(آزادی کی قدر کریں(حریم شفیق

261

’’آزادی ایک نعمت ہے۔۔۔ آزادی ایک نعمت ہے۔۔۔‘‘ میرا چھوٹو مسلسل ایک ہی جملے کو نہ جانے کب سے رَٹ رہا تھا۔ میں نے مسکرا کر اسے دیکھا اور پاس بلا کر گود میں بٹھا لیا۔ وہ حیران نظروں سے مجھے دیکھنے لگا کہ ماں کو اچانک پیار کیوں آگیا کہ پڑھائی سے اٹھا کر لگیں پیار دکھانے۔۔۔
میں نے اس کے نرم نرم بالوں میں انگلیاں پھیرتے ہوئے پوچھا: ’’کیا یہ جملہ بہت مشکل ہے، جو کب سے آپ دوہرا رہے ہیں مگر یاد نہیں ہورہا۔۔۔‘‘ تو میرے ذہین بیٹے نے سنجیدہ سی شکل بنا کر کہا: ’’ماما جانی، جملہ مشکل ہے، سمجھ میں نہیں آرہا تو رَٹ رہا ہوں ناں۔‘‘
مجھے بہت حیرانی ہوئی اور میں نے پوچھا: ’’اس میں کیا مشکل ہے، کیا سمجھ میں نہیں آرہا؟‘‘ وہ حیران ہوکر بولا: ’’ماما! جب آزادی ایک نعمت ہے تو یہ مجھے نظر کیوں نہیں آتی۔ اللہ تعالیٰ کی دوسری نعمتیں تو نظر آتی ہیں؟‘‘ اس کے اس سوال نے میرے اندر سنسنی سی دوڑا دی کہ آنے والی نسل کو آزادی کا کوئی وجود نظر نہیں آرہا۔ انہیں آزادی دکھائی نہیں دے رہی، مگر آزادی تو ایک مکمل احساس ہے، یہ تو محسوس کیا جانے والا وجود ہے۔۔۔ شاید آپ بھی حیران ہوں گے کہ آزادی کا وجود محسوس کیسے ہوتا ہے۔۔۔ مگر ایسا ہی ہے۔۔۔ ہمیں آزادی کو دیکھنا ہے، ہر طرف، ہر لمحے، ہر جگہ اس کا احساس جگانا ہے۔ نوجوان نسل کو بتانا ہے کہ یہاں ہم مسلمان ’’آزادی‘‘ سے اللہ اور اس کے رسول حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارسکتے ہیں۔ ہماری نسل خوش قسمت ہے کہ اس نے جب سے آنکھ کھولی، اسے وہ ظلم وستم برداشت نہیں کرنے پڑ رہے، جو تقسیم سے پہلے مسلمانوں کو سہنے پڑے یا جو ظلم آج مسلم امہ شام و فلسلطین، یمن اور کشمیر میں برداشت کر رہی ہے۔
کیا ہماری نسل اس سے ناواقف ہے۔۔۔ انہیں اپنے وطن کی آزادی نظر کیوں نہیں آتی؟ اپنے وطن کی قدر کریں، اس آزادی کی قدر کریں، جہاں پانچ وقت مسجدوں سے اذانیں بَلند ہوتی ہیں تو سماں بندھ جاتا ہے۔ مرد، بوڑھے، بچے، مسجد کی طرف رواں دواں نظر آتے ہیں جہاں عید، بقرعید نہایت جوش و خروش سے منائی جاتی ہے اور گائے کی قربانی پر انہیں شہید نہیں کیا جاتا۔۔۔ وہ جشنِ آزادی جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ اس لیے جب کسی ہم وطن کے منہ سے پیارے پاکستان کے خلاف کچھ سُنتی ہوں تو دل خون کے آنسو روتا ہے۔ آزادی ایک نعمت ہے، اسے محسوس کرنا اور اس کی قدر کرنی ہے۔ کہیں یہ نعمت چھن نہ جائے کہ جب اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی کسی نعمت کی ناشکری کی جاتی ہے تو وہ نعمت چھین لی جاتی ہے۔ پاکستان اللہ کا بہترین تحفہ ہے، جو ہر مسلمانان برصغیر کو عطا کیا گیا۔۔۔ اس نعمت کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے، کم ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس نعمتِ گراں قدر کو سنبھالنے والا بنائے، آمین۔

حصہ