خدمت کے کاموں میں الخدمت کا ساتھ دیں

309

محمد کلیم صادق بھٹی …گھوٹکی
دنیا میں بسنے والے اربوں انسانوں میں سے کچھ خاص انسان ہوتے ہیں جن کو اللہ تعالیٰ اپنی دنیا کے کمزور انسانوں کی خیر و فلاح اور ہدایت کے کام کے لیے چنتا ہے۔ اللہ کی زمین پر بے یار و مددگار اور بے سہارا لوگوں اور یتیم بچوںکا سہارا بن جاؤ اور اپنے مال و اسباب اور وقت کو اللہ تعالیٰ کی راہ میں دے کر اللہ تعالیٰ سے تجارت کرلو۔
الخدمت فاؤنڈیشن، پاکستان کی اسی حقیقی اورسچی خدمت کی ایک مثال ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گھوٹکی کے ہیرے جیسے، محبت و احساس رکھنے والے مخلص و مددگار لوگ ہیں جنہوں نے اپنے علاقے کے بے سہارا اور علاج کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہزاروں شہریوں کو علاج کی سہولت مہیا کرنے کی ٹھان کر قائم کی، اور پھر اپنے اسی ’’خلوص بھرے روشن خواب‘‘ کو اپنی انتھک کوششوں اور اللہ کی مدد سے 2005ء میں پایہ تکمیل تک پہنچایا، اور ’’الخدمت فری اسپتال‘‘ کے نام سے ڈہرکی میں ایک چھوٹا اسپتال قائم کیا، جہاں لوگوں کو روزانہ 3 سے 5 گھنٹے علاج کی سہولت فراہم کی جاتی تھی۔ الحمدللہ 14سال کی انتھک کوششوں اور جہدِ مسلسل کی بہ دولت آج 5کروڑ روپے سے 3000اسکوائر فٹ کا پلاٹ خرید کر 3 منزلہ اور 10بستروں پر مشتمل جدید زچہ وبچہ کیئر سینٹراور جنرل اینڈ لیبر آپریشن کی جدید طبی سہولیات سے آراستہ ایک اسپتال قائم کیا گیا ہے جہاں اسپیشل آئی وارڈ، جدید لیبارٹری اور ایکسرے کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ 24گھنٹے میڈیکل اسٹور اور ’’الخدمت ایمبولینس سروس‘‘ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس میڈیکل کمپلیکس میں اب تک 3 لاکھ سے زائد مریض علاج کی بہتر سہولیات سے فیض یاب ہوچکے ہیں۔
اب الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گھوٹکی اپنے آئندہ کے جاری توسیعی وتعمیری پروگرام کے تحت 1.5کروڑ کے بجٹ سے میڈیکل کمپلیکس کی عمارت کی توسیع کے لیے پلاٹ، 15 لاکھ روپے مالیت کی جدید ڈیجیٹل ایکسرے مشین اور 16 لاکھ روپے مالیت کی 2 عدد جدید انکوبیٹر مشینوں اور 25 لاکھ روپے مالیت کی آئی فیکو مشین کے ذریعے لوگوں کو طبی سہولت فراہم کررہی ہے۔
گزشتہ سال دسمبر میں ڈونر کانفرنس ’’ایک شام… انسانیت کے نام‘‘ سے منعقد کی گئی، جس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ جنرل سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اورر الخدمت فاؤنڈیشن صوبہ سندھ کے نائب صدر سید محمد یونس اور عثمان عبداللہ اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی تھے۔
اس ڈونر کانفرنس میں فرسٹ کلاس مجسٹریٹ مختیار کار ڈہرکی محمد اشرف پتافی اور نائب چیئرمین ڈہرکی چودھری اکرام الحق‘ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے اہم ذمہ داران، ڈہرکی سمیت ضلع گھوٹکی کے صنعتی اداروں کے ذمہ داران اوردیگر کاروباری، سیاسی، سماجی شخصیات اور شہریوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب میں شرکا نے الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گھوٹکی کے جاری تمام منصوبہ جات کی تعریف کی اور ان جاری منصوبوں میں اپنی ہر طرح کی مدد و تائید کا مکمل یقین دلایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے پُرفتن دور اور حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے معاشرے میں انسانیت مجموعی طور پر مسائل و مشکلات کے بھنور میں جکڑی سسک رہی ہے اور امیر، امیرتر ہوتا جارہا ہے جبکہ غریب، غریب تر۔ جس سے معاشرے میں محرومیاں بڑھ رہی ہیں اورجرائم میں اضافہ ہورہا ہے، جس کے سدباب کے لیے باشعور اور دردِ دل رکھنے والے افراد کو آگے بڑھنا ہوگا اور دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش، پیش الخدمت فاؤنڈیشن کا ساتھ دینا ہوگا، تاکہ دکھی انسانوں کے غموں کا مداوا ہوسکے اور وہ بھی اپنی زندگی سکون سے گزار سکیں۔

حصہ