آزادئ اظہار کی نام نہاد تحریک

367

سیدالانبیاءؐ کی اس حدیث کو تو مسلمان ملکوں پر حکمران سیکولر لبرل، آمر، ڈکٹیٹر اور خاندانی بادشاہ بھی علمائے کرام کو مساجد کے منبروں پر نہیں پڑھنے دیتے اور مقام حیرت ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ’’جوبائیڈن‘‘ نے اپنی تقریر ہی اس عظیم حدیث پر ختم کی ہے۔ (مسلم امّہ کے ستاون ملکوں پر جتنے بھی ڈکٹیٹر یا جمہوری حکمران مسلط ہیں، ان کی اکثریت سیکولر لبرل آئیڈیالوجی کی حامل ہے، اسی لیے میں انہیں مسلمان حکمران کہہ کر اسلام کو بدنام کرنے کی سازش میں شریک نہیں ہوسکتا۔) ۔
بات یہاں تک رہتی تو پھر بھی ٹھیک تھا، لیکن وہ جدید میڈیا جس کی تخلیق ہی سچ کی آواز دبانے اور جھوٹی اطلاعات کو سچی بنا کر پیش کرنے کے مقاصد پر ہوئی تھی، اسی کے ایک چینل ’‘وائس آف امریکا‘‘ نے اس تقریر میں سے خاص طور پر وہ حصہ نکالا جس میں وہ فرمانِ رسولِ اکرم ؐ تھا اور پھر امریکی مسلمانوں سے متعلق ایک وڈیو بنا کر نشر کردی۔
پوری دنیا پر مسلط آزادی اظہار کے ’’نام نہاد ٹھیکیدار‘‘ وہ ہیں، جو دنیا بھر میں ’’نفرت انگیز مواد’’ (Hate Speech)کے نام کی تلوار لہراتے پھرتے ہیں اور اس کی آڑ میں ہر اس آواز کا گلا گھونٹتے ہیں جو ان کی مخالف ہو، ہر اس شخص پرمقدمہ بنواتے ہیں، سزائیں دلواتے ہیں، جو ان کے لبرل سیکولر نظر یات کا ناقد ہو اور ہر اس اثر پذیر مقرر کے داخلے پر اپنے ملکوں میں پابندی لگواتے ہیں، جس کے خیالات کی سچائی لوگوں کے دلوں پر جادو کرتی ہو۔ اس وڈیو پر یہ ’’ٹھیکیدار‘‘ ایک دم چونک اٹھے، چونکہ یہ ویڈیو وائس آف امریکا کی اردو سروس نے بنائی تھی، اس لیے فوراً اس کی سربراہ مشہور صحافی ’’تابندہ نعیم‘‘ کو معطل کرکے جبری رخصت پر بھیج دیا گیا، جس کا منطقی انجام نوکری سے برخواستگی ہے۔ اس کے ساتھ ہی چار دیگر ملازمین کو بھی معطل کرکے 11 اگست 2020ء کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دیے گئے۔ ان میں سے تین نے اپنے جوابات جمع کروادیے ہیں جبکہ چوتھے نے کہا ہے کہ میں عدالت میں اپنا مقدمہ لے کر جائوں گا۔ اگر ان تین کے جوابات بھی تسلی بخش نہ ہوئے تو انہیں 19اگست 2020ء کو نوکری سے نکال دیا جائے گا۔
وائس آف امریکا کے موجودہ سربراہ ’’مائیکل پیک‘‘ (Michael Pack)نے جون میں اس ادارے کا چارج سنبھالا تھا۔ اس کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ایسا کچھ ہو جائے گا۔ جوبائیڈن والی اس وڈیو نے تو وہاں طوفان کھڑا کر دیا اور مائیکل پیک نے اردو سروس کے علاوہ سات دیگر سینئر پروڈیوسر کو بھی براستہ کورئیر سروس ایسے خطوط بھجوائے ہیں کہ نوکری سے پہلے جو ان کی سیکورٹی کلیئرنس ہوئی تھی، اسے ختم کیا جاتا ہے اور اب انہیں ازسرِ نو اپنی سکیورٹی کلیئرنس کرواناپڑے گی۔
جوبائیڈن کی اس وڈیو کے بارے میں سب سے بڑا الزام یہ ہے کہ اس کے بنانے والوں نے اس نظریاتی تصور کی خلاف ورزی کی ہے، جو امریکا پوری دنیا میں اپنے نشریاتی ادارے کے ذیعے پھیلاتا ہے۔ اس وڈیو کے نشر ہونے کے فوراً بعد وائس آف امریکا کے بھرتی کے سارے نظام کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وائس آف امریکا کے پندرہ سو ملازمین ہیں، جن میں سے اکثریت بیرون ملک افراد کی ہے، کیوں کہ نشریات کئی زبانوں میں ہوتی ہیں۔ اب ہر ملازم کو انفرادی طور پر سکیورٹی کلیئرنس کی چھلنی میں سے دوبارہ چھانا جا رہا ہے۔
وائس آف امریکا کے آزادیٔ اظہار کے ’’ٹھیکیداروں‘‘ نے اپنے وضاحتی بیان میں وہی روایتی باتیں کی ہیں کہ ہم تحقیق کر رہے ہیں کہ یہ وڈیو کہیں جانب دارانہ مواد تو نہیں رکھتی اور اس میں کہیں دونوں طرف کا مؤقف بیان کرنے میں کوتاہی تو نہیں ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ امریکا نے جو 2018ء کی امیگریشن پالیسی بنائی تھی، اسے چونکہ سپریم کورٹ نے بھی صحیح قرار دیا تھا، اس لیے اس پر گفتگو عدالت کی توہین تو نہیں۔ توہینِ عدالت کی تلوار بھی ساتھ ہی لٹکادی گئی۔
کس قدر منافقت ہے کہ اس صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے جو کہا ہے، آپ اس پر اسے عدالت میں نہیں گھسیٹتے، بلکہ میڈیا پر تلوار چلاتے ہیں تاکہ آئندہ میڈیا والوں کو سبق ہو جائے۔ اس وڈیو میں کیا ہے، جسے اب تک کروڑوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔ وڈیو انگریزی میں ہے، لیکن اس کی اردو سب ٹائٹلنگ کی گئی ہے، جو غالباً اردو سروس کے ناظرین کے لیے تھی۔ وڈیو جو بائیڈن کے کلوزاَپ میں کہے گئے اس فقرے سے شروع ہوتی ہے:
’’صدارت کے پہلے دن ہی میں مسلمانوں پر پابندی کا خاتمہ کردوں گا۔‘‘ اس کے بعد یہ ٹائٹل آتا ہے ’’صدارتی امیدوار جوبائیڈن کا امریکی مسلمانوں سے خطاب، خطاب کا اختتام حدیث پر کیا گیا۔‘‘ اس کے بعد پھر جوبائیڈن کی تقریر کا وہ حصہ بتایا جاتا ہے جس میں یہ حدیث ہے۔ ’’پیغمبر اسلام‘‘ کی حدیث ہمیں سکھاتی ہے ’’تم لوگوں میں سے جو کوئی غلط ہوتا دیکھے اسے ہاتھ سے روکے، اگر ایسا نہ کرسکے تو زبان سے روکے، یہ بھی نہ کر سکے تو دل میں برا جانے۔‘‘ اس کے بعد جوبائیڈن کے وہ فقرے ہیں کہ ’’تمہاری آواز تمہارا ووٹ ہے اور مسلمان امریکیوں کی آواز بہت اہم ہے، میں ایک ایسا امریکی صدر بنوں گا جو روز مرہ کے معاملات میں مسلمانوں کے خیالات اور تجاویز کو سنے گا۔ میں مسلمانوں کو اپنی انتظامیہ کا حصہ بنائوں گا۔‘‘ اس کے بعد دکھایا گیا ہے کہ امریکا کی مسلمان تنظیمیں جو بائیڈن کی حمایت کررہی ہیں، جن میں مسلمان اراکین کانگریس بھی شامل ہیں۔ آخر میں مختلف مسلمانوں کو دکھا کر یہ فقرہ لکھا ہوا ہے ’’ہم تاریخ کا رخ موڑ سکتے ہیں۔‘‘ (We Can Change The Course Of History)
یہ صرف دو منٹ کی وڈیو ہے، جس کے نشر ہونے پر پوری امریکی نشریاتی دنیا میں ایک بھونچال آگیا ہے۔ اظہار رائے کی اخلاقیات کے داعی وائس آف امریکا، دیگر امریکی ادارے اور یورپی میڈیا کی تو تاریخ ہی جھوٹ، فریب، دھوکے اور حقائق کو مسخ کرنے والی خبروں اور وڈیوز سے عبارت رہی ہے۔ آخری جھوٹ صدام حسین کے کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں بولا گیا تھا اور بار بار بولا گیا اور اس کے بعد لاکھوں لوگوں کو قتل کرکے معافی مانگ لی گئی تھی۔ صرف ایک ادارے بی بی سی کے نوے فیصد پروگرام کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں جھوٹ پر مبنی تھے اور اس مقابلے میں وہ لوگ جو لندن میں جنگ کے خلاف مظاہرے کر رہے تھے، اُن کو صرف 2 فیصد دکھایا گیا تھا۔ مارچ 1968ء کی 16تاریخ کو، جب ویت نام میں ’’مائی لائی‘‘ کا قتل عام ہوا تھا، اس دن وہاں 649 رپورٹر موجود تھے لیکن ایک بھی قتل کی خبر نشر نہیں ہوئی تھی۔
میڈیا کی اس جھوٹ، فریب اور دھوکے کی تاریخ پر ہزاروں صفحات لکھے جا سکتے ہیں۔ لیکن یہاں معاملہ کچھ اور بھی ہے اور وہ ہے حضرت ابوسعید خذریؓ کی روایت کردہ اس حدیث کا جو صحیح مسلم، مسند احمد بن حنبل اور سنن ابی دائود میں صحیح اسناد کے ساتھ موجود ہے۔ اس حدیث کو مسلمانوں کے ذہن سے کھرچنے کی کوششیں گزشتہ کئی سو سال سے ہورہی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ حدیث پہلے درجے پر اس شخص کے ایمان کو رکھتی ہے، جو برائی کو ہاتھ سے روکے اور ان لوگوں کو جو برائی کو دل سے بھی برا نہ سمجھیں انہیں تو ایمان کے نچلے درجے سے بھی خارج قرار دیتی ہے۔ نائن الیون کے بعد پرویزمشرف دور میں اس حدیث کو بیان کرنے والے علماء کو اٹھا لیا جاتا تھا اور آج تک یہ سلسلہ ختم نہیں ہوا۔ یہ حدیث ایک ایسا ترازو ہے، جس میں ’’نہی عن المنکر‘‘ یعنی برائی کو روکنے کی ذمہ داری تو لی جاتی ہے۔ اس حدیث سے جہاں ستاون اسلامی ممالک کے سیکولر، لبرل آمر اور بادشاہ و حکمران خائف ہیں، وہیں آزادیٔ اظہار کا ’’ٹھیکیدار‘‘ میڈیا بھی بہت خوف زدہ ہے۔ اسی حدیث کے انکار پر ہی تو پورا قادیانی مذہب کھڑا ہے کہ مرزا غلام احمد سے یہ اعلان کروایا گیا تھا کہ میرے ’’نبی‘‘ ہونے بعد اب جہاد حرام ہو چکا ہے۔ کس قدر حیران کن بات ہے کہ یہ حدیث اس شخص کے منہ سے میرے اللہ نے نکلوائی جو آٹھ سال امریکا کا نائب صدر رہا اور اب صدارتی امیدوار ہے۔
میرے اللہ کا امر سب پر غالب ہے۔

حصہ