موسم سرما کی سوغات

633

عائشہ یاسین
پاکستان کے تمام بالائی علاقوں اور شہروں نے موسم سرما کو خوش آمدید کہہ دیا ہے، کہیں ٹھنڈی ہوائیں چلیں، کہیں موسم سرما کی برسات ہوئی اور کہیں پہاڑی علاقوں پر برف باری کا آغاز ہوا۔ غرض موسم سرما کا مزالینے کے لیے پورا پاکستان تیار ہوچکا ہے۔موسم سرما میں لوگ ہر سال چند روایتی چیزوں کو خوب انجوائے کرتے ہیں یا اگر یوں کہا جائے کہ ان سوغاتوں کے بغیر موسم سرما کا مزا ادھورا ہے تو کچھ غلط نہیں ہوگا۔
ذیل میں ہم ایسی ہی چند اہم سوغاتوں کے بارے میں بتا رہے ہیں، جن سے ہر کوئی سردیوں میں لطف اٹھاتا ہے۔
خشک میوہ جات یا ڈرائی فروٹس:
پاکستان میں ٹھنڈی ہوا کا پہلا جھونکا چلتا نہیں کہ ڈرائی فروٹس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں، ساتھ ہی ان کی مانگ میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ تاہم پھر بھی پاکستانی مونگ پھلی، نمکین کاجو، بادام، انجیر اور دیگر ذائقہ دار میوہ جات کے ساتھ موسم سرما کا مزا دوبالا ضرور کرتے ہیں۔
کافی یا چائے:
پاکستان میں چائے کا استعمال تو ہر موسم میں ہی ہوتا ہے لیکن موسم سرما میں خاص طور پر کشمیری چائے اور کافی کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ ڈھابہ ہو، گھر ہو یا کوئی بڑا ہوٹل سب ہی اپنے دوست احباب کے ساتھ موسم سرما میں گرم گرم کافی یا چائے کے ساتھ خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔
چکن سوپ:
سردیوں کے موسم میں چکن سوپ اور یخنی کا انتظام ہر جگہ دیکھنے میں آتا ہے اور لوگ خاص طور پر اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ چکن سوپ وغیرہ پینے جاتے ہیں اور سردی کا مزا لیتے ہیں۔ دوسری جانب خواتین بھی گھر میں نت نئے طریقوں سے چکن سوپ بناتی ہیں، یہاں تک کہ باقاعدہ طور پر چکن سوپ پارٹی کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔
مکئی اور بھٹا:
ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا ہو اور ہاتھ میں گرما گرم مکئی یا بھٹا ہو تو باہر کے موسم کے ساتھ دل کا موسم بھی خوشگوار ہوجاتا ہے۔ موسم سرما میں بھنی ہوئی مکئی، چنے اور بھٹا خوب لطف اندوز کرتا ہے۔ ساتھ ہی مکئی میں موجود پروٹین کی وافر مقدار بھی صحت کے لیے مفید ہے، علاوہ ازیں یہ وزن کم کرنے میں بھی کار آمد ثابت ہوتی ہے۔
حلوے:
سردی میں اصلی گھی سے تیار کردہ حلوہ جات کھانے کا مزا ہی الگ ہے، ایسے میں گاجر، لوکی، اخروٹ اور دیگر حلوہ جات کا دیوانہ ہر کوئی ہوتا ہے۔ موسم سرما میں گاجر کا حلوہ بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ جس پر لذیذ کریم، کھویا اور دودھ ڈال کر لوگ خوب مزے لیتے ہیں۔

حصہ