طالبات کی اقسام

281

اقصیٰ افضل
جامعہ میں طالبات کی مختلف اقسام ہیں یہ تقسیم نمازِمغرب سے رات ۹ بجے کے وقت میں کچھ زیادہ ہوجاتی ہے۔ارے ارے آپ اس سے کچھ ایسی ویسی اقسام مراد نہ لیجیئے گا۔ہم وضاحت کئے دیتے ہیں ۔یہاں ہماری مراد وہی اقسام ہیں جو ہر دور میں طالبات میں پائی جاتی ہیں آپ متجسس ہوئے ہوں یا نہیں مگر سنیے اور سر دھنیے۔
قسم نمبر ۱ پڑھاکو ، قسم نمبر ۲ سوتو ، قسم نمبر ۳ پیٹو
اب آپ سوچ رہے ہوں گے کے آخر جامعہ میں نماز مغرب کے بعد ایسا کیا وقت ہے جس میں یہ اقسام نمایاں ہوتی ہیں تو جناب وہ ہے جامعہ کی روٹین کا معروف اسٹڈی ٹائمَ۔۔۔۔۔!!!!!!!!!
قسم نمبر ۱ یعنی پڑھاکو طالبات کے لیے یہ وقت محبوب ترین خواب کی صورت آتا ہے جو انہیں نصابی کتب کی وادیوں کی سیر میں اتنا منہمک کردیتا ہے کہ دوسروں کے ڈھونڈنے پر کتابوں سے ہی برآمد ہوتی ہیں۔
اورررررررر۔۔۔۔۔!!!!!!!
ثانی الذکر سوتو طالبات بیچاری کے لیے یہ وقت وبال جان ہوتا ہے کہ ہمہ وقت ہاسٹل ہیڈ کے نزول کے خوف سے نہ مکمل سو پاتی ہیں نہ جاگنے کی سکت رکھتی ہیں۔ان طالبات کو ڈھونڈنا ہو تو یہ کاپیوں اور رجسٹروں کے پیچھے اونگھتی ہوئی ملیں گی۔مبادا کے انچارجز کی تیز نگاہوں میں آکر دھر نہ لی جائیں ۔
اب رہی آخر الذکر پیٹو طالبات۔۔۔ تو یہ وہ طالبات ہیں جو کہ بھوک سے پیٹ میں دوڑتے چوہوں سے پریشان اسٹڈی ٹائم جلد سے جلد گزرنے کی متمنی ہوتی ہیں ان کے ہاتھ پیٹ پر نگاہیں گھڑی پر اور چہرے معصومیت کی مکمل تصویر پیش کرتے ہیں زبانِ حال سے یہ کہہ رہے ہوتے ہیں کہ ۔۔۔

مجھے کتابوں کے ڈھیر میں، دسترخوان کی تلاش ہے
کاپیوں کے صفحات میں ، کباب وکوفتوں کی تلاش ہے

اب اگر ایسے حالات میں مل جائے کوئی زبردست والا ٹیسٹ تو ’’سوتو قسم ‘‘والی طالبات کی نیند تو ان سے پانچ میل کے فاصلے پر چلی جاتی ہے اور پیٹو طالبات کا حال تو اس سے بھی برا ہوتا ہے۔ ان کے لیے عشائیہ کی گھنٹی کے بعد روم ہیڈ کے دھکوں کی بھی ضرورت پڑتی ہے کہ ان سے تمام طالبات کی حاضری کی جوابدہی کی جاتی ہے۔
پڑھاکو طالبات اس وقت مرشد کے مقام پر فائز لگتی ہیں ارے ارے۔۔۔۔ ایسے مت سمجھئے گا کہ وہ کتابیں چھوڑ کر مریدوں کا حلقہ بناتی ہیں بلکہ ہوتا کچھ یوں ہے کہ قسم نمبر ۲ اور ۳ کے نرغے میں انہیں ٹیسٹ کی تیاری کراتے پائی جاتی ہیں۔اب آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ جامعہ کایہ قیمتی اور سنہرا وقت متاع کل ہے جس میں نیندیں اڑتی ہیں ۔۔۔بھوک مٹتی ہے کیونکہ آگے مشن عظیم ہے۔پڑھاکو سرخرو ہوتی ہیں کہ انہوں نے اپنی ساتھیوں کی مدد کی یوں وہ بہترین نیکیاں اور اجر سمیٹ کر عظمت کی کنجیوں کو پالیتی ہیں۔لیکن بہر حال طالبات کی یہ رنگا رنگی ہماری جامعہ کا حسن ہے ۔۔۔اب کہا سنا معاف کہ دوڑ لگانے والے ہیں کہ وقت ہوا چاہتا ہے ’’ہماری اسٹڈی‘‘ ٹائم کا۔۔۔ تو اختتام اسٹڈی ٹائم تک کے سنی۔اللہ حافظ ۔۔۔پھر ملیں گے گر خدا لایا۔۔۔

حصہ