حجاب پیکنگ نہیں

48

ردا ستار
۔’’زینب السلام علیکم، کیا ہوا خاصی پریشان لگ رہی ہو خیریت تو ہے؟‘‘ عروبہ نے زینب کو اداس و پریشان دیکھ کر سوال کیا۔
زینب: اوہ عروبہ تم… وعلیکم السلام۔ ہاں کچھ سوچ رہی تھی۔
عروبہ : کیا سوچ رہی تھیں؟
زینب : میں آج کل سورہ نور کا مطالعہ کررہی ہوں، کل ہی میرے سامنے سے پردے کی آیت گزری اور وہیں میں اٹک کے رہ گئی کہ جو پردہ زینت کو چھپانے کے لیے تھا اسی کو ہم نے زینت بنادیا۔ عروبہ میں سوچ رہی تھی کہ کیسے بتاؤں سب کو کہ یہ فیشن نہیں ہے۔
عروبہ: زینب تم بالکل صحیح کہہ رہی ہو۔ دو دن پہلے ہمیں کہیں دعوت میں جانا تھا تو میں نے سوچا انٹرنیٹ سے حجاب ٹیوٹوریل دیکھ کر اسکارف سیٹ کرتی ہوں، سیٹ ہی کررہی تھی کہ امی آئیں اور واپس چلی گئیں… تھوڑی دیر بعد مجھے بلایا اور دو چیزیں مجھے دیں، ایک عام سے ریپر میں بند تھی اور دوسری خوب صورت سی پیکنگ میں تھی۔ امی نے مجھ سے پوچھا: کون سی اچھی ہے؟ میں نے کہا: خوب صورت پیکنگ والی، اور ساتھ میں یہ بھی پوچھا کہ آپ مجھے ایسے پوچھ کر کیوں تحفہ دے رہی ہیں؟ تو امی نے مجھ سے ایسی بات کہی کہ میں شرمندہ ہوگئی اور تمہاری طرح سوچ میں ڈوب گئی۔
زینب: جلدی بتاؤ آنٹی نے کیا کہا؟
عروبہ: امی نے مجھے بہت ہی پیارے انداز میں سمجھایا کہ میری پیاری بیٹی ان ریپرز میں بند عورت ہے، اور باہر کا ریپر اس کا پردہ ہے، اور پردہ عورت کی زینت کو چھپاتا ہے، اگر ہم اس پردے کو خوب صورت بنادیں گے تو اس کا مقصد تو فوت ہوجائے گا، اور جس مقصد کے لیے ہم نے پردہ کیا تھا وہ تو باقی نہیں رہے گا، بیٹا ہم اس دنیا میں اللہ تعالیٰ کے غلام ہیں، ہمیں اپنی زندگی اس کے دیے ہوئے اصولوں کے مطابق گزارنی ہے، اور اللہ نے سورہ نور اور سورہ احزاب میں پردے کے جو احکام بتائے ہیں اس میں سر کے پردے کے ساتھ سینوں پر بھی چادر ڈالنے کا حکم ہے۔ ہمیں اس طرح پردہ کرنا ہے۔ باقی جو دنیاوی رنگ ہیں وہ اگر اس کے برخلاف ہیں تو اس پر کبھی عمل نہیں کرنا۔ ہمیں حجاب کو سمجھنا ہے تو قرآن سے سمجھنا چاہیے، نہ کہ انٹرنیٹ سے۔ اس لیے میری شہزادی اس حجاب کو ایسے پہنو کہ تمہاری زینت چھپ جائے اور اس کا مقصد پورا ہوجائے۔
زینب: تمہاری امی نے بہت ہی عمدہ طریقے سے سمجھایا ہے، ہمیں اسے آج سے ہی follow کرنا چاہیے، کیوں کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ سامنے والا بدل جائے تو خود سے ہی سب سے پہلے وہ کام شروع کرنا چاہیے۔
عروبہ : تم صحیح کہہ رہی ہوں۔
زینب: ہم اپنی یہ گفتگو message پر چلا دیتے ہیں تاکہ سب پردے کا مقصد سمجھ لیں۔ ہماری یہ گفتگو ہم سب کی اصلاح کے لیے ہے۔ آئیے آج سے ہم مل کر ان حجاب ٹیوٹوریل کا بائیکاٹ کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے دیے ہوئے اصولوں کے مطابق پردہ کرتے ہیں، اور انہی اصولوں کے مطابق اپنی زندگی گزارتے ہیں۔

حصہ