وہ دنیا کوئی اور ہے

میرے کراچی کو اس وقت جتنے مسائل در پیش ہیں اگر اتنے مسائل کسی اور ملک کے کسی شہر کو ہوتے تو شائد وہ ملک اپنے شہر کو أفت ذدہ قرار دینے میں ایک لمحہ بھی نہ لگاتا مگر سلام ہے سندھ گورنمنٹ کی ڈھٹائی کو جو کبھی بھی ہنگامی بنیادوں پر اس شہر کے لۓ کچھ بھی نہیں کرتی بلکہ ان کے نزدیک تو راوی چین ہی چین لکھتا ہے۔

اللہ کے گھر دیر ہے اندھیر نہیں اس بات کا اندازہ دو دن پہلے عامر لیاقت مرحوم کی سیٹ پر ایم کیو ایم کی شکست سے لگایا جا سکتا ہے ۔ یہ سیٹ ایم کیو ایم کے گڑھ کی کہلاتی تھی مگر ان کی شکت فاش سےاندازہ ہوتا ہے کہ عوام کو ان بکاؤ لوٹوں کی اب ضرورت نہیں۔ یہاں ایک بات یہ بھی سوچنی ہو گی اس سیٹ پر پی ٹی أئی کو بھی نہیں جیتنا چاہۓ تھا کیونکہ اگر ایم کیو ایم نے کراچی کے لئے کچھ نہیں کیا تو پی ٹی أئی نے بھی کیا کیا ؟ جب کہ ایک جماعت کراچی میں ایسی ہے جو بنا اقتدار کے کراچی کے لئے ہمیشہ آگے آگے رہی ہے۔ جہاں عوام کو اتنا شعور أگیا ہے وہاں اب وہ وقت بھی دور نہیں جب اس جماعت کے حق میں پوری کراچی کی عوام ہم آواز ہو کر اس جماعت کو لبیک کہے گی۔ کراچی کے سارے مسائل ایک طرف مگر کراچی میں ایک ایسا طبقہ بھی موجود ہے جنہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ ہم پریشانیوں سے بھرے شہر کراچی میں نہیں بلکہ کسی بہت ہی ترقی یافتہ ملک کے بے انتہا ماڈرن، فیشن ایبل اورہائی فائی سوسائٹی والے شہر میں رہ رہے ہیں۔

جی ہاں میں بات کر رہی ہوں کراچی کے شو بز ستاروں کی اور ان سے جگمگاتے ٹی وی پروگرامز کی ان کے پروگرامز، ڈرامے اور مارننگ شوز دیکھ کر تو کہیں سے نہیں لگتا کہ ہمارا شہر کسی طرح کی پریشانی سے دو چار ہے۔ ابھی حال ہی میں ایک نجی چینل سے بھارتی پروگرام کی نقل کر کے ایک شو شروع کیا گیا ہے جس میں ٹھیک ٹھاک پیسہ خرچ کیا گیا ہے ۔

کراچی کی عوام تیسرے درجے کے شہری ہوتے ہوئے جب ایسے پروگرام دیکھے گی تو سوچیئے ان کے دلوں پر کیا گزرے گی جہاں بارشوں کے بعد ہونے والی تباہی سے غریب کے گھر کا چولہا جلنا مشکل ہو رہا ہے وہاں یہ پیسے کی بے جا نمود و نمائش سےعیاشی کی ایک مثال قائم کر کے کیوں غریب عوام کا دل دکھا رہے ہیں۔ اللہ کے بندوں اللہ نے اگر تمہیں اتنا نوازا ہے تو اس پیسے کو ان بے ہودہ پروگراموں پر لگانے کے بجائے کراچی کی بہبود کے لئے ہی لگادو ۔

سندھ گورنمنٹ کے دل تو کراچی کے لئے تو درد نہیں مگر تم تو کچھ اچھا کر لو یہ بگ باس ٹائپ کا پروگرام تمہیں اچھی ریٹنگ دے گا یا نہیں مگر کراچی کے لئے اگر کوئی اچھا اقدام کرو گے تو اس عوام کے دل سے جو تمہارے لئے دعا نکلے گی اس سے تمہاری أخرت ضرور سنور جائے گی۔ اور اس مظلوم عوام کے دل سے یہ خیال بھی مٹ جائے گا کہ ہماری دنیا کوئی اور ان شو بز والوں کی دنیا کوئی اور ہے۔