شہد اور دارچینی ۔۔۔ دوا بھی، غذا بھی

821

چندا جبیں
شہد اور دارچینی کا آمیزہ بہت ساری بیماریوں کا علاج ہے۔ شہد ایک بے مثال قدرتی عطیہ ہے جو تقریباً تمام امراض کے لیے شفا ہے۔ شہد کو کسی بھی قسم کے منفی اثرات کے ڈر کے بغیر پورے اطمینان سے کسی بھی قسم کی بیماری میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
کچھ عرصہ پہلے تک یہ خیال تھا کہ شہد ویسے تو ایک قدرتی مٹھاس ہے، لیکن اسے ذیابیطس کے مریضوں کو استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ لیکن اب تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اگر محتاط مقدار میں معالج کی اجازت سے شہد استعمال کیا جائے تو شوگر کے مریض کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ حالیہ برسوں میں شہد اور دارچینی پر جو تحقیق کی گئی ہے اُس سے کن کن امراض کے علاج کے امکانات روشن ہوئے ہیں، آیئے دیکھیں۔
جوڑوں کا درد:
یہ بے حد تکلیف دہ مرض عموماً بڑی عمر کے افراد کو لاحق ہوتا ہے، خصوصاً جو چلنے پھرنے کا کام کرتے ہیں۔ اس کا علاج بالکل سہل ہے۔ ایک حصہ شہد کو دو حصے نیم گرم پانی میں حل کریں، پھر اس میں ایک چھوٹا چمچہ دارچینی کا سفوف (پائوڈر) شامل کرکے پیسٹ بنا لیں اور اس پیسٹ کا متاثرہ حصے پر مساج کریں۔ چند منٹ میں آرام محسوس ہوگا۔ دوا کے طور پر مریض صبح سویرے اور رات کو دو چمچے شہد ایک پیالی گرم پانی میں حل کرکے اس میں ایک چھوٹا چمچہ دارچینی ملا کر استعمال کریں تو مفید اثرات سامنے آئیں گے، خصوصاً پرانے مرض کی صورت میں صحت یابی ممکن ہے۔ جن مریضوں نے یہ نسخہ استعمال کیا ایک ماہ کے اندر اُن کی حالت اس حد تک بہتر ہوگئی کہ انہوں نے اپنے پیروں پر کسی تکلیف کے بغیر چلنا پھرنا شروع کردیا۔
بال جھڑنا:
بال جھڑنا مردوں کی حد تک تو ٹھیک ہے بلکہ یہ ان میں عقل و دانش کے ساتھ ساتھ دولت مندی کی نشانی بھی سمجھا جاتا ہے، لیکن خواتین تو اس تصور ہی سے کانپ کر رہ جاتی ہیں۔ آپ کے بالوں کو اور خوش نما بنانے یعنی گسیوئے تابدار کو اور بھی تابدار کرنے کے لیے شہد اور زیتون کا تیل حاضر ہے۔
ماہرین کے مطابق ایک بڑا کھانے کا چمچہ شہد، ایک چائے کا چمچہ دارچینی کا سفوف، زیتون کے نیم گرم تیل میں ملا کر سر پر لگایئے، جہاں سے بال جھڑ چکے ہوں یا جھڑ رہے ہوں وہاں کم از کم پندرہ منٹ تک لگا رہنے دیجیے۔ اگرچہ تحقیق و تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ اگر یہ آمیزہ صرف پانچ منٹ بھی لگا رہنے دیں تب بھی اسی قدر مؤثر ثابت ہوگا۔
دانت کا درد:
دانت کا درد ایسا درد ہے جس کی تکلیف وہی جانتا ہے جس کو یہ اٹھتاہے۔ اس کے لیے ایک چائے کا چمچہ دار چینی کا سفوف اور پانچ چائے کے چمچے شہد ملا کر پیسٹ بنا لیجیے اور متاثرہ دانت پر لگایئے، یہ عمل یومیہ تین مرتبہ کیجیے جب تک درد آپ کا پیچھا نہ چھوڑ دے۔
کولیسٹرول اور امراضِ قلب:
اس کی اب اچھی خاصی دہشت ہر کسی کے دل میں بیٹھ چکی ہے۔ ’’کولیسٹرول‘‘ کو گویا’’ہارٹ اٹیک‘‘ کا دوسرانام سمجھ لیا گیا ہے۔ کولیسٹرول کا سب سے بہتر اور سادہ علاج تو سادہ خوراک ہی ہے، تاہم نسخہ حاضر ہے:
ایک کھانے کا چمچہ شہد اور تین چائے کے چمچے دارچینی کا پائوڈر لے کر سولہ اونس چائے کے پانی میں ملا لیجیے اور جس مریض کا کولیسٹرول بڑھا ہوا ہو، اُسے دیجیے۔ ان شاء اللہ دو گھنٹے کے اندر اندر کولیسٹرول کی مقدار میں دس فیصد کمی واقع ہوجائے گی۔ اس کے استعمال سے پرانا کولیسٹرول بھی درست اور نارمل سطح پر آجاتا ہے۔
شہد اور دارچینی کے پائوڈر کو ملا کر پیسٹ بنا لیں اور اسے ڈبل روٹی کے توس یا روٹی پر لگائیں۔ جام جیلی کی جگہ ایک مرتبہ اسے استعمال کرکے دیکھیے، یہ آپ کی شریانوں میں جمنے والے کولیسٹرول کو نکال باہر کرے گا اور یوں آپ کو دل کے دورے سے محفوظ کردے گا، یہاں تک کہ جو لوگ پہلے دورہ قلب کا شکار ہوچکے ہیں وہ اس نسخے پر مستقل طور پر عمل کریں تو اگلے دورے سے بہت زیادہ محفوظ ہوجائیں گے۔ اس کے استعمال سے سانس لینے میں تکلیف کا ازالہ بھی ہوجاتا ہے اور دل کی دھڑکنیں بھی مستحکم اور درست حالت میں آجاتی ہیں۔ امریکا اور کینیڈا کے کئی اسپتالوں میں اس نسخے کو آزمایا گیا ہے اور اس کی افادیت اس حد تک واضح ہوئی کہ جو شریانیں اور وریدیں کولیسٹرول کی وجہ سے اپنی لچک اور نرمی کھوکر سخت اور بے لچک ہوگئی تھیں، وہ اپنی اصلی اور نرم حالت میں واپس آگئیں۔ مریضوں کی صحت پر جو اچھے اثرات پڑے ہوں گے ان کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔
مثانے کا انفیکشن
یہ بہت تکلیف دہ اور پریشان کن بیماری ہے۔ مریض بستر پر بھی بے آرام اور بے چین رہتا ہے۔ اس کا نہایت شافی علاج قدرت نے رکھا ہے، دو کھانے کے چمچے دارچینی کا پائوڈر، ایک چائے کا چمچہ شہد ایک گلاس نیم گرم پانی میں ملا کر مریض کو دیجیے اور قدرت کا کرشمہ دیکھیے۔ یہ سادہ سی دوا انفیکشن کے جراثیم کا مکمل صفایا کر دے گی۔

حصہ