گھریلو ٹوٹکے جنہیں سائنس نے بھی تسلیم کیا ہے

361

کیا آپ کو معلوم ہے کہ چکن سوپ نزلہ زکام کے لیے بہترین دوا ہے۔ درحقیقت سائنس نے بیشتر ایسے گھریلو نسخوں کی افادیت کو تسلیم کرلیا ہے جن پر پہلے اعتبار کرنا مشکل ہوتا تھا۔ یہاں ایسے ہی چند گھریلو ٹوٹکوں کا ذکر ہے جو درد سے نجات، سردرد میں کمی، نزلے سے راحت یا آپ کی مسکراہٹ کو روشن کرسکتے ہیں۔

پانی کے غرارے سانس کی بالائی نالی کے انفیکشن کے لیے

گلے میں خرابی محسوس ہورہی ہے تو سادہ پانی سے غراروں کو آزما کر دیکھیں۔ ایک طبی تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ سادہ پانی سے غرارے کرتے ہیں ان میں سانس کی بالائی نالی میں انفیکشن کا خطرہ کم ہوتا ہے، اور یہ وہ انفیکشن ہے جو نزلہ، زکام اور فلو کا باعث بنتا ہے۔ محققین کے مطابق یہ لوگوں کو نزلہ، زکام سے تحفظ دینے کا مؤثر طریقہ ہے۔

متلی سے بچائو کے لیے ادرک

اگر آپ ہیضے یا پیٹ خراب ہونے کے بعد متلی یا دل مالش کی کیفیت میں مبتلا ہیں تو ادرک کو آزما کر دیکھیں۔ ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ متلی ہونے پر صرف ایک گرام ادرک بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ اس سے ہٹ کر ادرک پیٹ میں گیس اور کھانا ہضم نہ ہونے کے حوالے سے بھی فائدہ مند ہے۔

چکن سوپ ، نزلہ زکام کے لیے

ایک تحقیق کے مطابق چکن سوپ کا استعمال خون کے سفید خلیات کے اس حصے کی سرگرمیوں کو سست کردیتا ہے جو شدید انفیکشن کا باعث بنتا ہے۔ باَلفاظِ دیگر سوپ نزلہ زکام کا باعث بننے والی متعدد چیزوں کی روک تھام کرتا ہے۔

سیب اور گاجریں سفید دانتوں کے لیے

سیب اور گاجریں نہ صرف جسم کے لیے اچھے ہوتے ہیں بلکہ یہ دونوں آپ کے دانتوں کو بھی جگمگاتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق جب سیب اور گاجر کو دانتوں سے توڑ کر چبایا جاتا ہے تو یہ دانتوں کی سطح پر موجود داغوں کو ہٹانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ سیب اور اسٹرابری میں مالیس ایسڈ بھی ہوتا ہے جو دانتوں کی سطح کو سفید رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

کھانسی کے لیے شہد کا استعمال

کھانسی سے بچائو کے شربت کا ذائقہ پسند نہیں، تو عالمی ادارۂ صحت نے شہد کو بھی بچوں کی کھانسی کی ادویہ میں شامل کررکھا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق کھانسی کے شکار بچوں کو اگر سونے سے قبل دس گرام شہد پلایا جائے تو کھانسی کی شکایت میں کمی آتی ہے اور نیند بھی خراب نہیں ہوتی۔

برف سردرد سے بچائے

برف کی ڈلی سے سر یا گردن کے پچھلے حصے پر مساج کیا جائے تو اس سے آدھے سر کے درد کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ برف کا سرد احساس آپ کے ذہن سے تنائو کو بھی نکال باہر کرتا ہے۔ مائیگرین کے شکار افراد پر ہونے والی ایک تحقیق میں جب اس طریقے کو آزمایا گیا تو آدھے گھنٹے میں ان کے درد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
__________________________________

تصحیح

گزشتہ شمارے میں نئی نسل کے صفحے پر شائع ہونے والا مضمون ’’یہ کون رخصت ہوگیا؟‘‘ لائبہ عامر کی تحریر ہے، جب کہ صفحہ خواتین پر ’’گٹھری‘‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی تحریر آمنہ آفاق کی ہے۔ (انچارج صفحہ خواتین)

حصہ