پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج کا اعلان

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے صرف چھ دن کے اندر دو بار عوام پر پیٹرول بم گرا دیئے اس کے ساتھ ہی بجلی کی قیمتوں میں بھی اضا فہ کر دیا گیا ہے ، جماعت اسلامی اس صورتحال پر خاموش رہنے کے بجائے بروز ہفتہ 4جون پورے شہر میں احتجاج کرے گی۔

ادارہ نور حق میں بلدیاتی انتخابات ، بااختیار شہری حکومت کا قیام ، شہری مسائل اور ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور سرکاری اسکولوں میں پی ایس ٹی ،جے ای ایس ٹی کے ٹیچرز کی بھرتیوں کے حوالے سے صوبائی محکمہ تعلیم کی زیادتیوں اور متعصبانہ رویوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن  نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی خوردنی تیل، آٹا ، چینی مہنگا اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اس دفعہ پانچ ہزار ارب روپے سے زیادہ ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا ہے، جس میں کراچی کا چودہ سو ارب کا ٹیکس شامل ہے، ملک کی معیشت میں کراچی کا ایک اہم کردار ہے اور اس شہرکی تعمیر و ترقی کے لیے جو ترقیاتی فنڈ مختص تھا اس میں سے تیس فیصد بھی استعمال نہیں ہوا۔

حافظ نعیم الرحمن نےکہا کہ سرکاری عیاشیاں ختم نہیںہورہیں ہم ان سے یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ جو پیسے جمع ہوتے ہیں وہ آخر جاتے کہاں ہیں،حکمران ہمارے ٹیکسوںپر پل رہے ہیںانہیں چاہیے کہ اپنی عیاشیاں ختم کریں ،حکمران اپنی مراعات کم کردیں توپیٹرول کی قیمت بڑھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے طے شدہ شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق بلدیاتی اختیارات شہری حکومت کو منتقل کیے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ حکمران ہمیں ڈراتے ہیں کہ آئی ایم ایف ناراض ہو جائے گا اس لیے ہمارے پاس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے کوئی چوائس نہیں تھی اور قیمتیں بڑھانا ضروری تھا ،ہم سوال کرتے ہیں کہ آئی ایم ایف کی اور کون کون سی شرائط ہیں جس کی بنیاد پر آپ نے عمران خان کی حکومت ختم کی تھی تو اب آپ بھی وہی حیلے بہانے کر کے مہنگائی کررہے ہیں۔