تیل، جن سے بیماریوں کا علاج ممکن ہے

1078

مہرالنساء
ریٹھے کا تیل:
ریٹھے کا تیل بالوں کو نرم و ملائم اور چمک دار رکھتا ہے، بال بڑھاتا ہے اور بالوں کی جڑوں کو تقویت دیتا ہے۔
رائی کا تیل:
رائی کا تیل اچاروں میں ڈالا جاتا ہے۔ رائتہ کو لذیذ اور ہاضم بناتا ہے۔ عرق النساء، فالج، گٹھیا اور دیگر دردوں میں مالش کرتے ہیں۔ جِلدی امراض مثلاً داد، برص، خارش، خشکی وغیرہ میں لگانا مفید ہے۔
زیرے کا تیل:
(مقدار خوراک 5 سے 10 قطرے)
بواسیر، گیس، ضعفِ معدہ، نزلہ اور زکام کی حالت میں نیم گرم پانی میں ملا کر پیتے ہیں۔ بچھو کے ڈنگ سے زخمی ہوجانے والی جگہ پر عرقِ پیاز میں ملا کر لگاتے ہیں۔ پانی میں ملا کر پھوڑے، پھنسی پر لگاتے ہیں۔ یادداشت تیز کرنے کے لیے شہد میں ملا کر کھاتے ہیں۔ بدہضمی، دست وغیرہ میں کھلاتے ہیں۔ یہ غذا ہضم کرتا ہے، بھوک لگاتا ہے اور ہچکی روکتا ہے۔ چہرے پر مَلنے سے رنگ صاف کرتا ہے۔
سونف کا تیل:
(مقدار خوراک: 5 سے 10 قطرے)
آنکھوں کی بینائی، موتیا، دمہ، بے خوابی، گیس، بدہضمی، پیٹ کے درد، ضعفِ جگر کی حالتوں میں نیم گرم پانی میں ملا کر پیتے ہیں۔ جوئیں مارتا ہے۔ ماں کا دودھ بڑھانے کے لیے گائے کے دودھ کے ساتھ ملا کر پلاتے ہیں۔
اجوائن کا تیل:
(مقدار خوراک: 5 سے 10 قطرے)
کالی کھانسی، نزلہ، زکام، بلغم، پیچش، بدہضمی، گیس میں آرام کے لیے نیم گرم پانی میں ملا کر پیتے ہیں۔ گٹھیا، اعصابی درد وغیرہ میں مالش کرتے ہیں۔ آدھے سر کے درد میں ابلتے ہوئے پانی میں ملاکر بھاپ لیتے ہیں۔ برص، مہاسے، زیر جلد جمے ہوئے خون پر مَلتے ہیں، زنبورے کے کاٹے پر لگاتے ہیں۔ آواز کا بیٹھنا، حلق کی سوزش وغیرہ میں نیم گرم پانی کے ساتھ غرارہ کرتے ہیں۔
مالکنگنی کا تیل:
(مقدارِ خوراک 2 سے 10 قطرے)
تلوئوں اور ہتھیلی میں مَلنے سے بینائی تیز ہوتی ہے۔ عرق النساء، گٹھیا، فالج، لقوہ، درد پلوو کمر، جسم کے بے حس حصے اور کمزور پٹھوں پر بہ کثرت کچھ عرصے مالش کرنا اور پینا انتہائی مفید ہے۔ مصفی خون ہونے کے باعث جذام، برص وغیرہ میں لگاتے اور پیتے ہیں۔ ایک قطرہ روزانہ پینے سے ذہن و حافظہ بڑھتا ہے۔
سرسوں کا تیل:
سرسوں کا تیل اپنی افادیت، ذائقے اور لذت کی وجہ سے کھانا پکانے کے لیے گھروں میں بہ کثرت استعمال ہوتا ہے۔ اس سے نہ صرف جسم میں کولیسٹرول نہیں بڑھتا بلکہ یہ گھی اور دیگر تیلوں کے برعکس جسم میں چربی اور وزن بھی بڑھنے نہیں دیتا۔ اسے لگاتے بھی ہیں۔ اچاروں میں بھی بہ کثرت ڈالا جاتا ہے۔ کھانا پکانے سے پہلے تیل کو اچھی طرح ابال لیا کریں۔ اس کے علاوہ بالوں پر لگانے سے بال لمبے، سیاہ اور چمک دار ہوجاتے ہیں۔

حصہ