قدرتی طریقے سے حسن نکھاریہں(کلینزنگ)

250
سب سے پہلے آپ کو ہربل طریقے سے اپنے چہرے کی کلینزنگ کرنا ہوگی، اس مقصد کے لیے آپ ٹھنڈے دودھ کو روئی میں لگائیں اور اپنے چہرے کی کلینزنگ کریں، یعنی دودھ سے بھیگی ہوئی روئی کو چہرے پر پھیرکر چہرہ صاف کریں۔ ٹھنڈا دودھ بہترین کلینزنگ کریم یا لوشن کا کام انجام دیتا ہے۔
موئسچرائزنگ
دودھ کی بالائی یا کھانے کے دو چمچے شہد لے کر چہرے پر مساج کریں۔ یہ آپ کے چہرے کے لیے بہترین ہربل موئسچرائزنگ ہے۔ اگر آپ کی جلد چِکنی ہے تو اس میں دوچار قطرے لیموں کے شامل کرکے دیکھ لیں۔
بھاپ لینا
چہرے کے ہلکے مساج کے بعد بھاپ لیں۔ اس کے لیے ایک بڑی دیگچی میں ایک کھانے کا چمچہ سمندری نمک اور پودینے کے پتے ڈال لیں اور پانی کو خوب کھولالیں۔ پھر چولہا بند کردیں اور ایک تولیہ سر پر ڈال کر چہرے کو کھولتے ہوئے پانی کی دیگچی کے قریب لے جاکر بھاپ لیں۔ خیال رکھیں کہ بھاپ بجائے چہرے پر لگنے کے اِدھر اُدھر نہ ہوجائے۔ جب چہرے پر پسینہ آجائے تو بھاپ لینا بند کردیں اور چہرے کو ململ کے کپڑے یا روئی کی مدد سے اچھی طرح صاف کرلیں۔ اس سے نہ صرف چہرے کا میل کچیل صاف ہوجاتا ہے بلکہ آپ کے چہرے سے بلیک ہیڈز بھی صاف ہوجاتے ہیں۔
ڈیپ کلینزنگ
اب بھاپ لینے کے بعد ڈیپ کلینزنگ کا نمبر آتا ہے۔ اس کے لیے بہت سے ہربل طریقے ہیں۔ آپ یہ کریں کہ کھانے کے دو چمچے دلیہ، ایک چمچمہ ڈبل روٹی کا چُورا اور تھوڑا سا نمک لے کر ملائیں پھر اس آمیزے کو پندرہ منٹ کے لیے چہرے پر لگائیں اور پندرہ منٹ بعد ہاتھوں سے مل کر اُتاریں۔ اس طرح چہرے سے تمام میل کچیل دور ہوجائے گا۔ اب آپ چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھولیں اور تھوڑی دیر کے لیے برف کے ٹھنڈے پانی میں بھگوئے ہوئے چھوٹے تولیے سے چہرہ ڈھانپ کر پندرہ منٹ کے لیے انتظار کرلیں۔ اس طرح، چہرے کے کھلے ہوئے مسام بند ہوجائیں گے، جو بھاپ لینے سے کھل جاتے ہیں۔
ماسک
اب ماسک لگانے کی باری ہے۔ آیئے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اپنی جِلد کے لحاظ سے آپ کو کیسا ماسک لگانا چاہیے۔
خشک جِلد
ایک چمچہ شہد، ایک چمچہ زیتون کا تیل اور لیموں کے چند قطرے لے کر ان کو ملا لیں اور پندرہ منٹ تک چہرے پر لگائیں۔
نارمل جِلد
نارمل جِلد کے لیے آپ سردیوں میں ایک انڈے کی سفیدی الگ کرلیں اور اس میں چند قطرے لیموں کا رس ملا کر چہرے پر لگائیں۔ گرمیوں میں یہی عمل زردی میں آدھا لیموں نچوڑ کر کریں، لیکن انڈے کی زردی اور سفیدی پہلے دونوں اچھی طرح پھینٹ لیں۔
چکنی جِلد
چکنی جلد کے لیے چار بڑے چمچے ملتانی مٹی، ایک بڑا چمچہ لیموں کا رس، ایک بڑا چمچہ ہلدی، اور انڈے کی سفیدی دو بڑے چمچے لے کر اچھی طرح مکس کریں اور چہرے پر ماسک لگائیں۔
ٹوننگ
آخر میں آپ جلد کی دل کشی کے لیے ٹوننگ کا عمل کریں۔ اس کے لیے آپ گھریلو طور پر ٹوننگ کا لوشن تیار کریں۔ دو چمچے کھیرا، چار چمچے پودینے کے پتے اور ایک چمچہ عرق گلاب کو پیس کر ان سب کا آمیزہ تیار کرکے فریج میں رکھ دیں اور ماسک لگانے کے بعد چہرے پر اس لوشن کو تھپتھپائیں اور دس منٹ بعد منہ دھو لیں۔
حصہ