خواتین مارچ‎‎

جو عزت و احترام دین اسلام نے عورت کو دیا اس کی مثال کہی نہیں ملتی، اس کو وہ تمام حقوق سے نوازا گیا جو اس کو زمانہ جاہلیت میں میسر نہ تھے ہاں ہم اس بات پر بحیثیت پاکستانی شرمندہ ہیں کہ اب بھی کچھ دیہات و قبائل میں فرسودہ روایات قائم ہیں جس کا دور دور سے اسلام سے کوئی واسطہ نہیں۔

ہمارے یہاں کچھ عناصر آزادی نسواں کے نام پر بہت آگے تک جارہے ہیں ان کے نزدیک ترقی عورت کے باہر نکلنے اور مرد کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے سے ہے، مغرب کی طرز پر وہ عورت کو بازاروں، دفتروں اور کیفوں کی زینت بنانا چاہتے-

پاکستان میں بھی8 مارچ کو عورتوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اس سلسلے میں مختلف سیمینارز منعقد کیے جاتے ہیں اورشہروں میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں جن میں خواتین مختلف پوسٹرز کے ذریعے اپنے خیالات اور مطالبات کا اظہار کر رہی ہوتی ہیں جیسے ایک پوسٹر پر لکھا تھا  عورت عزت نہیں عورت انسان ہے حالانکہ اسلام نے اس کو عزت دی لیکن ہمارے یہاں کچھ مرد نعوذ باللہ خدا بنے بیٹھے ہیں، عورت کے ساتھ مار پیٹ اور برا سلوک کرتے ہیں اس کو پیروں کی جوتی سمجھتے ہیں-

ایک اور نعرہ تھا ماں ہوں، بہن ہوں، گالی نہیں ہوں یعنی معاشرے میں عورت کے احترام پر توجہ دلانے کی کوشش کی گئی، یہ حقیقت ہے کہ جب آپ اپنی ماں بہن کی عزت کریں گے تو اپنی بیوی کے ساتھ بھی آپ کا رویہ مثبت اور پیار بھرا ہوگا جس سے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے اور اس کا اثر آپ کی نسلوں تک جاتا ہے۔

کچھ پوسٹرز ایسے الفاظ پر مشتمل ہوتے ہیں جن میں اسلامی شعائر، معاشرتی اقدار، حیاو پاکدامنی، پردہ و حجاب وغیرہ پر کیچڑ اچھالنے یا ان کا تمسخر و مذاق اڑانے کی بے ہودہ کوشش ہوتی ہے- یہ پوسٹرز اور نعرے معاشرے، روایات، کلچر اور مذہب سے بلکل مطابقت نہیں رکھتے-

ایک خاص طبقہ مغرب کی طرز پر اور آزادی نسواں کی آڑ میں خواتین کو گھر سے باہر نکال کر وہ ہمارے خاندانی نظام کو توڑنا چاہتا ،اس بات کو اچھی طرح سمجھ لیں کہ انگریز بر صغیر میں سو سال حکومت کر کے ہمارے مستحکم خاندانی نظام کو توڑ نہ سکا تو یہ مادر پدر کس کھت کی مولی ہیں-

عورت کا کوئی گھر نہیں یہ جملہ کیوں عام ہوگیا ہے؟ میں تو کہتی ہوں کہ عورت کہ بنا گھر ہی نہیں ہوتا جس گھر میں عورت نہ ہو وہاں کوئی بھی نہیں جاتا۔ اسلام نے عورت کو عزت دی ہے ماں کے روپ میں وہ اسکی جنت ہے۔ بہن کے روپ میں وہ بھائی کی عزت ہے۔ بیٹی کے روپ میں جو نبی ﷺ کے ساتھ جنت میں پڑوس دلوائے گی اور بیوی کے روپ میں شوہر کی عزت ہے اسکا نصف ایمان ہے۔ عورت کے بنا مرد ادھورا ہے۔ خواتین مارچ منائیں پر عزت کے ساتھ آزادی رائے کا اظہار کریں۔