خوبصورت بالوں کے لیے گھریلو ٹوٹکے

671

٭لمبے اور گھنے بال:
بیری کے پتے لے کر انہیں چٹنی کی طرح پیس لیں اور دس منٹ تک سر میں خوب مَلیں، اور پھر سر دھو ڈالیں۔ شیمپو یا صابن کا استعمال نہ کریں۔ بال لمبے اور گھنے ہوجائیں گے۔ سرسوں کی کَھلی بھی بالوںکے لیے بہت مفید ہے۔ سر دھونے سے دو گھنٹے قبل سرسوں کی کَھلی پانی میں بھگو دیں، پھر اس پانی کو نتھار کر سر دھوئیں، بالوں میں چمک آجائے گی۔
٭بالوں میں چمک:
ایک چقندر، ایک ٹکڑا دنداسہ، چائے کا ایک چمچ، کافی ایک چائے کا چمچ، چائے کی پتی۔ ان سب کو چار گلاس پانی میں پکاکر ایک گلاس پانی بنا لیں۔ اب اسے چھان کر اس میں ایک چمچ لیموں کا رس اور دو چمچ سرسوں کا تیل اور حسب ضرورت مہندی گھول کر کچھ گھنٹوں کے لیے رکھ دیں، پھر بالوں میں لگائیں۔ انتہائی خوب صورت اور پکا رنگ آئے گا اور بال بھی چمک دار ہوجائیں گے۔
٭چائے کا قہوہ، بالوں کے لیے بہترین کنڈیشنر:
چائے کے جوشاندے سے بالوں کو کھنگالنا ایک بہترین کنڈیشنر ہے۔ پانی میں چائے کی پتی کو درمیانہ رنگ (نہ زیادہ تیز نہ زیادہ ہلکا) میں ابال لیں اور چھان کر ٹھنڈا کرلیں، پھر بالوں کو دھونے کے بعد سب سے آخر میں انہیں چائے کے پانی سے دھو ڈالیں۔
٭بالوں کی خشکی دور کریں:
اگر آپ کے بالوں میں خشکی ہے اور آپ اس سے بہت پریشان ہیں تو پریشان نہ ہوں۔ اپنے بالوں کے گھنے پن کے حساب سے دیسی گھی لیں اور تقریباً چار سے پانچ کھانے کے چمچ اجوائن کو اس میں اچھی طرح سے سرخ کرلیں، پھر اس تیل کو کسی لوہے کی باریک چھلنی سے چھان لیں۔ قابلِ برداشت حد تک نیم گرم گھی کو بالوں میں مانگ بنا بنا سامنے کے حصے سے شروع کریں اور گردن تک لے جائیں۔ تقریباً 3 یا 4 گھنٹے تک لگا رہنا چاہیے، پھر کسی اچھے شیمپو سے سر دھو لیں۔ ناقابلِ یقین حد تک خشکی کم بلکہ ختم ہوجائے گی۔ مہینے میں تین مرتبہ یہ نسخہ استعمال کریں۔

حصہ