یوگا سے صحت بھی خوبصورتی بھی

211

کہکشاں صابر
آج کل زندگی اتنی مصروف ہوگئی ہے کہ ہر انسان کو ذہنی، معاشی اور معاشرتی مسائل کا سامنا ہے۔ زندگی نے اپنا نام بدل کر گھڑی رکھ لیا ہے اور ہر کوئی ان بارہ ہندسوں کا محتاج بن کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے انسان ذہنی تنائو کا شکار ہونے لگتا ہے۔ یہی تمام مسائل مل کر انسان کو چڑچڑا اور غصے میں مبتلا کردیتے ہیں۔ چھوٹی سے چھوٹی بات بڑھ کر بڑا مسئلہ بن جاتی ہے۔ ان تمام مسائل سے بچنے اور ذہنی تنائو دور کرنے کے لیے یوگا بہت ہی کارآمد اور مفید چیز ہے۔ یوگا جسمانی تھکاوٹ دور کرتا اور جسم میں چستی پیدا کرتا ہے۔
ماہرینِ یوگا کا کہنا ہے کہ یوگا جہاں تنائو دورکرنے میں مدد دیتا ہے وہیں یہ آپ کے جسم میں قوت و طاقت بڑھانے کے لیے بھی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ ہر انسان کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی شخصیت جاذبِ نظر ہوجائے اور اس کا شمار خوب صورت اور اسمارٹ افراد میں ہونے لگے۔ جس طرح چہرے کی کلینزنگ کی جائے تو وہ خوب صورت ہوجاتا ہے، اسی طرح یوگا کرنے سے بھی ہماری روح اور ذہن کی کلینزنگ ہوتی ہے۔ یوگا کرنے سے آپ کا چہرہ چند ہی دنوں میں چمکنے لگتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یوگا آپ کو بڑھاپے سے بھی دور رکھتا ہے، آپ کے جسم میں لچک پیدا ہوجاتی ہے اور مسلسل یوگا کرتے رہنے سے آپ کی یادداشت بہت اچھی ہوجاتی ہے۔ بہت سی گھریلو خواتین جو گھر کے کاموں اور بچوں کی دیکھ بھال کی وجہ سے خود کو نظرانداز کرتی ہیں باقاعدہ ورزش نہیں کرپاتیں، لیکن دورِ حاضر کے ہر فرد کی طرح دبلا پتلا اور اسمارٹ بھی نظر آنا چاہتی ہیں، تو ان کے لیے صبح کے وقت یوگا بہتر عمل ہے۔ یوگا جہاں خوب صورتی میں اضافہ کرتا ہے وہیں آپ کی صحت کو بھی برقرار رکھتا ہے۔ امریکی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ مائنڈ فل نیس کی مشقوں سے دماغ کا وہ حصہ گرم ہوتا ہے جو بار بار کھانے کا تقاضا کرتا ہے، اس کے لیے یوگا بہت آسان سی مشق یا آسن ہے۔ آلتی پالتی مارکر اس طرح بیٹھیں کر دایاں پائوں بائیں ران کے اوپر ہو، اب بائیں ٹانگ کو دائیں ران کے اوپر اسی طرح رکھ کر نہایت آرام سے بیٹھ جائیں، اب دایاں ہاتھ دائیں گھٹنے پر رکھیں اور بایاں ہاتھ بائیں گھٹنے پر رکھیں، گہری سانس لیں اور جہاں تک ممکن ہو اسے جسم کے اندر روکیں اور پھر آہستہ آہستہ ناک سے ہوا خارج کردیں۔ ذہن کو سوچوں سے بالکل پاک رکھیں اور آنکھیں سامنے پڑی ہوئی کسی بھی چیز پر جما دیں، یا پھر آنکھوں کو بند رکھیں۔ یہ آسن باقاعدگی سے کرنے سے موٹاپا 50 فیصد دور بھاگ جاتا ہے۔

حصہ