طبی مشورے

423

حکیم ثمینہ برکاتی
سوال: میں جسمانی طور پر بہت کمزور ہوں، جلد تھکاوٹ ہوجاتی ہے۔ دوا کی چور ہوں۔ کوئی غذائی علاج بتائیں۔
(نوشین جمال… کراچی)
جواب: نوشین! آپ صبح سویرے بیدار ہوکر ہلکی سی ورزش کریں، پھر دو کیلے کھائیں۔ پھر جو کا دلیہ، شہد، دودھ کے ساتھ کھجور میں مکھن لگا کر بھی کھا سکتی ہیں اور کھجور کا شیک بھی۔ دوپہر کے کھانے میں بیف کا قیمہ اور ہری سبزیاں کھائیں۔ شلجم کا موسم ہے، خوب چبا کر کچا کھائیں اور غسل کریں۔ نماز کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں، یہ جسم اور ذہن کی بڑی اچھی ورزش ہے۔ بہی ایک پھل ہے، سردیوں میں اس کا استعمال افادیت کو دگنا کردیتا ہے۔ دو مہینے پابندی سے کھانا جسم کی کمزوری دور کرنے اور وزن بڑھانے میں مفید ثابت ہوگا۔
سوال: مجھے اکثر ہچکی لگ جاتی ہے، بہت پریشان رہتی ہوں، کوئی ٹوٹکا بتا دیں۔
(سمیہ ناصر… لیہ)
جواب: جب ہچکی لگے تو کلونجی آدھا چمچہ باریک پیس کر مکھن میں ملا کر کھائیں، یا ٹھنڈا پانی آہستہ آہستہ پئیں چائے کی طرح۔ افاقہ نہ ہو تو بلند آواز سے اللہ اکبر کا نعرہ لگائیں۔ ریڑھ کی ہڈی پر لوہے کی چابی رگڑنے سے بھی ہچکی رک جاتی ہے، دو لونگ چبانے سے بھی آرام ہوتا ہے۔
سوال: میرے بیٹے کی عمر چار سال ہے، اس کو اکثر قبض رہتا ہے جس سے اس کے پیٹ میں درد رہتا ہے اور بھوک بھی کم لگتی ہے۔
(اُمِ کاشان… کراچی)
جواب: بچے کی خوراک پر خاص توجہ دیں، دودھ کم دیں اور ریشہ دار غذائیں مثلاً سبزیاں، کھیرا، پالک، ٹماٹر وغیرہ، روٹی شوربے کے ساتھ، اسپغول کا چھلکا دودھ یا دہی کے ساتھ، کھیر، روغنِ بادام رات کو دو چمچے دیں۔
سوال: میرا بیٹا ڈپریشن کا شکار ہے، خاموش اور اداس رہتا ہے، دوائوں سے جسم میں خشکی اور پٹھوں میں اکڑن رہتی ہے۔ میرا رویہ اس کے ساتھ کیسا ہونا چاہیے؟
(زوبیہ … نواب شاہ)
جواب: آج کے دور میں ذہنی اور نفسیاتی بیماریوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، پھر اس کے لیے جو دوائیں استعمال کی جاتی ہیں ان کے بہت سے مضر اثرات ہوتے ہیں۔ بچے کو زیادہ سے زیادہ وقت دیں۔ آپ کی محبت، ہمدردی، دل جوئی، رفاقت، اعتماد اور پیار دوائوں سے بڑھ کر ہے۔ آج کل ہمارے پاس سب کچھ ہے، اولاد کو دینے کے لیے وقت نہیں ہے۔ اس وقت کو عبادت سمجھ کر نکالیں۔ نفرت اور غصے کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ روز اس کے ہاتھ سے صدقہ دلوائیں۔ غذا سادہ اور زود ہضم دیں، مصروف رکھیں، اپنے ساتھ چہل قدمی کو معمول بنائیں۔
سوال: مجھے موسم تبدیل ہوتے ہی سردیوں میں دمہ شروع ہوجاتا ہے۔ اس سے کیسے نجات حاصل کروں؟
(سکینہ شاہد … راولپنڈی)
جواب: یقینا یہ ایک تکلیف دہ مرض ہے، مگر آپ گھبرائیں نہیں، سب سے پہلے ان چیزوں کو نوٹ کریں جن کے استعمال کے بعد یہ تکلیف بڑھ جاتی ہے، مثلاً مٹی، گرد، دھواں، سردی، کوئی پھل، غذا وغیرہ۔ پھر اس چیز کو ترک کریں۔ سینے کو سردی سے بچائیں۔ سوتے وقت سر پر ٹوپی رکھیں۔ کولڈ ڈرنک، مشروبات، مرغن اور تلی ہوئی اشیا سے پرہیز کریں۔ تلسی کے پتے، ادرک، پیاز کا جوس نکال کر شہد میں ملا کر پئیں۔ دورے کے وقت نیم گرم پانی چائے کی طرح چسکی لے کر پئیں۔

حصہ