طبی مشورے

427

حکیم ثمینہ برکاتی
سوال: میرے دانتوں میں تکلیف ہے، سارے دانت ہی کمزور ہوگئے ہیں، سخت چیز کھا، یا چبا نہیں سکتی۔ بلڈ پریشر ہائی رہتا ہے، شوگر الحمدللہ نہیں ہے۔ کوئی ایسی غذا تجویز فرما دیں جو بآسانی کھا سکوں۔
(مسز حامد… لیہ)
جواب: واقعی دانتوں میں تکلیف ہو تو کھانے کا لطف ہی چلا جاتا ہے۔ آپ جَو کا دلیہ، دالوں کا سوپ، سبزیوں کا سوپ، دہی میں کیلا، السی کے بیج (کچھ دیر پانی میں بھگو دیں) کھجور کو بلینڈ کرکے کھائیں۔ غذائیت سے بھرپور ہے۔ بادام کا حریرہ بھی اچھا رہے گا۔
سوال: مجھے رات میں نیند بہت مشکل سے آتی ہے، وسوسے اور خیالات بہت آتے ہیں، بھوک غائب ہوجاتی ہے اور جسم میں تنائو محسوس ہوتا ہے۔
(حمنہ سکندر… کراچی)
جواب: نیند قدرت کا بڑا قیمتی تحفہ ہے، جب ہمیں نیند نہیں آتی تو اس کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ سب سے پہلے تو ہر نماز کے ساتھ الحمدللہ کی تسبیح، اپنے اردگرد نعمتوں کو یاد کرکے دل سے اللہ کا شکر ادا کریں، دن کے وقت بالکل نہ سوئیں، رات سونے سے قبل لمبی واک، غسل، دہی کا استعمال، دونوں پیروں کے تلووں میں روغنِ بادام کی مالش، ایک کپ گرم دودھ میں ایک چمچ خشخاش ڈال کر آدھے گھنٹے بعد، اخروٹ کو موٹا موٹا کوٹ کر دودھ میں ڈال کر نوشِ جاں کریں۔
سوال: میرے بیٹے کی عمر دو سال ہے، اسے اکثر خرابیٔ ہضم کی شکایت رہتی ہے۔ دست آتے ہیں یا پیچش ہوجاتی ہے۔ اس کا آسان سا علاج بتائیں۔
(نورین… سرگودھا)
جواب: بچے جتنے نازک ہوتے ہیں ان کا نظام ہضم اس سے زیادہ نازک ہوتا ہے۔ بچوںکو ثقیل، باسی اور تیز مرچ مسالے والی غذا اور باہر کا کھانا مشکل سے ہضم ہوتا ہے۔ دہی میں پائے جانے والے ایسڈ کی وجہ سے اسہال اور پیچش کا باعث بننے والے جراثیم کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ دہی اینٹی بایوٹک کے مقابلے میں کہیں زیادہ مؤثر ہے۔ گھر پر دہی جمائیں، سادہ دہی کھلائیں کبھی اسپغول کے ساتھ اور کبھی کیلے کے ساتھ، ان شاء اللہ ہاضمہ مضبوط ہو جائے گا۔
سوال: میری عمر 23 سال اور وزن 45 کلو ہے، میں بہت کمزور ہوں، ایام میں بے قاعدگی ہے، دو تین ماہ بعد آتی ہے، مجھے بتائیں کہ غذا میں کیا لوں اور دوابھی بتائیں۔
(نوشابہ… نیو کراچی)
جواب: نوشابہ بیٹی! آپ کا حال پڑھ کر یہی یقین ہے کہ آپ میں خون کی شدید کمی ہے۔ غذا میں پالک، ہری سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں، تل کی گزگ اور تل کی چٹنی بھی فائدہ دے گی۔ گائے کے گوشت کا قیمہ، انار، انگور، اس کے ساتھ شربتِ فولاد دونوں وقت کھانے کے بعد 2 بڑے چمچے لیں۔ ٹھنڈے پانی اور آئس کریم کا استعمال ترک کردیں، ورزش کو اپنا معمول بنائیں، نماز بھی اچھی ورزش ہے۔
سوال: میں ایک پریشانی میں مبتلا ہوں، میرے سینے کا سائز بہت بڑا ہوگیا ہے، امید ہے مجھے اس پریشانی سے نجات دلائیںگی۔ میری عمر 37 سال ہے۔
(زرمین… کراچی)
جواب: بہن زرمین! سب سے پہلے تو غذا سے چربی والے اجزا اور Fat کم کرنا ہوں گے۔ سادہ اور کم تیل، گھی والا کھانا کھائیں، ایلوویرا کے جیل میں بادام کا تیل ملا کر نیچے سے اوپر کی طرف سینے پر مالش کریں۔ یوگا ورزش اس میں بہت معاون ثابت ہوتی ہے، ویسے بھی حرکت میں برکت ہے۔ ورزش، رات اور صبح کو چہل قدمی بہت سے امراض سے نجات دیتی ہے۔ ادرک کا قہوہ پابندی سے پئیں، زیادہ ڈھیلے لباس اور انڈر گارمنٹس کا استعمال کریں۔

حصہ