اچھے دوست

623

فری ناز خان
ہمارے گاؤں میں ایک لڑکا رہتا تھا۔ اس کا نام احمد تھا۔ وہ بہت ذہین بچہ تھا۔ اسے پڑھنے لکھنے کا بہت شوق تھا۔ وہ اکثر رات دیر تک پڑھتا رہتا تھا۔ وہ اپنے امتحانات کی تیاری کئی مہینے پہلے سے شروع کر دیا کرتا تھا۔اس کی ماں جب بھی سو کر اٹھتی تو وہ اسے پڑھتے ہوئے دیکھتیں تو دل میں بہت خوش ہوتیں۔ اس کے بعد وہ احمد کو بہت پیار کرتی۔احمد اپنے سارے دوستوں میں سب سے زیادہ ذہین ترین بچہ تھا۔ احمد کا ایک دوست تھا جس کا نام عامر تھا۔وہ احمد کی کلاس میں ابھی داخل ہوا تھا عامر پڑھنے میں تھوڑا کمزور تھا اس لیے باقی کلاس کے طالب علم اس سے دوستی کرنا پسند نہیں کرتے تھے اور عامر کواپنے ساتھ بیٹھنے بھی نہیں دیا کرتے تھے۔ مگر احمد نے عامر سے نہ صرف دوستی کی بلکہ اس کی پڑھائی میں بھی عامر کی بہت مدد کی۔عامر اب اکثر احمد کے گھر دیر تک پڑھتا رہتا تھا۔ احمد کی امی دونوں کی کامیابی کے لیے دعائیں کیا کرتیں تھیں۔احمد نے عامر کی پڑھائی میں بہت مدد کی۔امتحانات میں احمد اور عامر نے خوب دل لگا کر محنت کی اور اپنے پیپر دیئے۔ احمد کی امی نے بھی احمد اور عامر کے لیے نماز پڑھ کر خوب دعائیں مانگیں۔ جب احمد کا رزلٹ آیا تو احمد نے اپنے اسکول میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور عامر بھی بہت اچھے نمبروں سے پاس ہوگیا۔ احمد اور عامر کی کامیابی کو دیکھ کر سارے دوست بہت شرمندہ ہوئے اور انھیں یہ احساس ہوگیا کہ اگر وہ عامر کو نظر انداز نہیں کرتے تو وہ سب بھی آج اچھے دوست ہوتے۔ سب نے احمد اور عامر سے معافی مانگی اور سب بہت اچھے دوست بن گئے۔

حصہ