الخدمت کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ “کورونا ٹیسٹنگ لیب” کا قیام

298

دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح کورونا کی وبا نے پاکستان کو بھی متاثر کیا ہے اور اس وبا کے نتیجے میں سب زیادہ جو مسائل دیکھنے کو ملے ہیں، وہ صحت کے شعبے سے متعلق ہیں۔ اس وبا نے لوگوں پراپنے نفسیا تی اثرات مرتب کیے ہیں۔ ہر نزلہ زکام سے متا ثرہ شخص کی خواہش ہے کہ وہ کورونا ٹیسٹ کروائے۔ شہر میں کورونا کے مہنگے ٹیسٹ کو دیکھتے ہو ئے الخدمت نے ہنگا می بنیادوں پر ایک ماہ میں ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ’’ کورونا ٹیسٹنگ ‘‘( وائرو لوجی اینڈ جینٹک ) لیب قائم کی، جس کا مقصد شہریوں کو مہنگے ٹیسٹ کی سہولت ارزاں نرخوں پر فراہم کرنا ہے تاکہ لوگ کسی پریشانی کے بغیر ٹیسٹ کرواسکیں اور یہ عمل ان کے لیے مالی طور پر بھی سہل ہو۔
الخدمت کا یہ کوئی پہلا تجربہ نہیں تھا بلکہ الخدمت صحت کے شعبے میں خدمات کی طویل فہرست رکھتی ہے اور لوگ اس کی خدمات کا برملا اعتراف بھی کرتے ہیں۔
الخدمت کراچی کی جانب سے ’’کورونا ٹیسٹنگ لیب‘‘ کا افتتا ح کیاگیا۔ افتتاح گورنر سند ھ عمران اسماعیل نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ کیا۔ افتتاح کے بعد لیب میں’’کوالٹی ٹیسٹنگ ‘‘کا عمل مکمل کیا گیا۔ لیب میں باقاعدہ ٹیسٹ کا آغاز 3جولائی سے ہو چکا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ الخدمت ایک عظیم مقصد کے لیے کام کر رہی ہے۔ یہ ایک ایمان دار اور دیانت دار ادارہ ہے۔ میںاسے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔
ڈاکٹر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کورونا کا ٹیسٹ مہنگا ہوتا ہے اور اس وبا کی وجہ سے نزلہ زکام میں مبتلا ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اس کا ٹیسٹ کروائے لیکن 10سے 12ہزار روپے کا ٹیسٹ کروانا ہر کسی کے بس میں نہیں۔ الخدمت کی جانب سے کورونا ٹیسٹنگ لیب قائم ہونے سے نہ صرف اہل علاقہ کو ٹیسٹ کی سہولت میسر آئے گی بلکہ مالی طور پر کمزور لوگ بھی اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔ اللہ الخدمت کو اس کا اجر دے گا ۔
اس موقع پر چیئرمین گورننگ باڈی ٹیسٹنگ لیب ہارون قاسم، ڈائریکٹر ڈائیگنو سٹک سروسز انجینئرصابر احمد، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر نائلہ طارق، بانی رکن کارپوریٹ پاکستان گروپ اظفر احسن نے بھی خطاب کیا۔ ایگز یکٹیو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی، ڈائریکٹر ریلیف Covid-19 قاضی سیدصدرالدین، ڈائریکٹر ہیلتھ اظہر چغتائی، رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ بھی موجود تھے۔ اس موقع ر گورنر سندھ عمران اسماعیل کو الخدمت کی جانب سے گل دستہ پیش کیا گیا جبکہ ڈاکٹر عمران اسماعیل کی جانب سے لیب کے ڈاکٹرز اور عملے کے لیے PPE کٹس کا تحفہ پیش کیا گیا ۔
ہارون قاسم نے کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ لیب ایک ماہ میں قائم کی گئی ۔ہم چاہتے ہیں کہ اس میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کا کام ہو۔ وبا ئیں اور وائرس آتے رہیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے یہاں ان سے نمٹنے کی صلاحیت پہلے سے موجودہو۔ انہوں نے کہا کہ لیب 400 ملین کا منصوبہ ہے۔ لیب میں 4,500 روپے کی لاگت والا کورونا ٹیسٹ الخدمت میں 3,000 روپے میںہوگا۔ ہر ٹیسٹ پر ڈیڑھ ہزار روپے کا خسارہ ہوگا جو الخدمت مخیر حضرات کے تعاون سے خود برداشت کرے گی۔کارپوریٹ پاکستان گروپ نے اس کی تعمیر پر 3کروڑروپے سے زائدکی رقم عطیہ کی ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ا مید ظاہر کی کہ وہ اتنی ہی رقم وفاقی حکومت کی جانب سے اس منصوبے میں الخدمت کو بطور عطیہ دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نے الخدمت مبارکباد کی مستحق ہے۔
اظفر احسن نے الخدمت کو مبارک باد پیش کی اور الخدمت کی کورونا ٹیسٹنگ لیب میں کارپوریٹ پاکستان گروپ کے تعاون سے متعلق آگا ہ کیا۔ انہوں نے الخدمت کی جانب سے کورونا ٹیسٹنگ لیب کے قیام کی تعریف کی اور کہا کہ الخدمت کا یہ اقدام شہریوں کی سہولت کے لیے بہترین ہے، جس سے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے کارپوریٹ پاکستان گروپ کی جانب سے مزید تعاون کی یقین دہا نی کرائی اورگورنر سندھ سے اپیل کی وفاقی حکومت بھی الخدمت کے ساتھ تعاون کرے ۔
انجینئر صابر احمد نے کہا کہ الخدمت نے کورونا کی صورت حال میں شہریوں کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر کورونا ٹیسٹنگ لیب قائم کی۔ لیب کے قیام میں کارپوریٹ اور بز نس کمیونٹی نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے اس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔
ڈاکٹر نائلہ طارق نے کہا کہ وائرولوجی اینڈ جینٹک لیبارٹری کے قیام کا مقصد پیسے کمانا نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔ ہم نے BSL لیول تھری لیبارٹری قائم کی ہے، جس کے ٹیسٹ کا موازنہ کسی بھی لیبارٹری سے کروایا جا سکتا ہے۔ یہ لیب الخدمت کے تحت ریسرچ لیب کا حصہ ہے تاکہ ڈیٹاکی بنیاد پر یہ ریسرچ کی جاسکے اور اعداد و شمار کے ذریعے موجودہ اور آئندہ بیماریوں پر کام کیا جا سکے اور حکومت کی بھی مدد کی جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت لیب میں الٹراساؤنڈ اورڈیجیٹل ایکسرے کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے۔ یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری ہے ۔ یہاں جلد میمو گرام، ڈیسکا اسکن، سی ٹی اسکن اور ایم آر آئی بھی شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کورونا کی رپورٹ ان شا اللہ 24گھنٹے میں دیں گے۔ رپورٹ کی فراہمی کے لیے آن لائن سہولت بھی میسر ہوگی۔ ڈاکٹر نائلہ طارق نے کہا کہ اس سینٹر میں انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ٹیکنالوجی بھی قائم کیا جائے گا جہاںمیڈیکل ٹیکنا لوجیز کے لیے ہیومن ریسورس کو تیار کیا جائے گا۔ الخدمت جلد کلیکشن پوائنٹس بھی بنائے گی۔ الخدمت کا ویژن ہے کہ یہ صحت کی جدید‘ معیاری اور ارزاں سہولتیں لوگوں کو فراہم کرے ۔

حصہ