جہاں کسی بڑے عالم دین اور دیگر افراد کی قبریں موجود تھیں۔ ہم ان کی شناخت نہ جان سکے کہ سیڑھیاں چڑھ کر بے حال ہو چکے تھے‘ بہرحال دعا کی اور تصویر بنائی۔
آئی برڈ ویو:
ایک اور پہاڑی پر ایک خوب صورت منظر بھی ہمارا حاصلِ سفر تھا‘ ایک وسیع‘ خوب صورت احاطہ جو چند سال پہلے 2010ء میں تعمیر کیا گیا‘ جہاں سے استنبول کے مشاقانِ دید کو ’’بورصا‘‘ سے استنبول کا طائرانہ نظارہ کرایا جاتا ہے۔ جنگلے کے ساتھ کھڑے ہو کر نظر جھکائیں تو بورصا کا خوب صورت شہر اور نظر دوڑائیں تو دور سمندر پار استنبول کے دل فریب مناظر۔ بلاشبہ ہمارا اشتیاق بھی دو چند ہوگیا اور استنبول کی جانب کھنچنے لگے۔
استنبول کے مسافر:
ایک آنکھ سے ’’بورصا‘‘ شہر اور دوسری سے ’’استنبول‘‘ شہر دیکھنے کے بعد استنبول کا اشتیاق فزوں تر تھا۔ مگر ابھی استنبول کے وصل میں دو منزلیں حائل تھیں ایک ’’منیرہ‘‘ اور دوسرا 600 سال پرانا گائوں Cumalikiziki۔
’’منیرہ‘‘ ایک جدید شاپنگ مال ہے جہاں سے ہمیں ’’ٹرکش ڈیلائٹس‘‘ اور دیگر اشیا کی خریداری کی ترغیب دی گئی تھی‘ یہاں مختلف اقسام کی روایتی اور غیر روایتی مٹھائیاں جو ترکی کی مشہور و مقبول سوغات ہیں‘ ہمیں دو سوئٹس زیادہ پسند آئیں ایک مختلف ذائقوں‘ رنگت ار فلیورز کی جیلی نما مٹھائی اور دوسری مختلف پھلوں کو خشک کرکے محفوظ کی گئی۔ عربین ڈیلائٹس جنہیں ترکی ذائقہ اور انداز دیا گیا تھا‘ بھی موجود تھیں اور بے شمار اقسام۔ یہ مٹھائیاں خاصی مہنگی تھیں۔ ان کے علاوہ زعفران کی اقسام‘مختلف جڑی بوٹیاں‘ مختلف امراض کے لیے۔ کافی کے ثابت دانے اور تازہ پسنی ہوئی کافی‘ کاسمیٹکس کا سامان‘ سوونیئرز‘ خوشبوئیات وغیرہ سب کچھ موجود تھا۔ پیکنگ پرکشش اور محفوظ مگر زون میں شامل۔ ایک خاص چیز وہاںمختلف قسم کے ’’صابن‘‘ تھے۔ ترکی صابن خاصے اچھی کوالٹی اور اقسام کے دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ پیک شدہ اور پیکنگ کے بغیر۔ ہمیں ان کے فضائل کا علم نہ تھا اور نہ ہی ضرورت البتہ بس میں بیٹھنے کے بعد معلوم ہوا کہ گائیڈ مسٹر والکن نے ’’ڈونکی سوپ‘‘ کی خاصی مقدار خریدی جو آئلی اسکن کے لیے مفید ہے۔ پاکستانیوں نے ڈونکی سوپ جو گدھی کے دودھ سے بنایا جاتا ہے‘ کے حوالے سے مسٹر والکن کو خوب زِچ کیا۔
’’منیرہ‘‘ نے ہمارے تیس ہزار روپے خرچ کروا دیے۔ جو ہم نے لیرا اور ڈالرز میں ادا کیے۔ یورو کی کرنسی ڈالر سے زیادہ مقبول ہے اور سیاحوںکو مشورہ دیا جاتا ہے کہ آتے ہوئے ’’یورو‘‘ ساتھ لائیں کہ اس کا اچھا ریٹ ’’لیرا‘‘ میں مل جاتا ہے اور واپس جاتے ہوئے لیرے ساتھ لائیں‘ جو پاکستان میں منافع بخش قیمت میں فروخت ہوسکیں گے۔ ’’منیرہ‘‘ والوں سے ہم ’’ترکی نمی دانم‘‘ اور وہ انگریزی سے الرجک ہونے کے باعث کوئی بارگینگ نہ کرسکے اور نہ مانگی قیمت ادا کرنے پر مجبور رہے۔ ’’ظالموں‘‘ نے رسید بھی نہ تھی کہ استنبول میں موازانہ کرکے اپنے ’’لٹنے‘‘ کا جائزہ لے سکتے۔اچھا ہی ہوا‘ ہم لٹے تو سہی‘ مگر اس کے ’’بوجھ‘‘ اور ’’درد‘‘ سے پاک ہی رہے۔
600 سال پرانا گائوں:
راستے کی دوسری ’’منزل‘‘ چودھویں صدی عیسوی میں قائم کیا جانے والا چھ سو سال پرانا گائوں تھا۔ برسرِ شارہ ایک اونچی پہاڑی پر قائم اور گلیاں‘ مکانات اور دیگر اماکن اپنی اصل حالت میں موجود عالمی ادارے یونیسکو کے ورلڈ ہیرٹیج (آثارِ قدیمہ) میں شامل ہے جس کے گھروں میں تیار ہونے والا پاستا‘ خشک مٹھائیاں اور تازہ پھل جو مقامی باغات اور فارمز سے حاصل کیے جاتے ہیں‘ بہت مقبول ہیں۔
صاف‘ سرسبز و شاداب‘ پھل دار درختوں سے بھرا ہوا یہ گائوں جدت و قدامت کا حسین امتزاج تھا۔ ہم سے اونچائی پر تو نہ چڑھا گیا‘ مگر جو دیکھا اور سنا اس گائوں کو خاصے کی چیز سمجھا۔ گائوں کے شروع میں قدیم انداز کا بازار‘ چھوٹی کھوکھے نما مگر ترتیب سے بنائی گئی دکانیں اور ان میں قدیم روایات و ثقافت کی عکاس چیزیں‘ سوونیئر اور یادگاری کے لیے برائے فروخت موجود تھیں۔ ترکی کے قدیم روایتی لباس کھلی گھیرے والی شلواریں اور رنگ برنگی روایتی کھلی قمیضمیں اور سروں پر مخصوص انداز سے اسکارف لپیٹے بوڑھی خوارتین ان دکانوں پر بہت معمولی قیمت پر یہ چیزیں بیچتی نظر آئیں۔ گائوں میں جدید دکانیں بھی نظر آئیں۔ آنے والے گاڑیوں پر سوار ہو کر آتے‘ گاڑی کا چکر لگاتے اور قدامت کے انداز میں جدت کو تلاش کرتے‘ مناظر و ماحول سے لطف اٹھاتے۔ راستے میں مختلف مقامی پھلوں سے پانی ملے جوس بیچنے والے بھی بجابجا نظر آئے۔ اونچائی کی بیزاری اور رکاوٹ نیہمیں نہ کچھ خریدنے دیا نہ جوس سے لطف اٹھانے دیا۔
جانبِ منزل:
بورصا کے اندر اور باہر خاصا وقت گزر گیا‘ منتظمین نے اعلان کر رکھا تھا کہ ہم ’’بورصا‘‘ سے اپنی بسوں سمیت بحری جہاز کے ذریعے شام ڈھلے استنبول کا سفر کریں گے۔ یقینا ایک یادگار اور خوش گوار انوکھا سفر ہوتا۔ مگر ہم بورصا اور ’’منیرہ‘‘ کے ایسے اسیر ہوئے کہ استنبول کی جانب زمین راستے کا انتخاب کرنا پڑا جویقینا طویل بھی تھا اور قدرے بور بھی۔
رات کے اندھیروں میں استنبول پہنچے‘ بس اس کی روشنیوں میں اس کی جدت اور قدامت کے ساتھ حسنِ تمام کی جھلک ہی دیکھ سکے۔ رات کا کھانا مقامی ریستوران میں کھایا اور ہوٹل Clarion Golden Norn میں جا ٹھہرے‘ جو اجک اونچی پہاڑی پر تھا‘ مگر اس کے فضائل و اردگرد کے سحر سے اگلی صبح باخبر ہوئے۔

(جار ی ہے)