عام چیزوں سے خاص جیولری بنایئے

1245

فاطمہ عزیز
سجنے سنورنے کا خواتین کو خاص شوق ہوتا ہے، اور اس کے لیے وہ کپڑے، جوتے، جیولری اور میک اَپ پر دھیان دیتی ہیں۔ آیئے ہم آپ کو گھر میں جیولری بنانے کے کچھ آسان طریقے بتاتے ہیں، جن کو پہن کر آپ اچھی تو لگیں گی، اور جب آپ بتائیں گی کہ یہ آپ نے خود بنائی ہیں تو آپ سگھڑ بھی کہلائیں گی۔کسی کو تحفہ دینے کے لیے بھی یہ جیولری اچھی ثابت ہوگی۔
-1 کسی بھی ایک رنگ کے چھوٹے موتی لے لیں اور ان کو ایک باریک تار میں پرو لیں، پھر اس تار کو گول بالی کی شکل دے دیں، اسی طرح ایک اور چھوٹی گولائی میں بالی تیار کریں اور پھر دونوں کو جوڑ کر ایک بالی بنالیں، اس میں اوپر کان کا ہُک جوڑ دیں جو کہ بازار میں بآسانی ملتا ہے۔ اسی طرح دوسرے کان کی بالی بنائیں۔
-2 کسی بھی شوخ رنگ کا ایک موٹا ربن لیں، اس کو تین انچ لمبائی میں کاٹ لیں، نیچے سے اس کا دھاگہ احتیاط سے اس طرح کھینچنا شروع کریں کہ جھالر بننا شروع ہوجائے۔ جب اچھی خاصی جھالر بن جائے تو اوپر کا آدھا انچ ربن چھوڑ دیں۔ اب ربن کو اوپر سے دو تین تہ میں موڑ کر گوند لگا کر چپکا دیں اور ایک خوب صورت موتی یا بٹن کے نیچے چپکا دیں۔ موتی میں ہُک پیوست کریں اور دوسرے کان کا بندا بھی اسی طرح تیار کریں۔
-3 اگر آپ کے پاس دو ایک طرح کے ماربل ہیں تو بہت اچھی بات ہے، ان کو لائٹر کی مدد سے گرم کریں اور چمٹے سے ماربل پکڑیں۔ پھر ماربل کو ٹھنڈے یخ پانی میں ڈبو دیں۔ اس میں خوب صورت ڈیزائن بن جائیں گے۔ اب ماربل میں گلوگن کی مدد سے ہُک چپکائیں اور خوب صورت ماربل موتی کے بندے پہن کر اترائیں۔
-4 ایک بڑا گول بائول لیں اور اس میں ایک چھوٹا بائول رکھ دیں۔ پھر ان دونوں کے بیچ کی جگہ پر خوب صورت سوکھے پھول، پتے، کلیاں گولائی میں ارینج کرکے رکھ دی اور پھر ان پر ریزن (ایک گلو ہے) ڈال دیں اور سوکھنے دیں۔ سوکھنے پر دونوں بائول ہٹا دیں۔ بیچ میں سے خوب صورت ریزن کا کڑا بن جائے گا جس کے اندر خوب صورت پھول ہوں گے۔
-5 گولائی میں ایک تار لیں، اس میں اسپرنگ چڑھا دیں۔ اب ایک اچھا خوب صورت رنگ کا موٹا دھاگا لیں اور اسپرنگ میں ایک سائیڈ سے دوسری سائیڈ کی طرف لپیٹنا شروع کردیں۔ خوب صورت ڈیزائن کا ہوپ ائرنگ تیار ہے۔
-6 ایک پیپر کلپ لیں، اس کو سیدھا کرکے تکون میں شکل دے دیں، پھر اس کو رکھ کر اس میں گلوگن سے گلو ڈال دیں، اور گلو کے اوپر مختلف قسم کے یا ایک رنگ کا ڈسکو رنگ چھڑک دیں، جگ مگ کرتا بندہ تیار ہے۔
-7 بچوں کے مختلف سوکھنے والے کلے لے لیں اور ان میں سے ایک رنگ کے کلے کو چمچ کے اوپر رکھ کر چمچ کی گولائی میں شکل دے دیں۔ کلے ہلکے سے پتے کی شکل میںہوں۔ پھر کلے کو بیک کرلیں اور اس میں اوپر ہک کے لیے سوراخ کردیں۔ ٹھنڈے ہونے کے بعد آپ کے پاس خوب صورت شکل میں کلے کے بندے تیار ہوں گے۔
امید ہے ان سارے طریقوں سے آپ اپنا اچھا جیولری کا کلیکشن تیار کرلیں گی۔ بہت عام سی چیزوں سے خاص چیزیں تیار ہوسکتی ہیں۔

حصہ