خوشی اور اطمینان

563

پیارے بچو! آپ کو خوشی اور اطمینان کب حاصل ہوتا ہے؟ یقینا آپ کا جواب ہو گا کہ جب ہمیں کوئی کامیابی ملتی ہے۔ کوئی تحفہ یا انعام ملتا ہے تب ہم خوش ہوتے ہیں۔
عزیز ساتھیو! خوشی ایک ایسی شے ہے جو انسان کی اپنی ذات کے اندر موجود ہوتی ہے۔ خوشی خوش بو کی طرح ہے جوہر طرف پھیلتی ہے اور ایک خوب صورت احساس دلاتی ہے۔ کچھ لوگ اس بات سے بے خبر ہوتے ہیں۔ وہ خوشی کی تلاش میں اِدھر اُدھر بھٹکتے رہتے ہیں۔ وہ دوسروں سے خوشی حاصل کرنے کے خواہش مند رہتے ہیں۔ حالاں کہ خوشی دوسروں سے لینے کی چیز نہیں بلکہ دوسروں کو دینے کی چیز ہے۔ اگر کوئی شخص دکھی اور اداس ہے تو اس کا غم بانٹ کر اسے خوش کر دیا جائے تو اس سے بڑھ کر خوشی اور کیا ہوسکتی ہے؟ ایسا کرنے سے آپ کو نہ صرف خوشی ہو گی بلکہ اطمینان بھی حاصل ہو گا۔ آپ کا دل اور آپ کی روح خوش ہو جائے گی۔ آپ کو ایسا سکون حاصل ہو گا جسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
اسی لیے کہا جاتا ہے، ’’اپنے آپ کو خوش رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ دوسروں کو خوس رکھنے کی کوشش کی جائے۔‘‘
اچھا انسان ہر بات میں اللہ کی رضا اور خوشی کا خیال رکھتا ہے۔ اس لیے آپ جب بھی کوئی اچھا کام یا نیکی کریں گے آپ کو خوشی اور اطمینان ضرور حاصل ہو گا۔

حصہ