خواتین کی صحت پر یوگا کے اثرات

876

انسانی صحت کا دارومدار اچھی غذا، صاف ستھرے ماحول اور قدرت کے مطابق زندگی بسر کرنے میں پوشیدہ ہے۔ فی زمانہ ہر شخص کسی نہ کسی بیماری سے نبردآزما دکھائی دیتا ہے۔ ایسے میں ورزش طویل عرصے تک تندرست اور جوان رہنے کا بہترین نسخہ ہے، اور سائنس بھی اس بات سے متفق دکھائی دیتی ہے۔ آج کل یوگا دنیا بھر میں مقبول ہورہا ہے۔ یوگا قوتِ مدافعت بڑھانے میں ہی معاون نہیں بلکہ یہ مسلز بھی مضبوط بناتا ہے۔ یوگا کا سب سے اہم نکتہ مراقبہ ہے جس سے انسان اُس جگہ پہنچ جاتا ہے جہاں حقیقت میں رسائی ممکن نہیں ہوتی۔ مراقبے کے ذریعے مخصوص انداز میںکچھ پل راحت کے محسوس کیے جاسکتے ہیں۔ یوگا فطرت سے صحیح معنوں میں روشناس ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ روحانی صحت، جسمانی اور ذہنی قوت کو نہ صرف بحال کرتا ہے بلکہ اس میں اضافہ کرنے میں بھی انتہائی مؤثر ہے۔ یوگا روح اور جسم سے گہرا رشتہ بناتا ہے۔ یوگا کی جسمانی، سانس کی ورزش اور مراقبے کے عمل کو استعمال کرکے اپنے نفس پر قابو پایا جاسکتا ہے اور خود کو صحت مند رکھا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ مرد اور عورت سب کے لیے یکساں مفید ہے۔ اس کی ہلکی اور آسان ورزش کے ذریعے خواتین گھر بیٹھے بہت سے مسائل سے چھٹکارا پاسکتی ہیں۔
1) ہارٹ اٹیک سے بچاؤ:۔
تحقیق کے مطابق مردوں سے زیادہ خواتین دل کے عارضے میں مبتلا ہوتی ہیں اور اس بیماری سے لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں۔ دیکھا گیا ہے کہ یوگا دل کے عارضے سے چھٹکارا پانے کا اہم ذریعہ ہے۔ ہوا کو ناک کے ذریعے پھیپھڑوں میں جمع کر کے منہ سے نکالنے سے نہ صرف جسم کا دورانِ خون نارمل ہوتا ہے بلکہ نہار منہ صبح کے وقت گہرے سانس لینے سے خون پتلا ہو کر بلڈ پریشر سے محفوظ رکھتا ہے اورہارٹ اٹیک کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
2)چمکدار اور جوان جلد:۔
صحت مند جلد ہی انسان کی صحت کی ضامن ہے۔ چہرے کی خوبصورتی کا دارومدار جلد پر ہوتا ہے۔ خواتین جلد کی حساسیت کے باعث مختلف جلدی امراض کا شکار ہوجاتی ہیں۔یوگا حیرت انگیز طور پر قوتِ مدافعت فعال اور مضبوط کرکے وبائی امراض سے لڑنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے اور چہرے کو دیرپا رعنائی بخشتا ہے۔
3)ذہنی دباؤ اور ڈپریشن سے نجات۔
آج کے اس مشینی دور میں اپنے لیے وقت نکالنا نا ممکن ہوتا جا رہا ہے۔ گھر، بچے،جاب کو متوازن کرتے ہوئے خواتین ذہنی دباؤ اور تناؤ کی صورت حال سے گزر رہی ہیں۔ انٹرنیشنل جرنل آف پریوینٹو میڈیسن کی ریسرچ کے مطابق یوگا ڈپریشن کو کم کرنے کی نہایت مؤثر دوا ہے، بلکہ نئے سرے سے اندرونی طور پر جسم کی خوابیدہ صلاحیتیں بیدار کرنے کا حامل ہے۔
4)مائیگرین میں مددگار۔
موجودہ دور میں جوان لڑکیاں بھی مائیگرین کا شکارہوکر شدید ذہنی اذیت اور تکلیف میں مبتلا نظر آتی ہیں۔ یوگا کی کچھ مخصوص ورزشوں سے نہ صرف اس تکلیف کو کم کرنے میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے بلکہ دماغ کی استعداد کو بڑھانے میں بھی یہ مؤثر ہتھیار ہیں۔
5)آرتھرائٹس میں کارآمد:۔
یوگا جوڑوں کو لچک دار اور فعال بناتا ہے اور تناؤ کو کم کرکے آرام دہ نیند لانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے۔2010ء میں کچھ خواتین پر اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے تحت تجربہ کیا گیا۔ تحقیق کے مطابق روزانہ بنیادوں پر یوگا ورزش کرنے والی خواتین کے جوڑوں میں قدرے کم سوجن پائی گئی۔ مستقل ورزش سے ان کے موڈ پر بھی مثبت اثرات پڑے اور آرتھرائٹس کے درد میں واضح کمی محسوس کی گئی۔
6)ہارمونز کو متوازن رکھنے میں کارگر:۔
یوگا ہر عمر کی خواتین کے لیے نہایت مؤثر طریقۂ ورزش ہے۔ خواتین کی صحت کا دارومدار ہارمونز کے صحیح طور پر کام کرنے پرہے۔ ہر عمر میں ہارمون کی تبدیلی کے دوران یوگا اہم کردار ادا کرتے ہوئے انہیں متوازن اور فعال بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، اور بہت سی بیماریوں مثلاً تھائی رائیڈ، نظام ہضم وغیرہ کو کنٹرول کرنے میں تیر بہ ہدف ہے۔
7)وزن کو متناسب رکھنے کا ہتھیار:۔
ہارورڈ ہیلتھ پبلشنگ کے مطابق ہفتے میں آدھے گھنٹے کی یوگا ورزش 149 کیلوریز جلاتی ہے، اور اگر اسے روزانہ کی بنیاد پر زندگی کا حصہ بنایا جائے تو یہ جسم کو متناسب وزن رکھنے میں یکسر مددگار ہے۔ یوگا کھانے کی عادات کو تبدیل کر کے وزن پر نمایاں اثرات مرتب کرتا ہے۔
8) شوگر کو کنٹرول کرتا ہے:۔
گزشتہ کئی دہائیوں سے دنیا بھر میں شوگر کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ عام طور پر خواتین گلوکوز کی مقدار وافر ہونے کے باعث اس بیماری کا زیادہ شکار نظر آتی ہیں۔ ایسے مریض ادویہ کے ساتھ اگر یوگا ورزش اپنائیں تو یہ جسم میں انسولین کی مقدار کو متناسب رکھ کر زندگی میں انقلاب لانے کا موجب بنتی ہے۔
9)کمر کے درد کے لیے موافق:۔
یوگا کا حیرت انگیز فائدہ یہ بھی ہے کہ کچھ ہفتے اس ورزش کو اپنانے سے مکمل طور پر کمر درد سے نجات مل جاتی ہے۔ یوگا اعصاب کو پُرسکون بنا کر مکمل طور پر شخصیت پر نمایاں فرق لانے کا باعث ہے۔
مشاہدے میں آیا ہے کہ معالج حضرات خواتین کی اندرونی بیماریوں کے لیے متوازن غذا کے ساتھ یوگا کو تجویز کرتے ہیں۔تو آج ہی ورزش کے ذریعے صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں، لیکن اس سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کر لیجیے۔ ورزش کے لیے سنی سنائی باتوں پر عمل کرنے کے بجائے کسی ایکسپرٹ سے رابطہ کرکے یوگا کو جلد از جلد اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور چمکتی صحت پائیں۔

حصہ