رمضان کا مقصد و معانی

593

محمد اویس سکندر
االلہ تعالیٰ نے اس ماہ کے روزوں کو فرض فرمایا اور اس میں رات کے قیام کو ثواب کا باعث بنایا۔ جو شخص اس مہینہ میں کسی نیکی کے ساتھ خدا کا قرب حاصل کر لے وہ ایسا ہے جیسے غیر رمضان میں فرض ادا کیا اور کسی فرض کو ادا کرے وہ ایسے ہے جیسے غیر رمضان میں میں 70 فرض ادا کرے۔ یہ مہینہ لوگوں کے ساتھ غمخواری کرنے کا ہے۔ اس مہینہ میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے۔ رمضان شریف وہ مبارک مہینہ ہے جس کی آمد کے موقع پر جنت کے دروازے کھل جاتے ہیں اور دوزخ کے دروازے بند ہو جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں سے جکڑ دیا جاتا ہے۔ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔
ابن جوزی ؒ فرماتے ہیں جس طرح حضرت یعقوبؑ کے بارہ بیٹوں میں سے حضرت یعقوبؑ کو حضرت یوسف ؑ زیادہ محبوب اور پیارے تھے ۔ اسی طرح سال کے بارہ مہینوں میں سے رمضان المبارک رب العالمین کو زیادہ عزیز اور محبوب ہے۔ جس طرح خدا تعالیٰ نے حضرت یوسف ؑ کے واسطے باقی گیارہ بھائیوں کی مغفرت فرمائی اسی طرح رمضان المبارک کی برکتوں سے گیارہ مہینوں کی خطائیں معاف فرمائے گا۔رمضان المبارک میں بہت سے مشہور واقعات رونما ہوئے ۔ یکم رمضان المبارک کو جنت کے دروازے کھل جاتے ہیں اور دوزخ کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں سے جھکڑا جاتا ہے۔ 3رمضان المبارک کو حضرت ابراہیم ؑ پر صحائف نازل ہوئے۔ 6رمضان المبارک کو حضرت موسیٰ ؑ پر توریت نازل ہوئی۔ 18رمضان المبارک کو حضرت داؤد ؑ پر زبور نازل ہوئی۔ 13رمضان المبارک کو حضرت عیسیٰ ؑپر انجیل نازل ہوئی۔ 27رمضان المبارک کو حضرت امام الانبیاء و المرسلین احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن مجید نازل ہوا۔
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے۔ رمضان المبارک میں ہر رات میں ایک منادی آسمان طلوع صبح تک یہ ندا کرتا رہتا ہے کہ اے خیر کے طلب گار خوش ہوجا اور برائی چاہنے والے رک جائو اور عبرت حاصل کر لو کیا کوئی بخشش مانگنے والا ہے کہ اس کی بخشش کی جائے ۔کیا کوئی توبہ کرنے والا ہے کہ اس کی توبہ قبول کی جائے۔ کیا کوئی سوالی ہے کہ اس کا سوال پورا کیا جائے۔ خدا تعالیٰ رمضان المبارک کی ہر رات میں افطاری کے وقت 60ہزارگناہ گار دوزخ سے آزاد فرماتا ہے۔ جب عید کا دن آتا ہے تب اتنے لوگوں کو آزاد فرماتا ہے جتنے تمام مہینے میں آزاد فرماتا ہے 30مرتبہ 60-60 ہزار۔
رمضان المبارک میں روز رکھنے کے بہت فضائل ہوتے ہیں۔ روزہ دار کے منہ کی بو خدا تعالیٰ کے نزدیک مشک سے زیادہ پسندیدہ ہے۔ روزہ دار کے لئے دریا کی مچھلیاں تک دعا کرتی ہیں۔ جنت ہر روز ان کے لئے آراستہ کی جاتی ہے۔روزہ دار کا اس ماہ میں اٹھنا، بیٹھنا ، ، مزدوری کرنا اور سونا عبادت میں شمار کیا جاتا ہے۔ روزہ دار کا ایک بہت بڑا اجر خدا تعالیٰ کی زیارت ہے جو روزہ دار کو محشر کے دن نصیب ہوگی۔ روزہ دار کے تمام گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں اور درجات بلند کر دیئے جاتے ہیں۔
رمضان المبارک کی آخری رات میں روزہ داروں کے لئے مغفرت کی جاتی ہے۔ صحابہ نے عرض کیا ، یہ شب قدر شب مغفرت ہے؟ فرمایا نہیں بلکہ دستور یہ ہے کہ مزدور کو کام ختم ہونے کے وقت مزدوری دی جاتی ہے۔(ابن حنان)
رمضان المبارک کا مہینہ مجموعی طور پر مسلمانوں کے لئے بیشمار فوائد کا حامل ہے۔ اس بابرکت مہینہ کا روزہ ناصرف طبی نقتہ نگاہ سے انسانوں کے لئے مفید ہے بلکہ کائنات کی دیگر مخلوقات کے لئے حیات نوح کا پیغام دیتا ہے۔ یہ رمضان المبارک کی روحانیت کا سبب ہے کہ ابتدائی روزوں میں تو بھوک قدرے لگتی ہے لیکن آہستہ آہستہ انسانی جسم اس کا عادی ہوجاتا ہے کیونکہ جسم کے اندر ذخیرہ شدہ چربی اور دیگر اجزاء قدرتی طور پر استعمال ہوجاتے ہیں۔ جسم کی ضرورت خود بخود پوری ہوتی رہتی ہیں۔ قارئین روزہ کا اصل مقصد انسان کی خواہشات کو خدا تعالیٰ کے احکامات کے تابع کرنا اور اسے متقی بنانا ہے۔ جب ایک روزہ دار رمضان المبارک کے پورے مہینے میں کھانے پینے اور نفسانی خواہشات پر قابو رکھتا ہے تو تمام اخلاقی برائیوں سے محفوظ رہتا ہے اور اس کا اکثر وقت نیک کاموں یا عبادات میں گزرتا ہے۔ علاوہ ازیں روزہ خواہشات پر قابو پانے کی تربیت کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خودپسندی اور اناپسندی کا بھی موثر علاج ہے ۔ خدا تعالیٰ ہم سب کو روزے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)

حصہ