طبی مشورے

799

حکیم ثمینہ برکاتی
سوال: طبیبہ صاحبہ! مجھے قبض رہتا ہے اور بواسیر کی تکلیف نے پریشان کر رکھا ہے۔ پرہیز اور علاج بتادیں۔
(ثنا غوری… کوئٹہ)
جواب: قبض کو ’’اُم الامراض‘‘ کہا جاتا ہے، ہمارے کھانے اور ہمارا لائف اسٹائل ہمیں چند منٹ کی لذت اور ہمیشہ کی تکلیف دے رہے ہیں۔ کھانوں میں ہری سبزیوں، پالک میتھی، پھلیوں اور دالوں کا استعمال زیادہ کریں، پانی کثرت سے پئیں، صبح نہار منہ سات روز تک تازہ دودھ (فریج کا رکھا ہوا نہ ہو) میں ایک لیموں نچوڑ کر فوراً پی لیں۔ کھانے کے بعد امرود کا استعمال کریں۔ امرود کو لمبائی میں نہ کاٹیں، گول گول قتلے بتائیں۔ گائے کے گوشت اور سفید آٹے سے پرہیز کریں۔
سوال: مجھے ہائی بلڈ پریشر اور سر درد رہتا ہے، ساتھ ہی لیکوریا کی بھی تکلیف ہے۔ دونوں امراض کا علاج بتائیں۔
(زویا… کراچی)
جواب: لوکی کا جوس نکالیں اور ناشتے میں جَو کے دلیے کے ساتھ کھائیں، یا ایک دن لوکی کا جوس اور ایک دن جَو کا دلیہ کھائیں، ان شاء اللہ آپ کی دونوں تکالیف میں افاقہ ہوگا۔ چٹپٹی اشیاء، اچار وغیرہ سے پرہیز کریں، صبح و شام کے مسنون اذکار پابندی سے پڑھیں۔
سوال: میرا کولیسٹرول زیادہ ہے، سنا ہے کولیسٹرول کی ایلوپیتھک دوا کے سب سے زیادہ سائیڈ ایفیکٹس ہوتے ہیں، کوئی ایسی دوا بتائیں جس کے مضر اثرات نہ ہوں اور میری تکلیف بھی دور ہوجائے۔
(سمیہ شاہد… کراچی)
جواب: کولیسٹرول کے لیے لیموں کا عرق، پیاز، ادرک، لہسن سب ہم وزن کوٹ کر اس کا عرق نکال کر دھیمی آنچ پر پکا لیں، گاڑھا ہوجائے تو شہد ملا کر پی لیں، ایک چمچہ صبح و شام روزانہ۔ ان شاء اللہ کولیسٹرول نارمل ہوجائے گا اور دل کی تکلیف بھی نہیں ہوگی۔ چکنی چیزوں کا پرہیز رکھیں۔ دارچینی بھی کولیسٹرول کم کرنے کے لیے بہترین ہے، اس کا قہوہ استعمال کریں۔
سوال: میرا بچہ 12 سال کا ہے، تنہائی پسند ہوگیا ہے، خاموش رہتا ہے، نیند بھی کم ہوگئی ہے۔ میں بہت پریشان ہوں، براہِ کرم رہنمائی فرمائیں۔
(ثریا بتول… سرگودھا)
جواب: ثریا بہن! والدین کی ناسمجھی کی وجہ سے اب تیزی سے اس قسم کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ بچے کی تربیت ماں کی ذمہ داری اور اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ اس کی ذات سے دلچسپی، اس کے مشاغل میں ساتھ دینا، توجہ، پیار، قربت، سیروتفریح اور ایک اچھا ماحول دینا آپ کی ذمہ داری ہے۔ بچے کو زیادہ وقت دیں، ہمدردی اور پیار سے اس کے مسائل معلوم کریں، ٹیچر اور دوستوں سے رابطہ کریں، اچھی غذا اور ورزش کا اہتمام کریں، نماز کا عادی بنائیں۔ گرم دودھ میں ایک چمچ خشخاش ڈال کر بیس منٹ بعد یہ دودھ پلا دیں۔ اخروٹ اور بادام کھلائیں۔ باہر کے کھانوں سے پرہیز کرائیں۔ سادہ غذا دیں۔ معجون دماغ افروز ایک چمچہ صبح نہار منہ دیں۔ بے جا ڈانٹ ڈپٹ اور لاڈ پیار سے بچیں۔ کثرت سے اعوذ باللہ پڑھیں۔
سوال: میری نظر تیزی سے کمزور ہورہی ہے، کوئی گھریلو ٹوٹکا بتا دیں جس سے آنکھوں کی تکلیف بھی ختم ہوجائے۔
(ثمرین احمد… کراچی)
جواب: آنکھیں اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہیں۔ ہم ان کا غلط استعمال کرکے دنیا و آخرت دونوں کا نقصان کررہے ہیں۔ ایک بہت ہی مؤثر اور آزمودہ نسخہ ہے جس سے بینائی کو جتنا بڑا بھی نقصان پہنچا ہو، دور ہوجائے گا ان شاء اللہ۔ گاجر کا موسم بھی ہے، تازہ گاجروں کا جوس پئیں، اس کے علاوہ گاجر کے جوس میں سونف ڈال کر اسے سائے میں رکھ دیں، یہ جوس سونف میں خشک ہوجائے تو اس سونف کو روزانہ ایک چمچہ استعمال کریں۔ سونف، دھنیے اور مصری کو کوٹ کر رکھ لیں اور کھانے کے بعد ایک چمچہ پابندی سے استعمال کریں۔ اس کے علاوہ صبح شام تازہ پانی کے چھینٹے آنکھوں پر ماریں۔

حصہ