مشورہ حاضر ہے

631

حکیم ثمینہ برکاتی (03318357251)
سوال: طبیبہ صاحبہ! مجھے بھوک نہیں لگتی، کمزوری محسوس ہوتی ہے، وزن کم ہورہا ہے، قبض رہتا ہے۔ (سمیہ شاہ نواز… کراچی)
جواب: قبض کو اُم الامراض کہا جاتا ہے، آپ کا بھی سب سے بڑا مسئلہ قبض ہے۔ جب قبض ختم ہوگا تو دوسری تکالیف خود ہی ختم ہوجائیں گی۔ چند باتوں کا خیال رکھیں: بغیر چھنے آٹے کی روٹی کھائیں، ہری سبزیوں کا کثرت سے استعمال کریں، سادہ پانی بہت زیادہ پئیں۔ لسوڑے کا اچار بھوک بڑھاتا ہے، شکرقندی وزن بڑھاتی ہے اور آلو بخارا قبض کشا ہے۔ ان چیزوں کا استعمال آپ کی تمام تکالیف دور کردے گا۔
سوال: مجھے برے برے وسوسے، خوف اور گھبراہٹ محسوس ہوتی ہے، نیند مشکل سے آتی ہے۔ مجھے معلوم ہوا ہے کہ حکمت میں ڈپریشن کا اچھا علاج ہے، براہِ مہربانی مجھے بھی کچھ بتائیں۔ (مریم نواز… نوشہرہ)
جواب: مریم بی بی ڈپریشن ناشکری، بے صبری، اسراف، اللہ سے تعلق میں کمی کا نام ہے۔ دنیا کے معاملے میں اپنے سے نیچے کو دیکھیں، تلاوتِ قرآن اور اذکار کی پابندی کریں، رات کو دہی کھائیں اور تلوئوں میں بادام کے تیل کی مالش کریں، کاجو 5 عدد روزانہ ڈپریشن کا بہت اچھا علاج ہے۔ گائے کا گوشت اور بادی اشیا سے پرہیز کریں۔
سوال: میری نظر کمزور ہورہی ہے، مجھے خاص کر رات کو کم نظر آتا ہے۔ کوئی اچھا سا علاج بتائیں۔ (مسز ضیا برنی… کراچی)
جواب: مسز ضیا! آپ نے اپنی عمر نہیں لکھی۔ 35 سال کے بعد نظر قدرتی طور پر کمزور ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ ویسے بھی نظروں کی حفاظت کے لیے احتیاط ضروری ہے۔ رات کے وقت اور کم روشنی میں لیٹ کر پڑھنا، موبائل اور ٹی وی کا زیادہ دیکھنا آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ بلڈ پریشر اور شوگر کو کنٹرول کریں۔ گاجر کا جوس ایک گلاس روزانہ بینائی ٹھیک کرنے کے لیے لاجواب ہے۔ سونف اور دھنیے کی گری کو بھون کر رکھ لیں اور کھانے کے بعد استعمال کریں۔ معجون دماغ افروز ایک چمچ صبح نہار منہ استعمال کریں، قبض نہ ہونے دیں۔
سوال: مجھے ماہواری کے آغاز پر شدید درد ہوتا ہے، کوئی گھریلو ٹوٹکا بتائیں۔ علاج تو بہت کروایا، فائدہ نہیں ہوا۔ (سبحانہ رشید… لیہ)
جواب: ماہواری کے درد سے نجات کے لیے ایک گلاس دودھ میں ایک چمچ ہلدی ڈال کر پئیں، ایک انڈا ابال کر کھائیں، پیٹ پر گرم کپڑے سے سکائی کریں، دارچینی کا قہوہ پئیں، پپرسکون رہیں۔ اگر ماہواری کم آرہی ہے تو اس کے لیے دوا لیں، درد کم ہوجائے گا۔
سوال: مجھے کمزوری بہت محسوس ہوتی ہے، گھر کا کام کرکے تھکن ہوجاتی ہے، دل کی دھرکن تیز چلتی ہے، ٹانگوں میں بہت درد رہتا ہے، سفید پانی کی بھی شکایت ہے۔
(صالحہ شبیر… کراچی)
جواب: صالحہ بی بی! آپ کی تکالیف سے لگتا ہے کہ آپ میں خون کی بہت کمی ہے۔ اسٹرابری کا شیک آپ کی بہت سی تکالیف دور کردے گا، اور سات عدد سنگھاڑا سات دن تک کھانے سے سفید پانی اور ٹانگوں کے درد میں بہت افاقہ ہوگا۔

حصہ