سال 2018ء میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے کھلاڑی

646

سعد جابری
سال 2018ء اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔ آج ہم ایسے نامور کرکٹرز پر نظر ڈالتے ہیں جنہوں نے گزشتہ سال بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہا۔
اے بی ڈی ویلیئرز:
سب سے پہلے بات کرتے ہیں دنیائے کرکٹ کے نامور بلے باز جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز کی، جو دنیا بھر میں مسٹر 360 کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے 23 مئی 2018ء کو کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے 14 سالہ کیرئیر میں جنوبی افریقہ کے لیے 114 ٹیسٹ، 228 ون ڈے اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں نمائندگی کی ہے۔ ٹیسٹ میں ان کی بیٹنگ اوسط 50 اعشاریہ 66ٍ اور ایک روزہ کرکٹ میں 53 اعشاریہ 50 ہے۔
اس کے علاوہ ان کے پاس کئی اعزاز موجود ہیں۔ جیسے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچ میں تیز ترین نصف سینچری صرف 16 گیندوں پر مکمل کی اور بعد میں سینچری صرف 31 گیندوں پر بنائی۔
مسٹر 360 نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 150 رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 64 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے مجموعی طور پر 20 ہزار14 رنز بنائے جس میں 47 سینچریاں اور 99 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
محمد حفیظ:
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
محمد حفیظ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انھوں نے کہا کہ میرے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینا ایک بہت مشکل فیصلہ تھا۔
محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے وقت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، مینجمنٹ، تمام ٹیم پلیئرز، پاکستان لیول اور تمام ڈومیسٹیک لیول، فیصل کرکٹ کلب، پولو کرکٹ کلب، فیملی اور فینز کا بہت شکریہ ادا کیا تھا۔
محمد حفیظ پاکستان کرکٹ ٹیم کی 54 ٹیسٹ میچز میں نمائندگی کرچکے ہیں ۔ انھوں نے 38 اعشاریہ 35 کی اوسط سے 3 ہزار 644 رنز بنائے جس میں 10 سینچریاں اور 12 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
عبدالرحمن:
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیفٹ آرم اسپنر عبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان اکتوبر میں کیا۔
پاکستان ٹیم کے اسپنر عبدالرحمن کے پاس ایک انوکھا اعزاز موجود ہے۔ یہ ریکارڈ ایسا ہے جس میں انہوں نے بغیر کوئی گیند کرائے 8 رنز دیئے۔ یہ واقعہ ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوا تھا جب عبدالرحمن اپنی لائن اور لینتھ بھولے تھے۔
عبدالرحمن نے پہلی نو بال کی تو امپائر نے تنبیہ کی، اس کے بعد دوسری بھی نوبال کی، جب انہوں نے تیسری نوبال کی تو امپائرز نے انہیں بولنگ کرنے سے روک دیا اور باقی گیندیں دوسرے بولر کو کرنے کی اجازت دی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیفٹ آرم اسپنر عبدالرحمان نے 22 ٹیسٹ میچز میں 99 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ افسوس رہے گا کہ 100 وکٹیں پوری نہیں کرسکا۔
ایلسٹر کک:
انگلستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیفٹ آرم بلے باز ایلسٹر کک نے بھارت کے خلاف 5 میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری میچ کھیل کر تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس پر شائقین کرکٹ حیرت میں مبتلا ہوگئے۔
ایلسٹر کک نے انگلینڈ کی جانب سے 160 ٹیسٹ، 92 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ انہوں نے 160 ٹیسٹ میچوں میں 44 اعشاریہ 88 کی اوسط سے مجموعی طور پر 12 ہزار 252 رنز بنائے اور کوئی بھی دوسرا انگلش بیٹسمین ان کے قریب نہیں آسکا، جبکہ کک کی سینچریوں کی تعداد 32 اور نصف سینچریاں 56 ہیں۔
ایلسٹر کک کی قیادت میں انگلینڈ نے 59 ٹیسٹ میچز کھیلے، ان میں سے 24 میچ جیتے اور 22 ہارے جبکہ 13 بغیر ہارجیت کے فیصلے کے ختم ہوئے۔ انہوں 3 ستمبر کو کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا۔
مورنی مورکل:
جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے اہم فاسٹ بولر مورنی مورکل نے 26 فروری 2018ء کو آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔
مورنی مورکل کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنا میرے لیے مشکل تھا لیکن میں نے محسوس کیا کہ دوسری زندگی شروع کرنے کے لیے یہ صحیح وقت ہے۔
مورنی مورکل نے مجموعی طور پر 83 ٹیسٹ، 117 ایک روزہ اور 44 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ساؤتھ افریقن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی اور اپنے شاندار کیریئر میں مجموعی طور پر 529 وکٹ حاصل کیں۔
کیون پیٹرسن:
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز کیون پیٹرسن نے 16 مارچ 2018ء کو تینوں فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں کیون پیٹرسن نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بتایا تھا کہ میں اب فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں اور گالف کھیلوں گا۔
کیون پیٹرسن کا کہنا تھا کہ لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ میں اب کیا کرنے جارہا ہوں؟ تو میں زندگی میں اسی جذبے اور سخت محنت سے گینڈوں کی نسل کو زمین سے ناپید ہونے سے بچانے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کروں گا۔
38 سالہ کیون پیٹرسن نے انگلینڈ کی جانب سے 104 ٹیسٹ میچز میں 47 اعشاریہ 28 کی اوسط سے 8 ہزار181 رنز بنائے، جس میں 23 سینچریاں اور 35 نصف سینچریاں شامل ہیں، جب کہ 136 ایک روزہ میچوں میں 4 ہزار440 رنز بنائے جس میں ان کی 9 سینچریاں اور 25 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
کیون پیٹرسن نے 37 ٹی 20 میچز میں ایک ہزار176 رنز اسکور کیے جس میں 7 نصف سینچریاں شامل ہیں۔ اور یقینا یہ ایک عمدہ ریکارڈ ہے جو اُن کے نام سے جڑا رہے گا۔
ڈیوائن براوو:
ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آل راؤنڈر ڈیوائن براوو جو دنیا بھر میں ڈی جے براوو کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، انہوں نے 24 اکتوبر 2018ء کو بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
ڈیوائن براوو کا نام ڈی جے براوواُن کی گلوکاری کی وجہ سے پڑ گیا ہے۔ انہوں نے گلوکاری کی دنیا میں بھی اپنی قسمت آزمائی اور گانے گائے۔ جیسے”براوو اِز آ چیمپئن“ جس نے لوگوں کے دلوں میں گھر کیا اور ان کا یہ گانا دنیا بھر میں بے حد پسند کیا گیا جس سے ان کی شہرت کو چار چاند لگ گئے۔
ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آل راؤنڈر ڈیوائن براوونے اپنے کھیل سے شائقینِ کرکٹ کے دل تو جیتے مگر میدان میں اپنی شرارتی حرکتوں سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی بنے رہے۔
35 سالہ ڈیوائن براوونے ویسٹ انڈیز کی 40 ٹیسٹ، 164 ایک روزہ میچز اور 66 ٹی 20 انٹرنیشنل میچزمیں نمائندگی کی۔ انہوں نے ٹیسٹ میں 31 اعشاریہ 42 کی اوسط سے 2 ہزار200 رنز بنائے۔
ایک روزہ کرکٹ میں 25 اعشاریہ 36 کی اوسط سے 2 ہزار 968 رنز بنائے جبکہ 5 اعشاریہ 41 کے اکانومی ریٹ سے 199 وکٹیں حاصل کیں۔
گوتم گمبھیر:
بھارتی ٹیم کے سابق اوپننگ بلے باز گوتم گمبھیر نے تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان دسمبر 2018ء میں کیا۔
گوتم گمبھیر نے دو بار ورلڈکپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 2004ء میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلا تھا۔ گمبھیر نے 2004ء سے 2016ء کے دوران 12 سال تک بھارتی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی ۔
انہوں نے 58 ٹیسٹ میچز میں 9 سینچریوں اور 22 نصف سینچریوں کی مدد سے 4 ہزار154 رنز بنائے،جبکہ 147 ون ڈے میچز میں 11 سینچریاں اور 34 نصف سینچریاں اسکور کیں۔ 37 ٹی 20 میچز میں 7 سینچریوں کی مدد سے 932 رنز بنا رکھے ہیں۔

محمد کیف:
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی محمد کیف نے رواں جولائی 2018ء میں بین الاقوامی کرکٹ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ انہوں نے بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 13 ٹیسٹ اور 125 ون ڈے میچز کھیلے۔ محمد کیف نے ٹی ٹوئنٹی کے انٹرنیشنل فارمیٹ میں اپنا حصہ نہیں ڈالا۔
محمد کیف نے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز 98-1997ء میں کیا۔ انہوں نے 2000ء سے 2006ء تک اپنے 6 سالہ کرکٹ کیرئیر میں کئی کارنامے سرانجام دیے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلا تھا، جب کہ 2000ء میں انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا کپتان ہونے کا اعزاز بھی ان کے پاس ہے۔

حصہ