الفاظ خزانہ

769

صبیحہ اقبال
٭ آن (ھ): قسم، عہد۔ کیا تمہیں برات میں جانے کی آن ہے۔ روک ٹوک۔ رسم کے خلاف۔ جیسے کیا تمہارے ہاں باریک دوپٹہ کی آن ہے۔ عادت، خصلت، ضد، ہٹ دھرمی جیسے تم کتنا ہی سمجھائو مگر وہ اپنی آن نہ چھوڑے گی، آبرو، پاسِ وضع ’’آن میں فرق نہ آنے دیجیے۔ جان اگر جائے تو جانے دیجیے‘‘۔ مراد، تمنا، جیسے اللہ تمہاری آن رکھے یعنی مراد پوری کرے۔
٭ آن بان: شان و شوکت، سج دھج، بانکپن، وضع داری، غرور، گھمنڈ، ہٹ، ضد۔ جیسے جب وہ اپنی آن بان پر آتے ہیں تو بات پوری کرکے رہتے ہیں۔
٭ آن کا مہمان: گھڑی، ساعت کا مہمان، جلد دنیا سے جانے والا، قریب المرگ۔
٭آن کھان ہوگیا: تباہ و برباد ہوگیا، ستیاناس ہوگیا۔ کسی چیز کی نحوست سے بربادی کے موقع پر بولا جاتا ہے۔
٭ آن کی آن میں: متلون مزاجی، مثلاً اس کے قول و فعل کا کچھ اعتبار نہیں، گھڑی بھر میں کچھ ہے گھڑی بھر میں کچھ۔
٭ آنا (ھ): معانی کے اعتبار سے انتہائی زرخیز لفظ ہے۔ جانا کی ضد، پہنچنا، نظر آنا، دکھائی دینا، ساتھ چلنا۔ جیسے ہم اب چلتے ہیں، تمہیں ساتھ آنا ہو تو آئو۔ باہر نکلنا۔ جیسے دیکھو ڈاکٹر صاحب کب تھیٹر سے باہر آتے ہیں۔ واپس آنا، گھسنا، جیسے چور سیڑھی لگا کر گھر میں آئے۔ نمودار ہونا، طلوع ہونا، پھلنا پھولنا۔ جیسے درخت پر پھل آئے۔ پیدا ہونا، تولد ہونا

نوشتہ میرا بے معنی تو دل بے مدعا میرا
مگر اس عالمِ اسباب میں مَیں بے سبب آیا

آمادہ ہونا، مائل ہونا، راغب ہونا۔ جیسے بانکپن پر جو کسی روز مزاج آتا ہے۔ گزرنا (زمانے کے ساتھ) جیسے اتنی عمر آئی مگر ہم نے ایسا تماشا نہیں دیکھا۔ (دل، طبیعت کے ساتھ) جیسے دل میں آیا زہر کھا لوں۔ پڑ جانا (جان و روح کے ساتھ) جیسے جان میں جان آنا، روح آنا، چڑھنا۔ تم بھی اپنی سواری پر آجائو۔ کسی ہنر پر قادر ہونا، سلیقہ آنا، معلوم ہونا۔ جیسے کچھ علاج آتا ہے تجھ کو میرے دل کی ٹیس کا۔ سمانا، گنجائش پانا۔ فقرہ: اب اس بٹوے میں مزید روپیہ نہیں آتا۔ تیار ہونا، مثلاً پلائو کو دَم پر لگا دو کہ یہ ابھی اچھی طرح نہیں آیا۔ قرض ہونا۔ مجھ پر تمہارا ایسا کیا آتا ہے جو ہر گھڑی تقاضا کرتے رہتے ہو۔ شمار ہونا، شامل ہونا، مثلاً اب تم بھی انہی لوگوں میں آگئے۔ چھا جانا، گِھر جانا۔ جیسے آنکھوںکے سامنے اندھیرا آگیا، یا چاند پر ابر آگیا۔ شروع ہونا۔ ابتدا ہونا جیسے جاڑے آئے اور برسات کے دن تمام ہوئے۔ کسی کیفیت کا جوش میں ہونا جیسے شرم آنا، غصہ آنا، استخارہ آنا، دل آنا۔ فروخت ہونا، جیسے آم بازار میں آنے لگے۔ مقابلہ کرنا (صرف صیغہ حاضر کے ساتھ) مرد ہو تو میدان میں آئو، یا کچھ دعویٰ ہے تو پھر آجائو۔ سوار ہونا (جن یا بھوت کے ساتھ) جیسے فلاں کے سر پر جن آتا ہے۔ دب جانا، پس جانا، پیر پہیے کے نیچے آگیا۔ نمایاں ہونا، پھیل جانا۔ جیسے دھوپ کا آجانا۔ ظاہر ہونا، نکلنا۔ جیسے پسینہ آنا۔ پھولنا، جیسے پہلوان کا دَم آگیا۔

حصہ