اونچی ایڑی کے جوتے سے آپ کے پائوں پر کیا گزرتی ہے؟

309

سمیرا ناز
پائوں انسانی جسم کا بہت اہم اور کارآمد حصہ ہیں جو دن کے چوبیس گھنٹوں میں آپ کا وزن برداشت کرتے ہیں اور جن کی وجہ سے آپ بھاگتے دوڑتے اس کارخانۂ دنیا میں اپنے کام سر انجام دیتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ شاید یہ ہمارے جسم کا سب سے نظرانداز کیا جانے والا عضو بھی ہے جس کی صفائی ستھرائی اور آرام کا سب سے کم خیال رکھا جاتا ہے۔ نئے دور کے فیشن کے تقاضے پورے کرنے کی خواہش میں پائوں پر مزید ظلم اونچی ایڑی کی صورت میں کیا جارہا ہے۔
اونچی ایڑی کے جوتے اگرچہ شاہانہ لباس کے ساتھ آپ کی چال کو ایک وقار بخشتے ہیں اور دیکھنے میں بھی انتہائی جاذب نظر ہوتے ہیں جس کی وجہ سے خواتین اور بچیوں کی ایک بڑی تعداد ان کے خریداروں میں شامل ہے، لیکن زیادہ دیر تک ان کو پہنے رہنا دراصل آپ کی ٹانگوں، ٹخنوں اور پائوں کے لیے مختلف خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔ تقریباً چالیس فیصد خواتین اونچی ہیل کے جوتوں سے گرنے کی وجہ سے مختلف چوٹوں کا شکار ہوتی ہیں جن میں پائوں میں موچ آنا، ٹخنے اور پنڈلی کی ہڈی کا فریکچر بہت عام ہیں۔ اس کے علاوہ اونچی ایڑی کے جوتے آپ کے جسم کے مختلف حصوں پر کس طرح اثرانداز ہوتے ہیں آیئے اس کا ایک جائزہ لیتے ہیں۔
٭… گردن میں درد کی ایک وجہ خواتین میں بکثرت اونچی ہیل والے جوتوں کا استعمال بھی ہوسکتا ہے، کیونکہ یہ جوتے کمر کے قدرتی توازن کو خراب کرتے ہیں، اور توازن کی یہ خرابی گردن کے درد پر منتج ہوتی ہے۔
٭… اونچی ایڑی والے جوتے پہن کر چلنے سے آپ کے جسم کی قدرتی شکل میں تبدیلی آتی ہے جس کی وجہ سے کمر کے درمیانی اور نچلے حصے پر کھنچائو نمودار ہوتا ہے جس کا نتیجہ خواتین کو مستقل کمر درد کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے۔
٭… جب بہت زیادہ اونچی ہیل کے جوتے پہن کر چلا جائے تو آپ اپنے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے گھٹنوں کو تھوڑا سا جھکاتی ہیں جس کی وجہ سے گھٹنے کے اندرونی جوڑوں کو ایک تکلیف دہ دبائو کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر زیادہ دیر تک اسی حالت میں چلا پھرا جائے تو گھٹنوں کے اندرونی حصے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
٭… یہی دبائو آپ کی پنڈلی کے نچلے حصے کے عضلات (مسلز) کو سیکڑ دیتا ہے اور جب آپ سادہ چپل پہنتے ہیں تو پنڈلی کے مسلز میں کھنچائو پیدا ہو جاتا ہے۔
٭… ٹخنے کے فریکچر کی سب سے بڑی وجہ غالباً اونچی ہیل کے جوتے ہیں۔ کسی بھی جوڑ کے فریکچر ہونے کے بعد اس میں جوڑوں کے درد کا تناسب بڑھ سکتا ہے۔
٭… پائوں کی ایڑیاں اور پنجے اونچی ایڑی سے پیدا ہونے والی تکالیف کا سب سے بڑا نشانہ ہیں۔ جب بھی خواتین بہت تنگ منہ والے یا فٹنگ والے جوتے پہنتی ہیں تو یہ پائوں کے اگلے حصے کو یعنی پنجے کو بری طرح دباتے ہیں جس کی وجہ سے انگوٹھے اور انگلیوں کے نیچے چھوٹے چھوٹے گٹے پڑ جاتے ہیں۔ تنگ منہ والے جوتے پائوں کے درمیانی حصے پر اس قدر زیادہ دبائو ڈالتے ہیں کہ جوڑ کے اپنی جگہ سے ہلنے کا اندیشہ بھی ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ بہت اونچی ہیل آپ کی ایڑیوں پر چھوٹے چھوٹے ابھاربناتی ہے، اور جب بھی وہ جوتے کے ساتھ رگڑ کھاتے ہیں تو شدید تکلیف کا باعث بنتے ہیں۔
اونچی ایڑی کے استعمال سے پیدا ہونے والی یہ ساری تکالیف ایک حقیقت ہیں لیکن اگر آپ چند احتیاطی تدابیر اختیار کر لیں تو یہ ان نقصانات کو کم کرکے آپ اپنی پسند کے جوتے پہننے میں معاون و مددگار ہوسکتی ہیں۔
٭… یہ حقیقت ذہن میں رکھیے کہ بہت فینسی اور اونچی ایڑی کے جوتے زیادہ دیر تک پہننے کے لیے نہیں بنائے جاتے۔ کسی بھی تقریب میں جانے سے پہلے اپنی سواری سے اترتے ہوئے انہیں پہنیے اور تقریب ختم ہوتے ہی اتار دیجیے۔ اس مقصد کے لیے سادہ چپلوں کا ایک جوڑا ہمیشہ اپنے پاس رکھیے۔
٭… بہت تنگ منہ اور پنسل ہیل والے جوتے کے بجائے کھلے منہ اور نسبتاً چوڑی ہیل والے جوتے کا انتخاب کریں۔ یہ آپ کو سہولت اور فیشن دونوں چیزیں مہیا کرسکتے ہیں۔
٭… اگر آپ واقعی اونچی ایڑی کے جوتوں کی شوقین ہیں تو کوئی بھی نیا جوتا خریدنے کے بعد پہلے گھر میں چلنے کی پریکٹس کیجیے، اس سے آپ کو اپنا توازن بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
٭… کمر درد سے بچائو کے لیے اپنے پیٹ اور کمر کے عضلات (مسلز) کو مضبوط بنایئے۔ ایک گہرا سانس لے کر اپنے پیٹ کو اندر کھینچیے اور آہستہ آہستہ سانس باہر نکالتے ہوئے پیٹ کے عضلات کو تقریباً 50 فیصد تک ڈھیلا چھوڑ دیجیے۔ یہ چھوٹی سی ورزش نہ صرف پیٹ اور کمر کے عضلات کو مضبوط بناتی ہے بلکہ پیٹ کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
٭… پلیٹ فارم یا چوڑی ہیل والے جوتے نسبتاً زیادہ آرام دہ ہوتے ہیں جن کو آپ دورانِ تقریب زیادہ دیر تک پہننے سے بھی بے آرام نہیں ہوتیں، لیکن اگر ان کی ایڑی کی لمبائی حد سے زیادہ ہو تو پائوں مڑنے کی صورت میں موچ یا فریکچر کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔
صحیح جوتے کا انتخاب یقینا ایک مشکل مرحلہ ہے، لیکن اگر جوتے خریدتے وقت آپ اپنی عمر، جسامت اور پائوں کی شیپ اور تقریب کی نوعیت کو مدنظر رکھیں تو یقینا اپنے لیے ایک بہتر اور آرام دہ جوتے کا انتخاب کرسکتی ہیں۔

حصہ