خدمت ہی خدمت ۔ ۔ الخدمت

196

خالد قریشی

ترقی یافتہ ممالک میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی سطح پر باقاعدہ ایک نظام مرتب ہوتا ہے تاکہ عوام کو مشکل وقت میں فوری طور پر ریلیف پہنچایا جاسکے۔ ایمرجنسی کی صورت میں حکومت اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ میدان میں اترتی ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں ایمرجنسی کی صورت میں حکومت کے پاس باقاعدہ طور پر کوئی مؤثر نظام موجود نہیں ہے جو لوگوںکو ریلیف دے سکے۔
الخدمت پاکستان کے عوام کے لیے کسی بھی طرح رحمت سے کم نہیں۔ 8 اکتوبر 2005ء کو پاکستان ایک ہولناک زلزلے سے دوچار ہوا۔ اُس وقت الخدمت پاکستان نے سب سے پہلے شمالی علاقہ جات جہاں پر حکومتی مشینری نہیں جاسکتی تھی، اپنے رضا کاروں کے ذریعے ریلیف کے کام کیے اور زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائی۔ سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں عوام کو رہائش کے لیے گھر بنا کر دیے، اور ہر وہ ممکن کام کیا جو انسانی بس میں ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ الخدمت سالانہ، سہ ماہی، ماہانہ اور روزانہ کی بنیاد پر عوام کی خدمت کرتی ہے۔ اس سلسلے میں الخدمت سات شعبہ جات میں کام کر رہی ہے: (1) مواخات، (2) صاف پانی، (3) تعلیم، (4) سماجی خدمات، (5) صحت، (6) کفالتِ یتامیٰ ، (7) آفات سے بچائو۔
-1 مواخات:
مواخات کے ذریعے الخدمت لوگوں کو قرضِ حسنہ فراہم کرتی ہے جس سے وہ کاروبار شروع کرتے ہیں، اور اس کی آمدنی سے قرض کی ادائیگی آسان اقساط میں اپنی سہولت کے مطابق کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگوں کو خودکفیل بنانے کے لیے انہیں رکشا اور ٹھیلے بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔
-2 صاف پانی:
صاف پانی اس وقت ہر پاکستانی کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں جتنی بھی بیماریاں پھیل رہی ہیں، ان کی بنیادی وجہ آلودہ پانی ہے، جس کے استعمال سے لوگ ہیپاٹائٹس، جگر کی خرابی، پیٹ کی مختلف بیماریوں اور نگلیریا کا شکار ہوجاتے ہیں۔ حال ہی میں پانی کے حوالے سے حکومت کی ایک رپورٹ شائع ہوئی جس کے مطابق پاکستان کے شہری پینے کا جو پانی استعمال کرتے ہیں اُس میں 94 سے 96 فیصد تک فیکٹریوں کا کیمیکل ملا پانی اور فضلہ شامل ہوتا ہے جس کا استعمال جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ عوام کو آلودہ پانی سے بچانے اور انہیں صحت مند صاف پانی کی فراہمی کے لیے الخدمت، کراچی کے مختلف اضلاع میں اب تک 38 واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کرچکی ہے جہاں سے عوام کو انتہائی ارزاں نرخ پر بلا تعطل پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز فیڈرل بی ایریا میں الخدمت کے ایک اور R.O واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح امیر حلقہ کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کیا، جو ان شاء اللہ وہاں کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔
-3 تعلیم
اس شعبے میں الخدمت بڑی تعداد میں غریب اور نادار طلبہ و طالبات کی فیس اور اسکالر شپ کے ذریعے مدد کرتی ہے۔
-4 سماجی خدمات:
کمیونٹی سروسز الخدمت کا ایک وسیع نیٹ ورک ہے، اس میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جاتا ہے جس میں جہیز بکس، سلائی مشینیں، راشن، وہیل چیئر، ونٹر پیکیج، مریض کے لیے بیڈ، میت گاڑیاں، غریب قیدی جو جرمانے کی رقم کی ادائی کی سکت نہیں رکھتے ان کا جرمانہ ادا کرکے رہائی دلوانا شامل ہیں۔
-5 صحت:
الخدمت کراچی کے تحت مختلف علاقوں کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، ناظم آباد، سخی حسن، نارتھ کراچی میں اسپتال موجود ہیں جہاں ہزاروں مریضوں کو انتہائی ارزاں نرخ پر OPD، مختلف ٹیسٹ اور صحت سے متعلق دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف جگہوں پر ڈسپنسریاں، بلڈ بینک اور فری میڈیکل کی سہولت بھی موجود ہیں۔
-6 کفالتِ یتامیٰ:
کفالتِ یتامیٰ الخدمت کا سب سے اہم شعبہ ہے جس کے ذریعے الخدمت یتیم بچوں کو حصولِ تعلیم کے لیے سہولت فراہم کرتی ہے، ان کی اسکول کی فیس، کورس، یونیفارم اور دیگر اخراجات برداشت کرتی ہے۔ اس وقت پورے پاکستان میں الخدمت کے ’’آرفن کیئر پروگرام‘‘ کے تحت تقریباً دس ہزار یتیم بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس شعبے کی اہمیت اس بات سے اجاگر ہوسکتی ہے کہ ہمارے پیارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’یتیم بچوں کی کفالت کرنے والا اور میں قیامت کے دن اتنے قریب ہوں گے۔‘‘ (آپؐ نے اپنی دو انگلیوں کو آپس میں ملا کر کہا) اس سے اچھی بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ قیامت کے دن یتیموں کی کفالت کرنے والا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
-7 قدرتی آفات سے بچائو:
وطنِ عزیز میں جب بھی قدرتی آفت آئے، الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضاکار اپنی پوری توانائیوں اور تمام تر وسائل کے ساتھ متاثرین کی مدد کے لیے اُن کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ 2005ء کے قیامت خیز زلزلے میں الخدمت نے متاثرین کی بحالی کے لیے جو کام کیے ہیں وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔ الخدمت نے شمالی علاقوں میں متاثرین کو مکانات تعمیر کرکے دیے، کئی سال تک انہیں راشن اور دوسری سہولیات بہم پہنچائیں۔ اس کے علاوہ سیلاب زدہ لوگوں کی مدد اور ہیٹ اسٹروک میں بھی لوگوںکو سہولت فراہم کرتی ہے۔
الخدمت عوام کے لیے کسی رحمت سے کم نہیں۔ آیئے آپ بھی خدمت کے کاموں میں الخدمت کا ساتھ دیجیے۔

حصہ