اسلم اینڈشوکت برادر 8ویں ڈیفکلیریا کرکٹ ٹورنامنٹ کاچیمپئن بن گیا

 

کراچی (رپورٹ:محمد عارف میمن)ڈیفکلیریا (ڈیفنس کلفٹن رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ) کے تحت 8ویں ڈیفکلیریا کرکٹ ٹورنامنٹ کاتاج اسلم اینڈ شوکت برادر کے سر سج گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے معین خان اکیڈمی اورنیا ناظم آباد کے سبززار پر کھیلے گئے 8روزہ ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن میچ پراپرٹی ویژن اینڈ اقراءکارپوریشن اورشوکت اینڈ اسلم برادرز کے درمیان کھیلا گیا ،جس میں شوکت اینڈ اسلم برادرز نے پراپرٹی ویژن شکست دے کر فائنل ٹرافی اپنے نام کی۔

ڈیفکلیریا کرکٹ ٹورنامنٹ 2019 کی ٹرافی گورنر سندھ عمران اسماعیل شوکت اینڈ اسلم برادرز کے کپتان کو دے رہے ہیں

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے ،جب کہ عقیل کریم ڈیڈھی ،عارف حبیب ،الیکشن کمیشنر سندھ ،سابق رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل ،صوبائی رکن اسمبلی شہزاد قریشی سمیت ڈیفکلیریا کے صدر راجا مظہر،نائب صدر بشیر،ڈیفکلیریا کے سیکریٹری جوہر اقبال ،اسپورٹس سیکریٹری آصف عصمت ،آصف عبدالکریم ،کامران زمان سمیت ڈیفکلیریا کے دیگر عہدیداران وانتظامی کے ارکان سمیت شہر کی معززشخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

ڈیفکلیریا کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پرگورنرسندھ ڈیفکلیریا کے اسپورٹس سیکرٹری آصف عصمت کو شیلڈ پیش کررہے ہیں

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ڈیفکلیریا نے انتہائی قلیل مدت میں انتہائی شاندار ایونٹ کا انعقاد کرکے شہر کے نوجوانوں کا دل جیت لیا ۔ ڈیفکلیریا کی انتھک محنت اور کاوش پر میں انہیں دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

گورنر سندھ نے مزید کہاکہ کھیل کے ذریعے ہی ہم کراچی کا مثبت امیج دنیا کے سامنے لاسکتے ہیں۔ ایک وقت تھا جب کراچی میں ہر روز لاشیں گرا کرتی تھیں ،لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جدوجہد اورقربانیوں کے باعث آج کراچی کا امن واپس لوٹ آیا ہے۔ اب ہمیں اس امن کو ہر حال میں قائم رکھنا ہوگا۔

ڈیفکلیریا کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پرڈیفکلیریا کی جانب سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو سوینیرپیش کیاجارہا ہے

انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ کی مثبت سرگرمیاں ہی آپ کا مستقبل ہیں۔ ہم نوجوانوں کی ترقی اوران کے روزگار کے لیے کوشاں ہیں۔

ڈیفکلیریا کرکٹ ٹورنامنٹ کے موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل ڈیفکلیریا کے سیکرٹری جوھراقبال کو اعزازی شیلڈ پیش کررہے ہیں،اس موقع پررشید گوڈیل بھی موجود ہیں

اس سے قبل ڈیفکلیریا کے صدر راجا مظہر ،نائب صدر،سیکریٹری ،اسپورٹس سیکریٹری سمیت دیگر عہدیداران نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا معین خان اکیڈمی پہنچنے پر شاندار استقبال کیا اورانہیں پھول پیش کیے۔ تقریب سے ڈیفکلیریا کے رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔

آخر میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے فاتح اور رنر اپ ٹیم میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب کے آغاز میں ڈیفکلیریا کی جانب سے معزز ارکان واسپانسر کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔ اس سے قبل کھیلے گئے سیمی فائنل میں پراپرٹی ویژن اینڈ اقراءکارپوریشن نے احمد اسٹیٹ مرکز کو 8وکٹوں سے مات دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

حصہ