دن بھر تروتازہ رہیے

210

ہر کوئی تروتازہ رہنے کی خواہش کرتا ہے لیکن اپنی مصروفیات اور بعض عادتوں کی وجہ سے وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوتا۔ ایسے ہی لوگوں کے لیے یہاں چند مفید مشورے حاضر ہیں۔
-1 کمرے میں اندھیرا نہ ہو:
خواب گاہ یا کمرے میں ایسا انتظام رکھیں کہ صبح ہوتے ہی روشنی آپ تک پہنچے۔ اگر ممکن ہو تو کمرے کی کھڑکیاں کھول کر سوئیں تاکہ تازہ ہوا اندر آتی رہے جو صحت کے لیے فرحت بخش ہوتی ہے۔ صبح بیدار ہونے کے لیے روشنی خصوصی اہمیت رکھتی ہے، اور یہی روشنی نیند کو باقاعدہ بناتی ہے۔ اندھیرا نیند لاتا ہے تو روشنی بیدار کرنے میں مدد دیتی ہے۔
-2 ٹھنڈے پانی سے غسل:
ٹھنڈے پانی سے غسل کرنے سے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ پانی دماغ کے بعض حصوں کو جگا کر بیداری کو ممکن بناتا ہے، اور یوں تھکاوٹ اور غنودگی کم ہوجاتی ہے، کیونکہ اس سے جسم کا میٹابولزم کا نظام بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹھنڈا پانی بدن کے اعصابی نظام کو متحرک کرتا ہے جس کا اثر پورے دن رہتا ہے۔ لیکن ہرگز یہ عمل سردیوں میں نہ کریں، کیوں کہ اس سے آپ کی صحت پر منفی اثرات بھی پڑ سکتے ہیں۔
-3 پانی کا زیادہ استعمال:
صبح برش کرنے کے بعد ایک سے دو گلاس پانی پی لیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نیند کے 8 گھنٹے تک آپ پانی نہیں پیتے اور پسینے وغیرہ سے بدن میں پانی کی قلت ہوجاتی ہے۔ پانی کی کمی دماغ کو شدید متاثر کرتی ہے۔ جب کہ مناسب مقدار میں پانی نہ پینے سے دماغی ارتکاز اور جسمانی پھرتی کم ہوجاتی ہے۔ اس لیے پانی کا بھرپور استعمال کریں۔
-4 ناشتا دن کا سب سے اہم کھانا ہے جس کی اہمیت ہر روز بڑھتی جارہی ہے، اس لیے کوشش کریں کہ میٹھی اشیا کم کھائیں اور اس کے بجائے ریشے (فائبر) اور کاربوہائیڈریٹ والی خوراک کا استعمال کریں، کیونکہ انہیں کھانے سے بدن چست اور توانا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ دلیہ، سیریلز اور ایسی ہی دیگر اشیا کا ناشتا بہت مؤثر رہتا ہے جو بھوک دیر سے لگاتا ہے اور اور آپ کو توانا اور چاق و چوبند رکھتا ہے۔ آپ کو میٹھی اشیا مثلاً ڈونٹس وغیرہ نہ کھانے کا مشورہ اس لیے دیا جارہا ہے کہ مٹھاس کی توانائی جلدی ختم ہوجاتی ہے اور بھوک جاگ جاتی ہے جس کا نتیجہ جسمانی سستی کی صورت میں نکلتا ہے۔
-5 نارنجی کا رس:
اگر صبح ایک گلاس اورنج جوس پی لیا جائے تو یہ صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کھٹے رسیلے پھلوں میں فیلونوئڈز پائے جاتے ہیں جو نہ صرف دماغ کو حاضر رکھتے ہیں بلکہ یادداشت بہتر بنانے سمیت جسمانی ردعمل کو بھی مؤثر بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھولنے اور نسیان کے امراض کو بھی کم کرتے ہیں۔
-6 ورزش
صبح کی تیز واک کا کوئی متبادل نہیں۔ صبح کی ورزش پورے دن مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ اس لیے صبح واک کریں اور تیز قدموں سے کم از کم 30 سے 40 منٹ تک چلیں۔ کیونکہ اس سے دماغ کا ایک حصہ ہپوکیمپس بہت سرگرم ہوجاتا ہے، اور یہ گوشہ یادداشت اور سیکھنے کے عمل میں اپنا اہم کردار ادا کرتا ہے۔

شیطان کے مسکن

طہارت حاصل کرنے کے جتنے بھی مقامات ہیں یہ سب شیاطین کی آماج گاہیں ہیں، ایسی جگہوں پر شیاطین کی کثرت ہوتی ہے۔ یہ بات ہمیں پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم بتا رہے ہیں کہ ہر گھر کے بیت الخلا میں شیاطین بہ کثرت ہوتے ہیں۔ تبھی پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بیت الخلا میں داخل ہونے سے پہلے دعا بتائی ہے تاکہ وہاں پائے جانے والے شیاطین سے حفاظت رہے۔ جہاں گندگی ہوتی ہے وہاں شیاطین ہوتے ہیں، چاہے وہ گندگی ظاہری ہو یا باطنی۔ اللہ معاف فرمائیں، یہاں تو حال یہ ہے کہ بیت الخلا سے نکل کر کمرے میں آجائیں تو کمرے کے اندر بھی موسیقی کی آوازیں، عریاں تصاویر، گندے میگزین پڑے ہوتے ہیں، یعنی باطنی گندگی کی وجہ سے شیاطین کے ڈیرے یہاں بھی لگے رہتے ہیں۔ نجاست باطنی گندگی کی صورت میں ہو یا گناہوں کی صورت میں، بہرحال وہاں شیاطین ضرور ہوتے ہیں اور ان کے مضر اثرات بھی ہوتے ہیں۔ اس لیے جن جن گھروں کے اندر یہ گندگی (ظاہری ہو یا باطنی) موجود ہے وہاں اس کے برے اثرات ضرور ہوںگے اور ان اثرات کا ختم کردینا عاملوں سے نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے ان اسباب کو ختم کرنا ہوگا جن کے یہ نتائج ہیں، یعنی گندگیوں کو ختم کرنا ہوگا اور ساتھ ساتھ دعائوں کا اہتمام بھی کرنا ہوگا۔

حصہ