ٹوٹکے

989

لمبے بال مشکل نہیں:۔
٭…سرسوںکا تیل (خالص) دو سیر، گیندے کے تازہ پھول ایک پائو تیل میں رات بھر بھگو کر رکھ دیں، صبح پھولوں کو اچھی طرح مسل کر تیل کو چھان لیں۔ سر دھونے سے ایک گھنٹہ پہلے اس کو اچھی طرح سر پر لگائیں، بال لمبے ہوجائیں گے۔
٭… مہندی میں شہد اور زیتون کا تیل ملا کر بالوں میں لگانے سے بال گھنے اور چمک دار ہوجاتے ہیں۔
٭… کچھ ریٹھے لے کر انہیں رات کے وقت پانی میں بھگو کر رکھ دیں اور صبح اٹھ کر اس پانی سے سر دھوئیں، اس سے بال مضبوط اور کالے ہوتے ہیں۔
٭… اگر بالوں کی نوکیں پھٹی ہوئی ہوں اور بال چھوٹے ہوگئے ہوں تو اس کے لیے آدھی پیالی خالص مہندی لے کر پانی میں گھول کر آدھے گھنٹے کے لیے پڑا رہنے دیں، پھر ایک انڈا اچھی طرح پھینٹ کر اس میں ملا لیں اور بالوں میں لگائیں۔ ایک گھنٹے بعد کسی اچھے صابن سے سر دھو لیں۔ ہفتے میں کم از کم دو بار ایسا کرنے سے بال ٹھیک ہوجائیں گے۔
٭… بالوں کی نوکیں اکثر کاٹتے رہنے سے بھی بال لمبے ہوتے ہیں۔

ہیئر ماسک:۔

ہفتے میں ایک بار ماسک ضرور لیں، کیوں کہ اکثر خواتین کے بال پرم کرنے اور کیمیکل شیمپو استعمال کرنے سے روکھے اور خشک ہوجاتے ہیں۔ ہیئر ماسک سے بال نرم، ملائم اور چمک دار ہوجاتے ہیں۔

ہیئر ماسک کا طریقہ:۔

بالوں میں کم از کم آٹھ گھنٹے تیل لگانے کے بعد تولیہ گرم پانی میں ڈبوکر نچوڑ لیں اور تین بار بالوں میں لپیٹیں۔ آدھے گھنٹے بعد بال کسی اچھے شیمپو سے دھو لیں۔ ہفتے میں ایک بار دہی، سرسوں کا تیل، انڈا، اگر بال خشک ہیں تو صرف انڈے کی زردی اور تھوڑا سا شہد یا عرق لیموں مکس کرکے ضرور لگائیں۔ یہ بالوں کے لیے بہترین ماسک ہے اور اس سے دو منہ بالوں کا خاتمہ بھی ہوجاتا ہے۔ مرد اور خواتین دونوں اس ماسک کا استعمال کرسکتے ہیں اور اس کے بہترین نتائج نکلتے ہیں۔ بال خوب صورت اور چمک دار ہوجاتے ہیں۔اس کے علاوہ بالوں کا کنڈیشنر بہت ضروری ہے، اور مہندی بالوں کے لیے بہترین کنڈیشنر ہے جس کا کوئی نقصان نہیں ہوتا، بلکہ فائدہ ہی فائدہ ہے۔ مہندی کو صرف کنڈیشنر کے لیے استعمال کرنا ہو تو اس کے لیے مہندی 2 کھانے کے چمچ، ایک عدد انڈا، دہی 2 کھانے کے چمچ اور تھوڑا سا تیل مکس کرکے آدھے گھنٹے کے لیے لگائیں، اس کے بعد صرف سادہ پانی سے سر دھو لیں۔ دو گھنٹے کے بعد تیل لگائیں اور پھر شیمپو کریں۔ بالوں کے لیے ہفتے میں ایک بار قدرتی شیمپو ضرور استعمال کرنا چاہیے، یعنی آملے اور سیکاکائی ہم وزن رات دو گلاس پانی میں بھگو دیں۔ صبح آدھا گھنٹہ ہلکی آنچ پر پکائیں، پھر اسے چھان لیں اور بالوں میں ڈالیں اور تولیہ لپیٹ لیں۔ آدھے گھنٹے بعد شیمپو کریں۔ اگر چار ماہ تک لگاتار یہ نسخہ آزمایا جائے تو اس سے بال لمبے، گھنے اور گرنا بند ہوجائیں گے۔

حصہ