تم اکیلےنہیں الخدمت کے تحت ڈونر کانفرنس کا انعقاد

445

دنیا میںنیکی کا کوئی بھی کام ہوا س کے پیچھے بے مثال محنت اور مشقت کار فرما ہوتی ہے ا ور اسی جہد مسلسل کے نتیجے میں بڑی کامیابیاں ملتی ہیں اور یہی کام پھرنام بھی بناتا ہے اور مقام بھی ۔الخدمت بھی ان ہی این جی اوز میں سرفہرست ہے جس نے 46سال سے جہد مسلسل کے بعد یہ مقام حاصل کیا ہے ۔آج لوگ اس کا اقرار بھی کرتے ہیں اور اس پربھرپوراعتماد بھی کرتے ہیں ۔الخدمت کی خدمات کی خاص بات یہ ہے کہ کسی رنگ ونسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر خدمت کر رہی ہے اور یہ زندگی کے ًتمام شعبوں میں کام کر رہی ہے۔یہ نہ صرف عام حالات میں لوگوں کی خدمات میں پیش پیش رہتی ہے،بلکہ ہنگامی حالات میں بھی اس کے ہزاروں کارکنان پیش پیش رہتے ہیں ۔صحت ،تعلیم ،کفالت یتامیٰ ،مواخات ،صاف پانی کمیونٹی سروسز ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ وہ شعبے ہیں ،جن میں الخدمت کے مثالی کام ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کاموں کو نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستان سے باہر بھی انتہا ئی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔
ہرسال کی طرح اس بر س بھی کراچی کے مقامی ہوٹل کے خوبصورت ہال اور ماحول میں الخدمت کی جانب سے مخیر حضرات سے تشکراورنیکی کے کاموں شرکت کی دعوت کیلئے’’ کفالت یتامیٰ ‘‘ پراجیکٹ کے سلوگن ’’ تم اکیلے نہیں‘‘ کے عنوان سے ایک کانفرنس اور ڈنر کا اہتما م کیا گیا،جس میں نہ مختلف نجی و سرکاری کمپنیوں کے سربراہان بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن تھے۔تقریب سے الخدمت کراچی کے چیف ایگز یکٹیو نوید علی بیگ، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدرڈاکٹر مشتاق مانگٹ، الیکشن کمشنر کراچی ندیم حیدر، سابق چیئرمین آباد محسن شیخانی، جنرل منیجر کارپوریٹ کمیونیکیشن سوئی سدرن گیس کمپنی شہباز اسلام، معروف نیورو لوجسٹ ڈاکٹر واسع شاکر، نجی ٹی وی کے بیورو چیف فیصل عزیز، اینکر فواد احمد‘ سابق چیئرمین آباد محسن شیخانی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر الخدمت کراچی کے ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی اور الخدمت کے تمام شعبہ جات کے ڈائریکٹرز اور منیجرز بھی موجود تھے ۔
تقریب میں ہال کے ایک جانب سابق سٹی ناظم کراچی اور سابق صدر الخدمت نعمت اللہ خان کی قد آدم تصویر موجود تھی‘ مقررین نے 2005 کے زلزلے اور عام حالات میں نعمت اللہ خان کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔نظامت کے فرائض ٹی وی اینکر اویس احمد منگل والا اور الخدمت کے فرید احمد نے انجام دیئے ،جبکہ عبدالحکیم ناصف نے موجود وقت اور حالات کے لحاظ سے طنز ومزاح پر مبنی اشعار پیش کر کے وہاں موجود حاضرین کو خوب محظوظ کیا اورداد تحسین سمیٹی ۔
تقریب سے خطاب کر تے ہوئے صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن الخدمت کے ساتھ تعاون کرنے اوراپنے اعتماد کے رشتے کو قائم وائم رکھنے پر اظہار تشکر کر تے ہوئے کہا کہ جو لوگ نیکی کے کاموں میں حصہ لیتے ہیں ۔اللہ تعالیٰ اس کا اجر مزید بڑھا چڑھا کر دیتے ہیں ۔اگر انفاق فی سبیل اللہ یعنی اللہ کے راستے میں خرچ کرنے کا عمل معاشرے میں عام ہوجائے تو معاشرے میں نمایاں اور خوشگوار تبدیلی آسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہر چیز کی جزا ملنا مشکل،تاہم اللہ کے یہاں نیکی کے کام کا بدلہ بڑھا چڑھا کر ملتا ہے اور اگر انسان آخرت میں کچھ حاصل کرنا چاہتا ہے تو دین اور بھلائی کے کاموں کیلئے خود کو وقف کر دے ۔انہوں نے کہا کہ الخد مت کے کام سب کے سامنے ہیں ۔اللہ کے بندوں کی خدمت کیلئے کام کر رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کر رہی ہے ،6ماہ میںنیا ڈائیگنوسٹک سینٹر قائم کر نا چاہتے ہیں ،جس میں ہم لوگوں کو ایم آرآئی اور سی ٹی اسکین کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ الخدمت کو ان دونوں مشینوں کی ضرورت ہے ،جن کی مجموعی لاگت 20کروڑ روپے ہے ۔انہوںنے اپیل کی کہ مخیر حضرات اس سلسلے میں تعاون کریں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت زندگی کے 7 شعبہ جات میں کام کر رہی ہے ،جس میں کفالت یتامیٰ ،تعلیم ،صحت، روز گار،صاف پانی ،کمیونٹی سروسز ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ شامل ہیں ۔انہوں نے تمام شعبہ جات میں انجام دی جانے والی خدمات سے متعلق شرکاء کو آگا ہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے کووڈ۔19اور طوفانی بارشوں کے دوران کراچی کے شہریوں کی بھرپور خدمت کی اورمثالی کام کیا ۔نو ید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت نے ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی آغوش ہوم تعمیر کیا ہے، جس کا طرز تعمیر انتہائی خوب صورت ہے۔ 200 یتیم بچوں کی کفالت کے لیے قائم اس منصوبے میں یتیم بچوں کو معیاری تعلیم، بورڈنگ کا بہترین ماحول ،صاف ستھرا معیاری کھانا، صحت، لائبریری، کمپیو ٹر لیب، اِن ڈور گیمز، کیریکٹر بلڈنگ، نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مخیر حضرات سے کہا کہ وہ الخدمت کے کاموں میں آگے آئیں اور دل کھول کر عطیات دیں۔
نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ یونیسف کے مطابق اس وقت پاکستان میں 42 لاکھ بچے یتیم ہیں۔ 2005 میں الخدمت نے زلزلے کے دوران بڑا کام کیا۔ نعمت اللہ خان مرحوم نے اس کے لیے بڑاکردار ادا کیا۔ 80 ہزار لوگ بے گھر ہوئے۔ 2005 میں ہی اٹک میں یتیم بچوں کیلئے آغوش ہوم بنایا گیا ۔آج اس سے پڑھنے والے بچے عملی زندگیوں میں آچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھرمیں 14ہزار یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے،ہر بچے کی 4ہزار ماہانہ اور 48000سالانہ سے مدد کی جارہی ہے ۔ان بچوں کو اس عمل سے یہ حوصلہ ملتا ہے کہ وہ اکیلے نہیں الخدمت ان کے ساتھ ہے ۔ ملک میں 14آغوش ہوم یتیموں کی پرورش کر رہے ہیں۔ کراچی میں بھی آغوش ہوم تعمیر کیا جا چکا ہے ۔
ڈاکٹر واسع شاکر نے کہا کہ اللہ کے راستے میں خرچ کرنے سے جو خوشی حاصل ہوتی ہے ،وہ کسی اور چیز سے نہیں ملتی۔جولوگ اللہ کی راہ میں خر چ کرتے ہیں اللہ کی رحمت ا ن پر نازل ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیکی کے کاموں میں آگے آکر اور بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام کی زندگیوں سے بھی ہمیں اللہ کے راستے میں اپنے مال کو خرچ کرنے عظیم مثالیں ملتی ہیں۔ہمیں اپنے اپ کو نیکی کے کاموں کیلئے پیش کرنا ہوگا۔
الیکشن کمشنر کراچی ندیم حیدر نے کہا کہ این جی اوز تو اور بھی ہیں مگر الخدمت سب سے زیادہ اچھا کام کر رہی ہے۔الخدمت کو چاہیے کہ وہ مواخات کے کام کو آگے بڑھائے ۔کسی پریشان حال کو اس کے پیروں پر کھڑا کردینا بھی بڑی نیکی کا کام ہے ۔الخدمت اس حوالے سے کام کر رہی ہے یہ بات خوش آئند ہے ۔
فیصل عزیز نے کہا کہ الخدمت عمدہ کام کر رہی ہے۔ نئی نسل کو ٹیکنالوجی کی تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ آنے والی نسل باصلاحیت اور ذہین ہے ،اس کیلئے ٹیکنالوجی کی تعلیم کو موجودہ تعلیمی نظام میں شامل کیا جانا ضروری ہے تاکہ ہم دنیا کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں ۔
سابق چیئر مین آباد محسن شیخانی نے کہا کہ الخدمت ہر قع پر خدمت کر تی نظرآتی ہے ۔ انسانیت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ۔اسلام ہمارا دین ہے اور اسلام ہمیں دوسروں کا خیال رکھنے کا حکم دینا ہے ۔ملک بھر میں سماجی تنظیمیں کام کر رہی ہیں ۔لوگوں میں مدد کا بڑا جذبہ ہے ۔جب زلزلہ آیا تو اس الخدمت نے متاثرہ علاقوں میں بڑھ چڑھ کر کام کیا اورلوگوں نے بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کی ۔محسن شیخانی نے کہا کہ لوگوں کے کام آنا اور ان کی فلا ح وبہبود کیلئے کام کرنے کا بڑا اجرہے ۔انہوں نے آباد کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔
الخدمت دسترخوان کے نگران جنید مکاتی نے کہا کہ ہم نے کراچی میں الخدمت دستر خوان کے ذریعے رواں برس 7کروڑ وپے سے لوگوں کو کھانا اور راشن فراہم کیا ،اس سال کا ہدف 12کروڑ روپے ہے ۔
شہباز اسلام نے کہا کہ میں اپنی کمپنی کا شکر گزار ہوں جس نے بچوں کی کفالت کا بیڑا اٹھایا اورمجھے اس عمل کا حصہ بنایا ۔انہوں نے کہ الخدمت بڑا کام کر رہی ہے ،یہی وجہ ہے کہ ہماری کمپنی اس کے ساتھ ہے اور کفالت یتامیٰ پراجیکٹ میںکچھ یتیم بچوں کی کفالت کا فریضہ انجام دے رہی ہے ۔
تقریب میںلوگوں نے الخدمت کودل کھول کرعطیات دیئے ۔ اس موقع پر تمام شرکا کو شیلڈزاور تھائف دیئے گئے۔تمام مہمانوں نے الخدمت کی خدمات کی تعریف کی اوراپنے مکمل تعاوکی یقین دہا نی کروائی ۔
nn

حصہ