اپنے کچن گارڈن کے لیے صحت مند بیج حاصل کریں

567

فاطمہ عزیز
آپ کو اگر پودوں، درختوں اور ہرے بھرے باغات کا شوق ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے گھر میں بھی مختلف پودے اور درخت لہلہائیں، تو آیئے ہم آپ کو ہوم گارڈننگ کے لیے کچھ ایسی تراکیب بتاتے ہیں جن سے آپ کے پاس نت نئے پھلوں اور پھولوں کے پودے بھی آجائیں گے اور آپ کے پیسے بھی خرچ نہیں ہوں گے، مطلب ہینگ لگے نہ پھٹکری رنگ بھی چوکھا آئے گا (ان شاء اللہ)۔ گھر میں پودے لگانے کے لیے ان کی دیکھ بھال اور سورج کی روشنی پہنچتی رہے اس بات کا خیال رکھیں، اور اگر آپ کے پاس باغ ہے تو کیا ہی بات ہے۔ اس بلا کی گرمی میں پودے لگائیں اور ان کی ٹھنڈک سے محظوظ ہوں۔
-1 شملہ مرچ کے بیج نکال کر دھو لیں، انڈے کے چھلکے میں کھاد بھریں اور بیج ڈال دیں، ہلکا پھلکا پانی صبح شام اسپرے کریں اور سورج کی روشنی میں رکھیں۔ جب پتے نکل آئیں تو انڈے کے چھلکے سمیت پودے کو مٹی میں دبا دیں۔ انڈے کا چھلکا بھی کھاد کا کام دیتا ہے۔
-2 تربوز کے بیج نکال کر دھو لیں، ایک ٹشو پیپر بچھائیں، اس کے اوپر بیج ڈال کر دوسرے ٹشو پیپر سے ڈھانپ دیں اور پانی کا ہلکا سا اسپرے کریں۔ پھر بیج ٹشو پیپر سمیت ایک ڈبے میں ڈال کر ڈبے کا منہ تھیلی سے بند کردیں، ہوا کے لیے سوراخ کردیں۔ چار دن تک انتظار کریں، جب بیج نرم ہوجائیں تو انڈے کے چھلکے میں کھاد بھر کر بیج دبا دیں، پانی اور سورج کی روشنی میں رکھیں۔ تربوز کو سورج کی زیادہ روشنی چاہیے ہوتی ہے۔
-3 کھیرے کو بیچ میں سے کاٹ کر اس کا گودا نکال کر ایک گلاس پانی میں گھولیں۔ اچھے بیج نیچے گلاس میں بیٹھ جائیں گے، ان کو نکال کر کھاد اور مٹی میں دبا دیں، ہلکا ہلکا پانی کا اسپرے کریں، جب پتے نکل آئیں تو پودے کو زیادہ پانی دیں۔ کیونکہ کھیرے کو پھلنے پھولنے کے لیے پانی چاہیے ہوتا ہے۔
بینگن کے پیچھے والے موٹے حصے میں کٹ لگا کر اس کو دو منٹ مائیکروویو کرلیں، پھر جب وہ نرم ہوجائے تو نکال لیں۔ گودے کو پانی میں گھولیں، اچھے بیج نیچے بیٹھ جائیں گے۔ گلاس سے ان کو نکال کر بو دیں۔ پانی اور روشنی کا خیال رکھیں۔
ان سب طریقوں سے فائدہ اٹھائیں اور اپنا کچن گارڈن تیار کریں۔ یاد رکھیں، جب آپ ایک قسم کا بیج بو رہے ہوں تو اس کو تین چار مختلف انڈے کے چھلکوں میں بو دیں۔ اس طرح اگر ایک سے پودا نہ نکلا تو ان شاء اللہ دوسرے سے ضرور نکلے گا، ورنہ ایک بیج بونے سے پودا نکلنے کے مواقع کم ہوں گے اور آپ کو مایوسی ہوگی۔

حصہ